اسرائیلی میزائل شکن نظام کو فلسطینی راکٹوں نے بے بس کر دیا

مجاہدین نے آئرن ڈوم سے بچاؤکیلیے جدیدتکنیک استعمال کی،ذرائع،اسرائیلی ایجنٹوںکیلیے توبہ کاآخری موقع ہے، وزارت داخلہ ۔


Sana News December 05, 2012
صیہونی اشتعال انگیزیاںجاری،ایک فلسطینی شہید، صحافیوں پر 68حملوںمیں3شہید،محکمہ سیاحت کو4لاکھ ڈالرکا نقصان. فوٹو: رائٹرز

غزہ میں ملٹری ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ نومبرکے وسط میں غزہ کی پٹی پرصیہونی جارحیت کے جواب میں داغے گئے مجاہدین کے راکٹوں کو اسرائیل کے میزائل شکن سسٹم آئرن ڈوم سے بچانے کی موثر تدبیر استعمال کی گئی تھی۔

یہی وجہ ہے کہ مزاحمت کاروں کے بیشتر راکٹ اپنے ہدف تک پہنچ کر پھٹے۔ذرائع نے اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پرقدس پریس کوبتایاکہ2008اوراس سال کی جنگ کے درمیان واضح فرق یہ ہے کہ حالیہ جنگ میں فلسطینی مزاحمت کاروں نے راکٹ حملوں کی جدیدترین تکنیک استعمال کی جو ماضی میں نہیں کی گئی۔

خود قابض فوج نے بھی تسلیم کیاکہ فلسطینیوں کے داغے گئے راکٹوں کی بڑی تعدادآئرن ڈوم سسٹم سے بچ کراپنے اہداف کونشانہ بنانے میں کامیاب رہی۔دوسری جانب ایک انکشاف کے مطابق اسرائیلی حکام نے قبلۂ اول کی جنوبی سولومن کالونی کے داخلی راستے پر کھدائیاں شروع کردی ہیں۔

1

سولومن کالونی کے رہائشیوں کوکالونی کامرکزی راستہ بندہونے کے باعث سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ وزیر اوقاف نے زور دے کر کہا کہ اسرائیلی حکومت القدس کو یہودی رنگ میں رنگنے کے اپنے منصوبے تیزی سے آگے بڑھارہی ہے۔انھوں نے اسرائیل کی جانب سے القدس میں3ہزار رہائشی یونٹس تعمیر کرنیکے اعلان کی بھی شدید مذمت کی۔

ادھرفلسطینی وزارت داخلہ کے ترجمان فتحی حماد نے کہا کہ صہیونی ریاست کو فلسطین کے بارے میں خفیہ معلومات فراہم کرنے والوں کو موقع دیا جارہا ہے کہ وہ خود ہی اپنے جرم کا اقرار کر لیںتو انھیں عام معافی دیدی جائیگی۔ فتحی حماد نے کہا کہ ہم اسرائیل کے لیے کام کرنے والوں کیلیے ایک بار پھر توبہ کا دروازہ کھولتے ہیں، انھوں نے کہا کہ مزاحمت کاروں نے اس جنگ کے دوران اسرائیل کیلیے جاسوسی کرنیوالے8افراد کوٹھکانے لگایا۔

دریں اثنامغربی کنارے کے شہر نابلس کے ٹاؤن دیر میں ایک فلسطینی کی گاڑی اسرائیلی فوجی جیپ سے جا ٹکرائی جس سے فوجی جیپ سڑک سے اتر گئی۔کارسواروں نے گاڑی سے اتر کر فوجیوں کو جیپ سے نکلنے میںمدددی،تاہم صیہونی اہلکاروں نے جیپ سے نکل کرخودکوبچانے والے فلسطینیوں پر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی جس سے کار ڈرائیور شہید ہوگیا۔واقعے کے بعداسرائیلی فوج نے سارے علاقے کو بند کردیا اورایمبولینس کو بھی کافی دیر تک جائے وقوع تک پہنچ کرلاش اٹھانیکی اجازت نہیں دی۔

2

مصدقہ اطلاعات کے مطابق حالیہ8روزہ صیہونی جارحیت کے نتیجے میں محکمۂ سیاحت کو4لاکھ ڈالر کا نقصان پہنچا۔اسرائیلی جارحیتوں سے متعلق ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق اسرائیلی سیکیورٹی فورسز نے گزشتہ ماہ فلسطینی صحافیوں پر حملوں میں اضافہ کردیا۔ نومبر کے دوران غزہ میں صحافیوں اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے خلاف68حملے کرکے آزادی اظہار رائے کاگلا گھونٹنے کی کوشش کی۔نومبرکے دوران پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے دفاتر پر خوفناک بمباری کی گئی تھی۔

جس میں3صحافیوں نے جام شہادت نوش کیا اوردرجنوں صحافی شدید زخمی ہوئے۔رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے جان بوجھ کر براہ راست ٹی وی چینلز کو نشانہ بنایا جس کا مقصد اس جنگ کے دوران اسرائیلی مظالم کو دنیا کے سامنے آنے سے روکنا تھا۔ یادرہے کہ8روزہ بمباری میں177فلسطینی شہید جبکہ1300کے لگ بھگ زخمی ہوگئے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں