ماہ رمضان میں شوبزسرگرمیاں

ایکسپریس میڈیا گروپ کی خصوصی ٹرانسمیشن ، فنکاروں کے ہاں سحروافطارکا اہتمام


ایکسپریس میڈیا گروپ کی خصوصی ٹرانسمیشن ، فنکاروں کے ہاں سحروافطارکا اہتمام ۔ فوٹو : فائل

رمضان المبارک کا مقدس مہینہ جونہی آتا ہے، دنیا بھرمیں بسنے والے مسلمان اس کا عقیدت واحترام کے ساتھ استقبال کرتے ہیں۔ سحر وافطارکے موقع پرخاص اہتمام کئے جاتے ہیں جبکہ پانچ وقت نمازکی ادائیگی، تراویح اوردیگرعبادات کا سلسلہ بھی عروج پرہوتا ہے۔ ماہ رمضان ویسے تو قمری مہینوں میں نواں مہینہ ہے اور اللہ تعالی نے اس ماہ مبارک کی اپنی طرف خاص نسبت فرمائی ہے۔ حدیث مبارک ہے کہ ' رمضان اللہ تعالی کا مہینہ ہے' جس سے پتہ چلتا ہے کہ اس مبارک مہینے سے رب ذوالجلال کا خصوصی تعلق ہے اسی وجہ سے یہ مہینہ دوسرے مہینوں سے ممتاز ہے۔ اس مہینے میں اللہ تعالی کی تجلیات اس درجہ نازل ہوتی ہیں گویا موسلا دھار بارش برس رہی ہو۔ اس کا ہر لمحہ انواروتجلیات لئے ہوتا ہے۔ اس ماہ مبارک میں اللہ تعالی کے خزانے مومنوں کے لئے کھلے ہوتے ہیں ۔



ایک حدیث میں ہے کہا کہ اللہ تعالی اس مہینے میں تم کو اپنی رحمت میں ڈھانپ لیتا ہے اور اپنی خاص رحمت نازل فرماتے ہیں، تمہاری خطائیں معاف فرما دیتے ہیں، دعائیں قبول ہوتی ہیں۔ جو شخص اس مہینے میں نفلی عباد ت کرے وہ ایسی ہے جیسے رمضان کے علاوہ فرض عبادت اور جو اس مہینے میں فرض عباد ت کرے وہ ایسی ہے کہ جیسے اس نے ستر فرض اداکئے،یہ مہینہ صبرکا مہینہ ہے اور صبر کا بدلہ جنت ہے۔ یہ مہینہ لوگوں کے ساتھ غم خواری کرنے کا ہے، اس ماہ میں مومن کا رزق بڑھ جاتا ہے،اس ماہ کی سب سے بڑی فضیلت یہ ہے کہ اس میں قرآن مجید نازل کیا گیا،اس ماہ میں جنت کے تمام دروازے کھول دیئے جاتے ہیں اورجہنم کے تمام دروازے بند کردیئے جاتے ہیں ۔ شیاطین اورسرکش جنوں کوقید کردیا جاتا ہے۔

ماہ رمضان کی مناسبت سے فنون لطیفہ سے وابستہ فنکاروں اورتکنیکاروں کی بھی مصروفیت بدل جاتی ہیں۔ باقاعدگی کے ساتھ فنکاروں کی رہائشگاہوں پر سحر و افطارکا اہتمام کیا جاتا ہے۔ خصوصی محافل کا انعقاد ہوتا ہے اوراس میں اللہ اوراس کے رسول کے فرامین کی روشنی میں رمضان کی فضیلت اوربرکت کے حوالے سے علماء کرام خطاب فرماتے ہیں۔ یہی نہیں ٹی وی چینلز پرمعمول کے پروگراموں کی بجائے رمضان کے بابرکت مہینہ کی مناسبت سے خصوصی پروگرام ترتیب دیئے جاتے ہیں۔ اس سلسلہ میں 'ایکسپریس میڈیا گروپ ' نے بھی رمضان المبارک کے حوالے سے براہ راست خصوصی ٹرانسمیشن کا اہتمام کیا ہے۔



جس میں علماء کرام کے ساتھ ساتھ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات ماہ رمضان اورروزہ کے احترام اورثواب کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہارکرتی ہیں۔ رمضان المبارک کا آغاز ہوتے ہی شوبز کا ماحول بھی یکسر تبدیل ہوجاتا ہے،کام کا شیڈول بھی بدل جاتا ہے ۔ بہت سے فنکار تو اس مہینے میں کا م ہی نہیں کرتے بلکہ پورا مہینہ عبادات میں گزارتے ہیں۔ بہت سے لوگ عمرے کی سعادت بھی حاصل کرتے ہیں جبکہ بہت سے لوگ پورا مہینہ اپنے گھروں پرا فطاری کا اہتمام کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ بہت سے فنکار مستحقین میں راشن وغیرہ بھی تقسیم کرتے ہیں۔

ویسے تورمضان میں زیادہ ترشوٹنگز اور ریکارڈنگ رات کے وقت کی جاتی ہیں۔ جبکہ تھیٹراور سینما گھروں کے اوقات بھی تبدیل کر دیئے جاتے ہیں۔ بہت سے فنکارمختلف چینلز سے وابستہ ہوجاتے ہیں جہاں سے رمضان المبارک کے خصوصی پروگرام نشر ہوتے ہیں۔ تھیٹر پر باقاعدگی سے کام کر نے والی زیادہ تر اداکارائیں ایک ماہ کے لئے شوبزسے کنارہ کشی اختیار کرلیتی ہیں تاہم ٹی وی اور فلم سے تعلق رکھنے والے فنکارروٹین کے مطابق کام کرتے رہتے ہیں۔



رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے حوالے سے ''ایکسپریس'' کی طرف سے کئے گئے سروے میں سینئراداکارمصطفی قریشی، خالد عباس ڈار، شاہدہ منی، غلام محی الدین، ہمایوں سعید، میرا، جویریہ سعود، وصی شاہ، ماہرہ خان،علی حیدر، فاخر، سہیل خان، سونیا خان، یارمحمد شمسی، اسد نذیر، سلمیٰ آغا، ثناء، ماہ نوراورسینئرصحافی واینکر آفتاب اقبال سمیت دیگرنے کہا کہ ہمیں اللہ تعالی کا شکر اداکرنا چاہیے کہ جس نے ہمیں ایک بار پھر سے یہ موقع فراہم کیا کہ ہم اس رمضان کے مہینے کی برکات سے فیض یاب ہو سکیں۔اس مہینے میں یہی کوشش کرنی چاہیے کہ مستحقین کی زیادہ سے زیادہ مدد کی جائے۔ رمضان المبارک کا مہینہ اللہ تعالی کی طرف سے سب مسلمانوں کے لئے ایک خاص تحفہ ہے تاکہ اس میں نہ صرف ہم اپنے لئے بلکہ دوسروں کے لئے بھی نیکیاں کما سکیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم عبادات کے ساتھ ساتھ دوسروں کا بھی خاصل خیال رکھیں۔

ہمیں اللہ تعالی سے دعا کرنی چاہیئے کہ وہ ہمیں اس مقدس مہینے کی برکتوں سے فیضیاب ہونے کا موقع دے تاکہ ہم بھی اس مہینے کا حق اداکرسکیں۔ اللہ تعالی تمام مسلمانوں پراپنی مزیدرحمتیں اور برکتیں نازل کرے ۔ ہم سب کو مل کر اس بابرکت مہینہ میں دعا کرنی چاہئے کہ ہمارا ملک امن کا گہوارا بن جائے، دہشت گردی، بے روزگاری کا خاتمہ ہو، مسائل میں کمی آئے اورہمارا ملک ترقی کرتے ہوئے دنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں سے ایک بن جائے۔ ہمیں پورا یقین ہے کہ اللہ پاک اس بابرکت مہینے کی بدولت ہماری دعاؤں اورنیک تمناؤں کو قبول فرمائے گا ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں