گزشتہ ہفتے اسٹاک مارکیٹ میں تیزی سے انڈیکس427 پوائنٹس بلند

پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گزشتہ ہفتے کے دوران زیادہ سے زیادہ 36 کروڑ 20 لاکھ 96 ہزار حصص کے سودے ہوئے


Online August 29, 2016
پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گزشتہ ہفتے کے دوران زیادہ سے زیادہ 36 کروڑ 20 لاکھ 96 ہزار حصص کے سودے ہوئے فوٹو: آئی این پی/فائل

گزشتہ ہفتے کے دوران پاکستان اسٹاک مارکیٹ میںمجموعی طورپرتیزی کارحجان غالب رہا اور کے ایس ای 100 انڈیکس 5 بالائی حدیں عبور کرتا ہوا ایک بار پھر 39900 پوائنٹس کی بلند ترین سطح عبور کر نے میں کامیاب ہو گیا۔ 5 کاروباری دنوں کے دوران مارکیٹ کے سرمائے میں 85 ارب سے زائد روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے سرمائے کا حجم 80 کھرب روپے سے تجاوز کر گیا۔

گزشتہ ہفتے کے دوران مارکیٹ میںکاروبای ہفتے کا آغاز مندی کے ساتھ ہوا اور صرف 2 کاروباری دنوں میں انڈیکس میں 98.90 پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی تاہم 3روزہ تیزی میں ریکوری کیساتھ انڈیکس میں 526.51 پوائنٹس کا اضافہ بھی ریکارڈ کیا گیا۔ گزشتہ ہفتے کے دوران مندی کے سبب ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس 39200 پوائنٹس کی نچلی سطح پربھی دیکھا گیا تاہم خریداری کے باعث کاروباری تیزی کے ساتھ ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر انڈیکس 39949 پوائنٹس کی بلندترین سطح پر جا پہنچا تھا۔

ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران انڈیکس 39800، 39700، 39600، 39500 اور 39900 پوائنٹس کی 5 بالائی حدیں عبورکرنے میں کامیاب رہا۔ اسٹاک تجزیہ کاروں کے مطابق مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں نے منافع بخش شعبوں میں کھل کر سرمایہ کاری کی ہے جس کی وجہ سے خریداری کا رجحان گزشتہ ہفتے کی نسبت زیادہ رہا اور مارکیٹ ایک بار پھر 40 ہزار پوائنٹس کے قریب پہنچ چکی ہے۔ گزشتہ ہفتے کے دوران پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کے ایس ای 100 انڈیکس میں 427.61 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔

جس سے کے ایس ای 100 انڈیکس 39499.09 پوائنٹس سے بڑھ کر 39926.70 پوائنٹس پر جا پہنچا۔ اسی طرح کے ایس ای 30 انڈیکس 205.11 پوائنٹس کے اضافے سے 22771.34 پوائنٹس اورکے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 26493.06 پوائنٹس سے بڑھ کر 26792.68 پوائنٹس پر بند ہوا۔ کاروباری تیزی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں 85 ارب 94 کروڑ 66 لاکھ 33 ہزار 484 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے سرمائے کا مجموعی حجم 79 کھرب 34 ارب 98 کروڑ 54 لاکھ 63 ہزار 859 روپے سے بڑھ کر 80 کھرب 20 ارب 93 کروڑ 20 لاکھ 97 ہزار 343 روپے ہوگیا۔

پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گزشتہ ہفتے کے دوران زیادہ سے زیادہ 36 کروڑ 20 لاکھ 96 ہزار حصص کے سودے ہوئے اور ٹریڈنگ ویلیو 15 ارب روپے ریکارڈکی گئی جبکہ کم سے کم کاروباری لین دین 14 کروڑ 4 لاکھ 46 ہزار حصص رہا اور ٹریڈنگ ویلیو7 ارب روپے تک محدود رہی۔ گزشتہ ہفتے کے دوران پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں مجموعی طور پر 1975کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے 1049 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 828 میں کمی اور 98 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ کاروبارکے لحاظ سے کے الیکٹرک لمیٹڈ، ایم ٹیکس لمیٹڈ، دیوان فاروقی ٹی آرجی پاک لمیٹڈ، دیوان موٹرز، میڈیا ٹائمز لمیٹڈ، دیوان سیمنٹ، سوئی ناردرن گیس کمپنی، پاک الیکٹرون، این آئی بی بینک لمیٹڈ اور پیس پاک لمیٹڈسرفہرست رہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں