کرکٹ ٹریک میں دھوم مچاتی دلشان ایکسپریس آخری اسٹیشن پر پہنچ گئی

آسٹریلیاکیخلاف ون ڈے اورٹی20 کے بعد کھیل کوخیرباد کہہ دیں گے، سری لنکن ٹیم شایان شان انداز میں الوداع کہے گی


AFP August 26, 2016
آسٹریلیاکیخلاف ون ڈے اورٹی20 کے بعد کھیل کوخیرباد کہہ دیں گے، سری لنکن ٹیم شایان شان انداز میں الوداع کہے گی۔ فوٹو: فائل

کرکٹ ٹریک میں دھوم مچاتی دلشان ایکسپریس آخری اسٹیشن پر پہنچ گئی، آسٹریلیا کیخلاف تیسرا ایک روزہ میچ سری لنکا کے اسٹائلش بیٹسمین کاآخری مقابلہ ہوگا، کینگروز سے ہی دو ٹی 20 کھیل کر انٹرنیشنل کرکٹ کو ہمیشہ کیلیے خیرباد کہہ دینگے۔

تفصیلات کے مطابق سری لنکن اوپننگ بیٹسمین تلکارتنے دلشان آسٹریلیا سے دمبولا میں شیڈول تیسرے ون ڈے کے بعد اس طرز سے ریٹائر ہوجائینگے، سری لنکا کرکٹ کا کہنا ہے کہ 28 اگست کو شیڈول اس میچ میں اپنے بہترین بیٹسمین کو شایان شان انداز میں الوداع کہا جائیگا۔

بورڈ کے صدر سماتھی پالانے کہاکہ دلشان نے اپنی سرزمین کیلیے کھیل کے میدان میں گراں قدر خدمات انجام دیں، اوپنر نے کہاکہ میں نے اتوار کو دمبولا میں شیڈول تیسرے میچ کے بعد ون ڈے سے ریٹائر ہونے کا فیصلہ کیا ہے،آسٹریلیا سے ہی دو ٹوئنٹی 20 میچز کھیلنے کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ سے مکمل طور پر ریٹائرمنٹ لے لوں گا۔ 39 سالہ دلشان نے اپنی جارح مزاج بیٹنگ سے خوب نام کمایا، خاص طور پر ان کا ''دل اسکوپ'' کافی مشہور ہوا.

دلشان نے اکتوبر 2013 میں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لی تھی، اس طرز میں انھوں نے 87 میچز میں5492 رنز اسکور کرنے کیساتھ 39 کھلاڑیوں کو بھی آئوٹ کیا۔ آسٹریلیا سے تیسرا میچ ان کا 330 ون ڈے انٹرنیشنل ہوگا، وہ اب تک 50 اوورز کے فارمیٹ میں 10 ہزار 248 رنز اسکور کرچکے ہیں، جس میں 22 سنچریاں بھی شامل ہیں، اس کیساتھ انھوں نے 106 ون ڈے وکٹیں بھی لی ہیں۔ دلشان نے 78 ٹوئنٹی 20 انٹرنیشنل میں 1884 رنز اسکور کیے، رواں برس بھارت میں کھیلے جانے والے ورلڈ ٹوئنٹی 20 میں وہ اپنے ملک کے ٹاپ اسکور تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں