ایک ہاتھی جو ڈولتا ہی نہیں ’’بولتا‘‘ بھی ہے
کوریا کے چڑیا گھر میں بند ہاتھی اپنی سونڈ کی مدد سے ’’اہل زبان‘‘ ہوگیا
ہاتھی کی سونڈ اس کی خوراک کے حصول کا اہم ذریعہ ہے۔
قدرت کی صناعی سے بھرپور ہاتھی کی سونڈ انتہائی لچک دار اور حساس ہوتی ہے، جس کی مدد سے وہ نہ صرف مختلف بھاری بھرکم اشیاء اٹھاسکتا ہے بل کہ گھاس پتے وغیرہ جمع کر کے کھاتا ہے، لیکن جناب! جنوبی کوریا کے دارلحکومت سیول سے 29 میل کی دوری پر واقع Yongin شہر کے چڑیا گھر میں ایک ایسا نر ایشیائی ہاتھی ہے جو کورین زبان کے پانچ الفاظ سونڈ کی حرکت سے ادا کرتا ہے۔
ساڑھے پانچ ٹن وزنی بائیس سالہ یہ ہاتھی جس کا نام Koshikہے، اپنے ٹرینر کی ہدایت ملتے ہی کورین زبان میں Annyeong (ہیلو)،Anja (بیٹھو)، Aniya (لیٹو) اور Joa (اچھا) کے لفظ ادا کرنے پر قادر ہے۔ Everland چڑیا گھر میں موجود ''کوشک ہاتھی'' کے ٹرینرKim Jong-Gap کے مطابق وہ لفظوں کی ادائیگی کے لیے اپنی سونڈ کو منہ میں لے جا کر مخصوص انداز میں حرکت دیتا ہے اور سننے والے کو حیرت زدہ کردیتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ ابھی واضح نہیں ہے کہ کوشک ان لفظوں کے معنی سمجھتا ہے یا نہیں، تاہم، وہ پہلا چوپایا ہے جو انسانی زبان کے لفظ ادا کررہا ہے۔ واضح رہے کہ کوشک کے لفظوں کی ادائیگی اور تلفظ کورین زبان سے67 فی صد تک مماثل ہے۔