وراسٹائل کامیڈین البیلا کی آج 12ویں برسی

حاجی البیلا نے بھریا میلہ، اچاناں پیار دا، بدنام ، عشق نچاوے گلی گلی، باؤ جی سمیت 300سے زیادہ فلموں میں کام کیا


Cultural Reporter July 17, 2016
حاجی البیلا نے بھریا میلہ، اچاناں پیار دا، بدنام ، عشق نچاوے گلی گلی، باؤ جی سمیت 300سے زیادہ فلموں میں کام کیا فوٹو: فائل

فلم، ٹی وی اور تھیٹر کے وراسٹائل اداکار البیلا کی12ویں برسی آج منائی جائے گی۔ اختر حسین عرف البیلا نے اپنے کیرئیر کا آغاز 50ء کی دہائی میں لاہور سے کیا۔

البیلا نے آغاز میں ثانوی نوعیت کے کردار ادا کرکے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا اور پھر وہ کریکٹر ایکٹر ہونے کے بعد ہیرو بھی بنے۔ البیلا پنجاب کے روایتی مزاحیہ تھیٹر کے بانیوں میں سے تھے۔ انھوں نے لاہور سمیت پنجاب ، پاکستان کے مختلف شہروں کے علاوہ دنیا کے متعدد ممالک میں پرفارم کیا ۔ اداکار ہونے کے ساتھ ساتھ آپ نے ایک طویل عرصہ تک کمپیئرنگ کرکے بھی ے منفرد انداز سے پرستاروں کو محفوظ کیا۔ البیلا ملکہ ترنم نورجہاں کے من پسند کمپیئر تھے۔

البیلا نے اپنے ہونہار جونیئر امان اللہ کے ساتھ مل کر تھیٹر کو اتنا مقبول کردیا کہ یہ باقاعدہ ایک انڈسٹری کی صورت اختیار کر گئی ۔ حاجی البیلا کا مخصوص اندازِ تکلم اور مکالموں کی اچھوتی ادائیگی کے ذریعے مزاح تخلیق کرنے کا وصف کسی اور کے حصے میں نہیں آیا۔مرحوم نے اپنے کیرئیر میں کئی مدو جذر دیکھے لیکن وہ کبھی مایوس نہیں ہوئے ۔ انھوں نے اللہ سے کچھ یوں لو لگا لی کہ وطن کو چھوڑکر دیارِ حبیب میں جا قیام کیا اور کئی سال روضہ رسولؐ اور خانہ کعبہ کے نزدیک رہے ، وہ آ خری دور میں مذہب اسلام کے مبلغ کی حیثیت اختیار کر گئے تھے۔

حاجی البیلا نے بھریا میلہ، اچاناں پیار دا، بدنام ، عشق نچاوے گلی گلی، باؤ جی سمیت 300سے زیادہ فلموں میں کام کیا ،تھیٹر کے عروج کے دور میں وہ کامیاب اسٹیج اداکار کہلائے اور امان اللہ کے ساتھ ان کی جوڑی بے حد مقبول رہی،انھوں نے کئی ٹی وی ڈراموں میں بھی کام کیا۔ ان کا بیٹا ہنی البیلا اپنے والد کے فن کو آگے لے کر چل رہے ہیں اور ایکسپریس میڈیا گروپ کے مقبول پروگرام '' خبردار'' کا حصہ ہیں۔ اس لیجنڈ فنکار کا انتقال 17 جولائی 2004ء کو 63برس کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے سے ہوا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں