مولانا اسماعیل کا قتل شہر کا امن تباہ کرنیکی سازش ہے الطاف حسین

حکومت سے قتل میں ملوث دہشت گردوں کی فوری گرفتاری اور قرار واقعی سزا کا مطالبہ


Express Desk December 04, 2012
حکومت سے قتل میں ملوث دہشت گردوں کی فوری گرفتاری اور قرار واقعی سزا کا مطالبہ.فوٹو: فائل

متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے ابوالحسن اصفہانی روڈ پر مسلح دہشت گردوں کی فائرنگ سے مدرسہ احسن العلوم کے مہتمم مولانا محمد اسماعیل کے بہیمانہ قتل کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور سفاکانہ قتل کی اس واردات کو شہر کا امن تباہ کرنے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو سبوتاژ کرنے کی گھنائونی سازشوں کا حصہ قراردیا ہے۔

ایک بیان میں انہوں نے مولانا اسماعیل کے بہیمانہ قتل پر مدرسے کے مفتی زرولی سمیت مقتول کے تمام سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا اور انہیں صبر کی تلقین کی۔ انھوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مقتول کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگواران کو صبر جمیل عطا کرے۔ الطاف حسین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مسلح دہشت گردوں کی فائرنگ سے مولانا اسماعیل کے بہیمانہ قتل کا سنجیدگی سے نوٹس لیا جائے اور اس میں ملوث دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے۔

7

علاوہ ازیں الطاف حسین نے کہا ہے کہ بعض عناصر نہیں چاہتے کہ کراچی میں امن قائم ہو اسی لیے یہ عناصر فرقہ وارانہ قتل اور شرپسندی کی کارروائیاں کررہے ہیں۔ پاکستان علما کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر اشرفی نے فون پر گفتگو کرتے ہوئے الطاف حسین نے حافظ طاہر اشرفی سے کراچی میں جامعہ احسن العلوم کے مہتمم مولانا محمد اسماعیل کے قتل کے واقعے پر دلی تعزیت کی۔ انھوں نے کہا کہ امن و استحکام اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے لیے ایم کیو ایم مسلسل کوششیں کررہی ہے۔

تاہم اس سلسلے میں کوششیں کرنا تمام ہی سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنمائوں، کارکنوں اور تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام کا بھی فرض ہے۔ الطاف حسین نے کہا کہ ایم کیو ایم کے زیراہتمام کراچی میں قیام امن، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے ایک کل جماعتی کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا۔ جس میں تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنمائوں، تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام، مشائع اور ذاکرین کو مدعو کیا جائے گا تاکہ تمام لوگ امن اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے لیے مشترکہ طور پر آواز اٹھائیں، فرقہ وارانہ کشیدگی پھیلانے والے عناصر ناکام ہوں، شہر میں امن ہو اور تمام ہی فقہوں اور مسلکوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی جانیں محفوظ ہوں۔ حافظ طاہر اشرفی نے فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے لیے ایم کیو ایم کی کوششوں کو سراہا ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں