16ویں سندھ گیمز کا آغاز ابتدائی دن 17گولڈ میڈلز کراچی کے نام

انعقاد کا مقصد مختلف طبقوں کے لوگوں کے درمیان ہم آہنگی کو مضبوط کرناہے، ڈاکٹر محمد علی شاہ کا افتتاحی تقریب سے خطاب


Furqan Rajput/Altaf Koti December 03, 2012
16ویں سندھ گیمز کی افتتاحی تقریب میں حیدرآباد کی کھلاڑی مشعل روشن کرنے کے لیے جا رہی ہیں. فوٹو : شاہدعلی/ایکسپریس

محکمہ کھیل حکومت سندھ اور سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے تحت 16ویں سندھ گیمز حیدرآباد کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب نیاز اسٹیڈیم میں منعقد ہوئی، جس میں وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی ڈاکٹر محمد علی شاہ نے اعلان کر کے سندھ گیمز کا باقاعدہ افتتاح کیا۔

اس موقع پر افتتاحی تقریب میں صوبائی وزیر زبیر احمد خان، اولمپیئن اصلاح الدین، اراکین رکن قومی اسمبلی طیب حسین اور صلاح الدین، رکن سندھ اسمبلی سید وسیم حسین، ایڈمنسٹریٹر حیدرآباد برکات رضوی و دیگر بھی موجود تھے ،سندھ گیمز میں شریک پانچوں ریجن کے مرد و خواتین کھلاڑیوں اور ٹیکنیکل آفیشل نے مارچ پاسٹ کیا اور سلامی دی۔ میزبان ریجن حیدرآبادکے سینیئر و سابق ایتھلیٹ عبدالرزاق آرائیں نے16ویں سندھ گیمز کے مشعل روشن کی، جوکہ گیمز کی اختتام تک جلتی رہے گی جب کہ حیدرآباد ریجن کے کھلاڑی عبدالکریم لاشاری نے سندھ گیمز میں شریک تمام ریجنزکے کھلاڑیوںکی جانب سے حلف لیا۔

افتتاحی تقریب میں مختلف سرکاری و نجی اسکولوںکے طلبہ و طالبات نے مختلف موضوعات پر ٹیبلوز بھی پیش کیے جس شرکا نے سراہا۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد علی شاہ نے کہا کہ گیمز کے انعقاد کا مقصد مختلف طبقوں کے لوگوں کے درمیان ہم آہنگی کو مضبوط کرنا ہے کیونکہ کھیل پیار محبت اور برداشت پید ا کر نے کا بہترین ذریعہ ہے، سندھ گیمزکے پہلے روز کراچی کے کھلاڑی چھائے رہے اور انھوں نے واضع برتری ثابت کی اب تک ہونے والے مقابلوں میں کراچی 17گولڈ میڈل کے ساتھ پہلے، لاڑکانہ 3گولڈ میڈل کے ساتھ دوسرے اور حیدرآباد 2 گولڈ میڈل کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

جبکہ سکھر اور میرپور خاص کے کھلاڑی پہلے روز کوئی گولڈ میڈل حاصل نہیں کرسکے۔16ویں سندھ گیمز میں ایتھلیٹکس ایونٹ میں مردوں کی چارضرب چار سو میٹر ریلے ریس میں حیدرآباد نے گولڈ، کراچی نے سلور اور لاڑکانہ نے برانز میڈل حاصل کیا۔ خواتین کی چار ضرب چار سو میٹر ریس میں کراچی نے گولڈ، حیدرآباد نے سلور اور میرپور خاص نے برانز میڈل حاصل کیا، شاٹ پٹ کے خواتین ایونٹ میں حیدرآباد کی حنا رفیق نے گولڈ اور ثنا رفیق نے سلور جبکہ کراچی کی نوشین ناز نے برانز میڈل حاصل کیا، شاٹ پٹ مقابلوں میں لاڑکانہ کے طاہر حسین نے بارہ اعشاریہ پچپن میٹرگولا پھینک کر سونے، حیدرآباد کے سنی جارج نے چاندی جبکہ حیدرآباد کے شفیع اللہ نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔

مردوں کی پانچ ہزار میٹر ریس میں کراچی کے سلوسٹو ڈین نے سونے، حیدرآباد کے شعیب احمد نے چاندی اورکراچی کے ذیشان خان نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا، جوجٹسو کے مقابلوں میں بھی کراچی نے میدان مارا اور چاروں گولڈ میڈل حاصل کیے، پچاس کلو سے کم مقابلے میں کراچی کے محمد رافع نے گولڈ، سکھر کے عبداللہ نے سلور جبکہ لاڑکانہ کے عمران علی اور حیدرآباد کے فیاض علی برانز میڈل کے حقدار قرار پائے، پچپن کلو سے کم مقابلے میں کراچی کے امیر حُذیفہ نے گولڈ، حیدرآباد کے محمد افضل نے سلور، لاڑکانہ کے حماد الرحمن اور سکھر کے زمان احمد نے برانز میڈل حاصل کیا، باسٹھ کلو سے کم مقابلے میں کراچی کے شہر یار خان نے گولڈ، لاڑکانہ کے عبدالقدیر نے سلور، حیدرآباد کے محمد عدنان اور سکھر کے عاقب علی نے برانز میڈل حاصل کیا۔

انسٹھ کلو سے کم مقابلے میں کراچی کے جنید اقبال نے گولڈ، لاڑکانہ کے ساجد علی نے سلور، سکھر کے ارسلان مغل اور حیدآباد کے زوہیب عالم نے برانز میڈل حاصل کیا جب کہ اسکواش میں مردوں کے ٹیم ایونٹ فائنل میں کراچی نے حیدرآباد کو دو صفر سے شکست دے کر گولڈ میڈل حاصل کیا حیدرآباد نے سلور میڈل حاصل کیا۔پبلک اسکول میں خواتین والی بال کے مقابلے میں حیدرآباد ریجن نے میرپور خاص ریجن کو تین صفر سے شکست دیکر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔بورڈ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے خواتین باسکٹ بالز ایونٹ میں حیدرآباد نے میرپورخاص کو شکست دیکر فائنل میں جگہ بنالی ہے۔

سوئمنگ کے مقابلوں میں کراچی کے سوئمرز نے میدان مارا،پچاس میٹرفری اسٹائل میں کراچی کے سعد امین نے گولڈ، لاڑکانہ کے غلام رسول نے سلور اور سکھر کے فرمان نے برانز میڈل حاصل کیا، پچاس میٹر بیک اسٹروک میں لاڑکانہ کے محب علی نے گولڈ،کراچی کے سعد امین نے سلور اور حیدرآباد کے معاذ انصاری نے برانز میڈل حاصل کیا،پچاس میٹر بریسٹ اسٹروک میں کراچی کے سعد امین نے گولڈ،میرپور خاص کے وجاہت نے سلور، اور سکھر کے عبدالحاکم نے برانز میڈل حاصل کیا،پچاس میٹر بٹر فلائی میں کراچی کے سعد امین نے گولڈ،سکھر کے محمد سلیم نے سلور اور میرپور خاص کے وجاہت نے برانز میڈل حاصل کیا،سو میٹر فری اسٹائل میں کراچی کے سعد امین نے گولڈ،حیدرآباد کے محمد علی ملاح نے سلور اور سکھر کے انیس جتوئی نے برانز میڈل حاصل کیا۔

سو میٹر بیک اسٹروک میں لاڑکانہ کے محب علی نے گولڈ، حیدرآباد کے معاذ انصاری نے سلور اور سکھر کے عبدالفاروق نے برانز میڈل حاصل کیا،سو میٹر بریسٹ اسٹروک میں کراچی کے شاہد حسین نے گولڈ،میرپور خاص کے وجاہت نے سلور اور لاڑکانہ کے زاہد علی نے برانز میڈل حاصل کیا،سو میٹر بٹر فلائی میں کراچی کے مصطفیٰ نے گولڈ،لاڑکانہ کے اعجاز علی نے سلور اور حیدرآباد کے خرم احمد نے برانز میڈل حاصل کیا،دو سو میٹر کراچی کے سعد امین نے گولڈ اور لاڑکانہ کے اظہار علی نے سلور میڈل حاصل کیا،چار ضرب پچاس میٹر فری اسٹائل ریلے میں کراچی نے گولڈ،حیدرآباد نے سلور اور سکھر نے برانز میڈل حاصل کیا۔

چار سو ضرب میٹر میڈلے ریلے میں کراچی نے گولڈ حیدرآباد نے سلور اور سکھر نے برانز میڈل حاصل کیا، دو سو میٹر انفرادی میڈلے میں کراچی کے عباس علی نے گولڈ،حیدرآباد کے معاذ انصاری نے سلور اور لاڑکانہ کے اعجاز نے برانز میڈل حاصل کیا،مردوں کے سپک ٹاکرا مقابلے میں کراچی نے حیدرآباد کو خواتین کے سپک ٹاکرا مقابلے میں حیدرآبا دنے کراچی کو شکست دی۔

فٹبال کے مقابلوں میں لاڑکانہ نے میرپور خاص کو تین کے مقابلے چار گول سے شکست دی ،مردوں کے ٹینس مقابلے میں سکھر نے لاڑکانہ کو دو صفر سے اور خواتین کے ٹینس مقابلے میں حیدرآباد نے میرپور خاص کو تین ،صفر سے شکست دی،کبڈی کے مقابلے میں حیدرآباد نے کراچی کو،لاڑکانہ نے میرپور خاص کو زیر کیا، مردوں کے بیڈمنٹن مقابلے میں کراچی نے حیدآباد کو دو ،صفر اور سکھر نے لاڑکانہ کو دو صفر سے قابو کیا،خواتین بیڈمنٹن مقابلے میں میرپور خاص نے لاڑکانہ کو شکست دی ،بیس بال کے مقابلے میں حیدرآباد نے میرپور خاص کو ہرایا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں