اوم پوری ’’فلم ایکٹر ان لاء‘‘ کی تشہیری مہم کیلیے سرگرم

فلم کا انتخاب کرنے کے فیصلے پر بے حد خوش ہوں، بھارتی اداکار اوم پوری


نمرہ ملک August 29, 2016
فلم کا انتخاب کرنے کے فیصلے پر بے حد خوش ہوں، بھارتی اداکار اوم پوری، فوٹو؛ ایکسپریس

عیدالاضحیٰ پر ریلیز ہونے والی پاکستانی معاشرتی مزاحیہ فلم "ایکٹر ان لاء" کی تشہیری مہم کے لیے بھارتی اداکار اوم پوری سرگرم ہوگئے۔

کراچی کے ساحل سی ویو پر فلم کی تشہیر کے موقع پر اوم پوری نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فلم کا انتخاب کرنے کے فیصلے پر بے حد خوش ہوں، پاکستان میں معیاری فلمیں بن رہی ہیں، نوجوان ہدایت کار نبیل قریشی اور کاسٹ فہد مصطفی و دیگر بہت محنتی ہیں جن کی وجہ سے فلم میں کام کرنے کا تجربہ خوشگور اور یادگار رہا۔ انہوں نے کہا کہ ''ایکٹر ان لاء'' بھارت میں بھی ریلیز ہونے جارہی ہے، وہاں کے لوگ فلم کو لے کر کافی دلچسپی کا اظہار کررہے ہیں، پاکستانی فلم کی بھارت میں ریلیز کے بعد پاکستانی فلمی صنعت میں مزید وسعت آئے گی۔

فلم کے گیت سے متعلق بھارتی اداکار کہنا تھا کہ فلم کے گیت مجھے پرانے گیتوں کی یاد دلا دیتے ہیں، فلم کی موسیقی پر کافی محنت کی گئی ہے اس کی مسحور کن موسیقی اور شاعری بہت دلچسپ اور یاد رہ جانے والی ہے۔ اوم پوری نے کراچی میں نجی شاپنگ مال کا بھی دورہ کیا جہاں لوگ ان کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے بے تاب نظر آئے۔

فلم ''ایکٹر ان لاء'' کے مرکزی کردار فہد مصطفی نے کہا کہ لوگ ابھی سے فلم کے لیے اچھے جذبات کا اظہار کررہے ہیں جس پر بہت خوشی محسوس ہوتی ہے کہ محنت وصول ہوگئی۔ کراچی میں فلم کی تشہیر کے بعد فلم کی کاسٹ اور ٹیم اوم پوری کے ہمراہ ملتان، گجرانوالہ، فیصل آباد اور اسلام آباد کے لیے روانہ ہوچکی ہے۔



دوسری جانب فلم کے ہدایت کار ممبئی میں فلم کی ڈبنگ کے سلسلے میں مصروف عمل ہیں۔ اس دوران نبیل قریشی کی ملاقات ہالی ووڈ کے بہترین اداکار ول سمتھ سے بھی ہوئی جس کی تصویر انہوں نے اپنے سوشل میڈیا پر لگاتے ہوئے ان کے ساتھ کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

فلم ''نامعلوم افراد'' کی کامیابی کے بعد ہدایت کار نبیل قریشی اور پروڈیوسر فضا علی مرزا کی فلم "ایکٹر ان لاء" سے پرستاروں اور فلمی ناقدین کی بہت زیادہ توقعات جڑی ہیں۔ ''ایکٹر اِن لاء'' میں فہد مصطفیٰ اور مہوش حیات خان اہم کردار نبھاتے نظر آئیں گے۔ فلم کی کاسٹ میں اوم پوری کے ساتھ علی خان اور صبور علی بھی کام کریں گے جب کہ فلم عید الاضحیٰ پر ملک بھر کے سینما گھروں میں نمائش کےلیے پیش کی جائے گی۔

فلم کی کاسٹ اور ٹیم فہد مصطفی، مہوش حیات، پروڈیوسر فضا علی مرزا کے ہمراہ پاکستان کے بڑے شہروں کے دورے پر مصروف ۔ بھارتی اداکار اوم پوری، بالی ووڈ اور ہالی ووڈ میں بہترین اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔ اور اب وہ پاکستانی فلم میں ڈیبیو کرنے جارہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں