ایدھی پاکستان کی پہچان تھے فنکار بھی مسیحا کے انتقال پرسوگوار

تعریف کیلیے الفاظ ناکافی ہیں، فنکار


Agencies/Cultural Reporter July 10, 2016
تعریف کیلیے الفاظ ناکافی ہیں، فنکار۔ فوٹو: فائل

عظیم سماجی کارکن عبدالستار ایدھی کی موت نے فنکاروں کو بھی سوگوار کردیا۔ مختلف فنکاروں نے ایدھی کے انتقال پر اپنے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ معروف گلوکار علی ظفر نے اپنی تخلیقی صلاحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایدھی کو خراج عقیدت پیش کیا۔

ماہرہ خان نے ایدھی کے بلندی درجات کی دعا کی، ٹی وی اداکار حمزہ علی عباسی نے ایدھی کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اپنے دکھ کا اظہار کیا، اداکار ہمایوں سعید نے اپنی کیفیات کا اظہار کرتے ہوئے الفاط کو ان کی بڑائی کے لیے ناکافی قرار دیا، معروف گلوکار عدنان سمیع نے ٹوئٹر پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ایدھی کو صوفی فقیر قرار دیا۔ اداکارہ عمیمہ ملک نے ایدھی کی آنکھیں عطیہ کرنے کی خواہش کو ان کی عظمت کی نشانی قرار دیا۔

گلوکارہ شاہدہ منی کا کہنا تھا کہ درویش صفت شخصیت تھے ۔مصنف وہدایتکار ناصر ادیب نے کہا کہ عبدالستار ایدھی ایک تحریک کا نام ہے ۔اداکار غلام محی الدین نے کہا کہ پاکستان کے لیے ایک اثاثہ تھے ۔ اداکار مصطفی قریشی نے کہا کہ ملک آج ایک سماجی شخصیت سے محروم ہوگیا ۔ اداکار ندیم بیگ نے کہا کہ عبدالستار ایدھی نے خدمت کی نئی تاریخ رقم کی۔ اداکارہ نیلم منیر نے کہا کہ عبدالستار ایدھی کا خلا پر نہیں ہوسکتا ۔ ہدایتکارہ سنگیتا نے کہا کہ آج پاکستان ایک عظیم سرمائے سے محروم ہوگیا، مصنف وہدایتکار پرویز کلیم نے کہا کہ دنیا ایدھی صاحب جیسا ایک شخص بھی موجود نہیں ہے۔

افتخار ٹھاکر، سلیم شیخ ، میگھا ، سائرہ نسیم سمیت دیگر فنکاروں نے بہت بڑا نقصان قرار دیتے ہوئے مرحوم کے لیے دعا مغفرت کی۔ ادکار جاوید شیخ نے کہا کہ ہمیں اب ان کی دی ہوئی تعلیمات کو اپنا شعار بنانا ہوگا ، ادکار عمر شریف نے کہا کہ وہ شجر سایہ دار تھے ،اسلم شیخ نے کہا ہم ایک محبت کرنے والے باپ سے محروم ہوگئے۔ِ

اداکارہ سلومی نے کہ ایدھی صاحب سب سے پیار کرتے تھے ، گلوکار ارشد محمود نے کہا عبد الستارایدھی کے کارناموںکو ہم مشعل راہ بنا لیں تو بہت کچھ حاصل کرسکتے ہیں ،اداکار شکیل صدیقی نے کہا ایدھی سے بڑی شخصیت بر صغیر میں نہ تو پیدا ہوئی ہے اور نہ ہوگی ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں