عمران ملکی سیاست میں مثبت اضافہ ثابت ہونگے بلاول بھٹو

جمہوریت کے استحکام میں نواز شریف کاکرداراہم ہے،لیڈرز آف ٹومارو کانفرنس سے خطاب


اسلام آباد:پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری لیڈرز آف ٹوماروکانفرنس سے خطاب کررہے ہیں، صدر آصف زرداری اور قمرزمان کائرہ اسٹیج پربیٹھے ہیں۔ فوٹو: اے پی پی

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آئندہ انتخابات میں عمران خان کی شرکت کو سراہا ہے۔

اسلام آباد میں لیڈرز آف ٹومارو کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان ملکی سیاست میں مثبت اضافہ ثابت ہونگے،انھوں نے نواز شریف کے بارے میں کہا کہ پاکستان میں جمہوریت کے استحکام میں نواز شریف کا کردار بھی اہم ہے، انھوں نے تما م سیاسی جماعتوں سے اپیل کی کہ پاکستان سے دہشت گردی کے خاتمے کیلیے متحدہ کوششیں کریں، انھوں نے مزید کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں متفق ہوکرجناح کے پاکستان کوطالبان کے خطرے سے بچائیں۔

انھوں نے ڈرون حملوں کو عالمی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے انھیں رکنے کا مطالبہ کیا ہے۔ علاو ہ ازیں بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی قیادت کو کراچی میںآئندہ انتخابات کی تیاریوں کے لیے سیاسی سرگرمیاں فوری شروع کرنے کے لیے ہدایت جاری کردی ہیں۔پیپلز پارٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ میں پارٹی قیادت کو ہدایت کی ہے کہ کراچی میں پیپلزپارٹی کو فعال کیا جائے اور اس ضمن میں پارٹی کے کارکنوں اور عوام کے ساتھ رابطوں میں اضافہ کیا جائے۔ روزانہ کی بنیاد پرکراچی ڈویژن کے عہدیدار کیماڑی، لیاری، ملیر ، اورنگی ٹائون، بن قاسم، گڈاپ سمیت تمام علاقوں میں پارٹی کے دفاتر کا دورہ کریں۔ پارٹی کارکنوں کے مسائل ترجیحی بنیاد پر حل کیے جائیں۔

ذرائع کے مطابق پارٹی چیئرمین نے کراچی کے مختلف علاقوں میں پیپلزپارٹی کے اراکین پارلیمنٹ کے فنڈ سے ہونیوالے ترقیاتی کاموں کی تفصیلات بھی طلب کرلی ہیں اور ہدایت کی ہے کہ ان ترقیاتی کاموں پر کام کی رفتار کو تیزکیا جائے۔ پیپلز پارٹی کی قیادت کو مزید ہدایت کی کہ کراچی میں مختلف واقعات میں شہید اور زخمی ہونے والے پارٹی کارکنوں کی فہرستیں فورا ً مرتب کی جائیں اور ان کارکنوں کے خاندانوں کی کفالت کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں۔ ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی قیادت کو ہدایت کی ہے کہ لیاری ڈیولپمنٹ پیکج کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کو بھی بروقت مکمل کیا جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں