زرعی بینک نے سب سے زیادہ قرضے پنجاب میں دیے

زیڈٹی بی ایل کو مالی سال 2015-16میں 102 ارب روپے کے زرعی قرضوں کی فراہمی کاہدف دیا گیا تھا


Numainda Khususi August 14, 2016
زیڈٹی بی ایل کو مالی سال 2015-16میں 102 ارب روپے کے زرعی قرضوں کی فراہمی کاہدف دیا گیا تھا فوٹو: فائل

زرعی ترقیاتی بینک (زیڈ ٹی بی ایل) نے 2015-16 میں 90 ارب 97 کروڑ 66 لاکھ روپے کے زرعی قرضے دیے، سب سے زیادہ زرعی قرضے پنجاب میں 74 ارب 29 کروڑ 76 لاکھ روپے کے دیے گئے، بلوچستان کے مقابلے میں گلگت اور آزاد کشمیر میں زیادہ زرعی قرضے تقسیم کیے گئے۔

''ایکسپریس'' کو دستیاب دستاویزکے مطابق زرعی ترقیاتی بینک کی جانب سے مالی سال 2015-16کے دوران 90ارب 97کروڑ 66 لاکھ روپے کے زرعی قرضے تقسیم کیے گئے ہیں، زیڈ ٹی بی ایل نے صوبہ پنجاب میں 74 ارب 29 کروڑ 76 لاکھ روپے، سندھ میں 12ارب 19 کروڑ 72 لاکھ روپے، خیبرپختونخوا میں 3ارب 62 کروڑ 43 لاکھ روپے، بلوچستان میں 24 کروڑ 89 لاکھ، گلگت میں 31 کروڑ 26 لاکھ، آزاد جموں وکشمیر میں 29کروڑ 60لاکھ روپے کے قرضے تقسیم کیے۔

واضح رہے کہ زیڈٹی بی ایل کو مالی سال 2015-16میں 102 ارب روپے کے زرعی قرضوں کی فراہمی کاہدف دیا گیا تھا تاہم بینک ہدف کا 89.2فیصد حاصل کرسکا جبکہ گزشتہ مالی سال کے لیے زرعی شعبے کو مجموعی طور پر 600ارب روپے کے قرضوں کی فراہمی کاہدف دیا گیا تاہم بینکوں نے 598.3 ارب روپے کے قرضے فراہم کیے جو مالی سال 2014-15 میں فراہم کردہ 515.9 ارب روپے کے زرعی قرضوں سے16 فیصد زیادہ ہیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں