ہوسٹن میں ایکسپریس پراپرٹی ایکسپو کا شاندار افتتاح پاکستانیوں کا بے پناہ رش

ایکسپو میں پاکستان پویلین کا باضابطہ افتتاح امریکی کانگریس کے رکن ایل گرین نے کیا


ہوسٹن:کانگریس مین ایل گرین ’’دی پاکستان شو‘‘ کا افتتاح کررہے ہیں، پاکستانی قونصل جنرل افضل محمود اور سی ای او ایکسپریس میڈیا گروپ اعجاز الحق و دیگر بھی موجود ہیں ۔ فوٹو : ایکسپریس

ایکسپریس میڈیا گروپ کے زیر اہتمام امریکا کے شہر ہوسٹن میں پہلی مرتبہ منعقد ہونے والی انٹرنیشنل پراپرٹی ایکسپو میں پاکستانی پویلین کا گزشتہ روز شاندار افتتاح ہوا۔

ایکسپو میں پاکستان پویلین کا باضابطہ افتتاح امریکی کانگریس کے رکن ایل گرین نے فیتہ کاٹ کرکیا ۔پاکستانی قونصل جنرل افضل محمود نے بھی نمائش میں شرکت کی۔ چیف ایگزیکٹوآفیسر ایکسپریس میڈیاگروپ اعجازالحق نے معززمہمانوں کو نمائش میں خوش آمدیدکہا۔ نمائش میں اسٹارمارکیٹنگ،فاسٹ مارکیٹنگ ،پراپرٹی لیجنڈ،ورٹیکس انٹرنیشنل ،حیدرعلی اینڈکونے اسٹال لگائے ہیں۔ایکسپوکے افتتاحی روزایکسپو سینٹر میں لوگوں کا بے پناہ رش رہا۔صبح سے لیکر شام تک ایکسپو سینٹر میں وزیٹرزکا تانتا بندھا رہا،خاص طور پر ہوسٹن میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے ایکسپو میں زیادہ دلچسپی لیتے ہوئے بڑی تعداد میں شرکت کی اور پاکستان میں ریئل اسٹیٹ کے شعبے میں سرمایہ کاری کے حوالے سے تفصیلی معلومات حاصل کیں۔

مختلف کمپنیوںکی جانب سے لگائے گئے اسٹالز پردن بھر لوگوں کا رش دیکھنے کو ملا۔ایکسپو میں آئے ہوئے پاکستانی کمیونٹی سمیت غیر ملکی وزیٹرز نے پاکستان پویلین سجانے سے متعلق ایکسپریس میڈیا کو سراہااورکہا کہ امریکا کے دیگر شہروں میں بھی اس قسم کی پراپرٹی نمائشوں کا انعقادکیا جائے۔ ہوسٹن میں شروع ہونے والا انٹرنیشنل پراپرٹی شو 6 جون تک جاری رہے گا۔واضح رہے کہ ایکسپریس میڈیا گروپ نے اس سے قبل گزشتہ ماہ دبئی میں منعقدہ انٹرنیشنل پراپرٹی شو میں کامیابی کے ساتھ پاکستانی پویلین کا انعقادکرچکا ہے ۔ایکسپریس میڈیا گروپ ہوسٹن کے بعد اگست میں امریکی شہر ڈلاس میں بھی پراپرٹی شو میں حصہ لے گا۔ہوسٹن پراپرٹی شو میں ملک بھر سے ریئل اسٹیٹ کے شعبہ سے وابستہ بڑی پراپرٹی کمپنیوں نے اسٹال لگائے ہیں۔

پاکستان میں ریئل اسٹیٹ سے وابستہ پراپرٹی کمپنیوں نے ایکسپریس میڈیا کی جانب سے دبئی میں کامیاب پراپرٹی شوکے بعد امریکا کے 2 شہروں میں پاکستان پراپرٹی شوکے انعقادکو انتہائی اہم اقدام قرار دیتے ہوئے کہا ہے اس اقدام سے بیرون ملک پاکستانیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے اور اس ضمن میں معلومات حاصل کرنے کا بہترین موقع ملے گا۔پاکستان میں اس وقت سالانہ 2 لاکھ کے قریب افرادکو مکانات کی کمی کا سامنا ہے اور اب تک مجموعی طور پر30 سے 40 لاکھ مکانات کی کمی ہے ۔ ریئل اسٹیٹ سے وابستہ کمپنیوں کا کہنا ہے کہ ایکسپریس میڈیا گروپ کی اس کاوش سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور غیر ملکیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کیلیے بہترین موقع ملے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔