قیوم اسٹیڈیم پشاورمیں انوکی ریسلنگ فیسٹیول کا اختتام

امن کا پیغام لے کر پاکستان آیا، دورے کی یادیں ہمیشہ دل میں رہیں گی، جاپانی ریسلر


پشاور:ریسلنگ فار پیس فیسٹیول میں جاپان کے انوکی اور ساتھی مداحوںکی جانب دیکھ کر ہاتھ ہلا رہے ہیں۔ فوٹو : پی پی آئی

پشاور کے قیوم اسٹیڈیم میں انوکی ریسلنگ فیسٹیول کے مقابلے اختتام پزیر ہوگئے، ان میں ماضی کے عالمی شہرت یافتہ ریسلر محمد حسین انوکی کے ہمراہ جاپان سے آئے ہوئے 10ریسلرز کے مابین فائٹس کروائی گئیں۔

پہلے مقابلے میں کیندو کاشیہ نے جوکیرہ کو ہرایا۔ تاتاکونو نے نوبویوکی کو مات دی، شینچی نے یوسوکی کاوگچی کو زیر کیا۔ سوزوکی نے اتسوشی سواڈو کو شکست دی، فوجیتا کازیوکی نے سوگان اکوموٹو پر غلبہ پایا۔ ریسلنگ مقابلوں کا مقصد پوری دنیا میں پاکستان کی جانب سے امن کا پیغام پہنچانا تھا۔ ماضی کے عالمی شہرت یافتہ ریسلر محمد حسین انوکی نے کروڑوں روپے مالیت کا ریسلنگ رنگ بھی صوبائی حکومت کے حوالے کردیا تاکہ صوبے میں ریسلنگ کو فروغ مل سکے۔ دریں اثنا صوبائی وزیراطلاعات ونشریات میاں افتخار حسین نے عالمی شہرت یافتہ ریسلر محمد حسین انوکی کے پاکستان آکر امن کا پیغام پوری دنیا تک پہنچانے کو سراہا ہے۔

1

انھوں نے کہا کہ7 دسمبر سے باچا خان ریسلنگ مقابلوں کا آغاز ہو گا جس میں میزبان پاکستان، بھارت ،بنگلہ دیش،افغانستان اور سری لنکا کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔اس موقع پر عالمی شہرت یافتہ ریسلر محمد حسین انوکی نے کہا کہ میں جاپان سے پاکستان امن کا پیغام لے کر آیا ہوں،پاکستانی عوام امن پسند اور بہت محبت دینے والے ہیں،انھوں نے بھرپور استقبال کرنے پر شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ یہ یادیں ہمیشہ دل میں رہیں گی۔اس موقع پر صوبائی وزیر کھیل و سیاحت نے جاپان سے آنے والے تمام ریسلرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا میں اسی طرح مزید بین الاقوامی اسپورٹس فیسٹیول منعقد کیے جائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔