برآمدات میں کمی11ماہ میں تجارتی خسارہ 21ارب ڈالر سے تجاوز

جولائی تامئی خسارہ8 فیصد زائد،برآمدات12.4فیصدکمی سے19ارب15کروڑ ڈالر تک محدود، 2.74 فیصدگھٹ کر40ارب32کروڑکی درآمدات


Business Desk June 11, 2016
مئی میں1.83ارب کی اشیابرآمد،درآمدی بل4ارب،خسارہ2.2ارب ڈالررہا، روں مالی سال اوسط ماہانہ ایکسپورٹ 2ارب ڈالر سے گھٹ کر 1ارب 75کروڑ رہ گئی فوٹو: اے ایف پی/فائل

پاکستان کی برآمدات میں مسلسل کمی کے باعث رواں مالی سال کے ابتدائی 11ماہ میں اشیا کا تجارتی خسارہ 21ارب ڈالرسے تجاوز کرگیا۔ پاکستان بیورو شماریات (پی بی ایس) سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جولائی2015 سے مئی 2016 تک کی تجارت میں پاکستان کو21ارب 16کروڑ 60 لاکھ ڈالر کا خسارہ ہوا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 19ارب 59کروڑ90لاکھ ڈالر کے خسارے سے 8فیصدزیادہ ہے۔

مذکورہ 11ماہ میں برآمدات 12.37 فیصد کی نمایاں کمی سے 19ارب 15کروڑ 50لاکھ ڈالر تک محدود رہیں جبکہ درآمدی بل صرف 2.74 فیصد گھٹ کر40ارب 32کروڑ 10لاکھ ڈالر رہا، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں درآمدات کی مالیت 41ارب 45کروڑ 80لاکھ ڈالر اور برآمدات کی مالیت 21ارب 85کروڑ 90لاکھ ڈالر رہی تھی، رواں مالی سال اوسط ماہانہ برآمدات 1ارب 98کروڑ 72لاکھ ڈالر سے گھٹ کر کم وبیش1ارب 75کروڑ رہ گئی۔ اعدادوشمار کے مطابق مئی 2016میں پاکستانی ایکسپورٹ سال بہ سال 6فیصد کمی سے 1ارب 83کروڑ 20 لاکھ ڈالر رہی جو مئی 2015 میں 1ارب94کروڑ 90 لاکھ ڈالر رہی تھیں۔

گزشتہ ماہ درآمدات4ارب 80 لاکھ ڈالر رہیں جو مئی 2015میں 3ارب 72کروڑ 40 لاکھ ڈالر کی درآمدات سے 7.63 فیصد زیادہ ہیں جس کی وجہ سے مئی2016 کی تجارت کا خسارہ 22.59 فیصد کے اضافے سے 2ارب 17کروڑ 60لاکھ ڈالرتک پہنچ گیا جو مئی 2015 میں 1ارب 77کروڑ 50لاکھ ڈالر تھا۔ اعدادوشمار کے مطابق ماہانہ بنیادوں پر مئی میں برآمدات6.39 فیصد، درآمدات 4.21 فیصد اور تجارتی خسارہ 2.45 فیصد بڑھا، اپریل میں ایکسپورٹ 1ارب 72کروڑ 20 لاکھ ڈالر، درآمدات 3ارب 84کروڑ 60لاکھ ڈالر اور تجارتی خسارہ 2ارب12کروڑ 40لاکھ ڈالر رہا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں