گلوکار علی عظمت اور عمیر جسوال کے درمیان میوزک کی جنگ چھڑے گی

دونوں گلوکاروں کے درمیان ساؤنڈ کلیش 27 اگست کو ایکسپو سینٹر میں ہوگا۔


نمرہ ملک August 21, 2016
دونوں گلوکاروں کے درمیان ساؤنڈ کلیش 27 اگست کو ایکسپو سینٹر میں ہوگا۔ فوٹو؛ فائل

KHANPUR: پاکستانی میوزک کی تاریخ میں پہلی بار گلوکار علی عظمت اور عمیر جسوال ساﺅنڈ کلیش کریں گے جس کا انعقاد 27 اگست کو ایکسپو سینٹر میں ہوگا۔

میوزک کے اس مقابلے میں دونوں گلوکار لائیو میوزک کلیش یعنی موسیقی کی جنگ لڑیں گے جس کو لوگ ابھی سے کلیش آف جنریشن کا خطاب دے رہے ہیں جب کہ اس دوران دونوں گلوکار اپنے پرستاروں کو موسیقی سے محظوظ کریں گے۔

یہ کلیش، موسیقی مکالموں کا ایک سلسلہ ہے جس میں ایک اسٹیج پر علی عظمت اور دوسرے پر عمیر جسوال اپنی آوازوں سے لوگوں کو قائل کریں گے۔

اس کلیش کا سلسلہ سوشل میڈیا پر دونوں گلوکاروں کے مابین ویڈیو جنگ کے بعد سامنے آیا، "جنون" گروپ سے شہرت حاصل کرنے والے گلوکار علی عظمت کی ایک مختصر ویڈیو انٹرنیٹ پر "لیک" ہوگئی اس ویڈیو میں علی سینئر اپنے ساتھی سے "چیخیں مارنے والے گلوکار" سے متعلق گفتگو کر رہے تھے۔ عمیر نے ایک جوابی ویڈیو پیغام میں کہا کہ علی کی اپنی رائے مختلف ہوسکتی ہے لیکن وہ عوام کو اپنی طرز کا میوزک سننے پر زبردستی مجبور نہیں کرسکتے۔

کلیش 4 راﺅنڈز پر مشتمل ہوگا پہلے راﺅنڈ میں "ڈی جے کٹ" کو دونوں بینڈز اپنے اسٹائل میں پرفارم کریں گے۔ دوسرے راﺅنڈ میں ایک بینڈ اپنے مشہور گیت پرفارم کرے گا جس کے درمیان میں دوسرا بینڈ ان گیتوں کو اپنے اسٹائل میں پیش کرے گا۔ تیسر راﺅنڈ میں بینڈز کو اپنے گیتوں کو 3 مختلف اسٹائل میں پرفارم کرنا ہوگا جب کہ آخری راﺅنڈ وائلڈ کارڈ ہوگا جس کے بعد فاتح کا انتخاب کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ موسیقی کے کلیش دنیا کے مختلف ممالک مصر، جاردن، جرمنی، لبنان ودیگر میں ہوچکے ہیں لیکن پہلی بار پاکستان لوگ اس طرح کے موسیقی مکالمہ سے روشناس ہونے جارہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں