فلم ’’مایا‘‘ کی ناکامی سے نئی فلم متاثر نہیں ہوگی ہدایتکارجواد بشیر

جواد بشیر کی رومانس اور مزاح سے بھرپور نئی فلم ’’تیری میری لو اسٹوری‘‘ کے پریمیئر کا انعقاد کراچی میں ہوا۔


نمرہ ملک September 01, 2016
جواد بشیر کی رومانس اور مزاح سے بھرپور نئی فلم ’’تیری میری لو اسٹوری‘‘ کے پریمیئر کا انعقاد کراچی میں ہوا۔ فوٹو؛ ایکسپریس

فلم ''تیری میری لو اسٹوری'' کے ہدایتکار جواد بشیر کا کہنا ہےکہ پہلی فلم"مایا" کی ناکامیابی کا اثر نئی فلم "تیری میری لو اسٹوری" پر ہر گز نہیں آنے دیا وہ بلکل مختلف فلم تھی کیونکہ وہ ایک ہارر فلم تھی۔

ہدایت کار جواد بشیر کی رومانس اور مزاح سے بھرپور نئی فلم ''تیری میری لو اسٹوری'' کے پریمیئر کا انعقاد کراچی میں ہوا جس میں فلم کی کاسٹ اور ٹیم کے ساتھ شوبزنس کی شخصیات اداکار ہمایوں سعید، سنیتا مارشل، بانیتا، ڈیزائنر نومی انصاری، ماڈل صدف کنول، گلوکار تیمور صلاح الدین اکا مورو، فارث شفیع و دیگر نے شرکت کی۔



فلم، حقیقی محبت کی تلاش کی کہانی ہے جو ٹی وی میزبان ایشا کے گرد گھومتی ہے جو شوٹنگ پر اپنے کریو اور دوستوں کے ساتھ جاتی ہے۔ فلم کی کاسٹ میں سلمان شاہد، محب مرزا، محسن عباس حیدر، عمر شہزاد، اشنہ شاہ، عظمی خان، لیلہ زبیری، احمدعبدالرحمن شامل ہیں جب کہ فلم میں جواد بشیر اور فیصل قریشی بھی کیمیو کردار کے طور پر شامل ہیں۔

فلم کی کہانی ہدایت کار جواد بشیر اور احمد عبدالرحمن نے مشترکہ طور پر لکھی ہے جب کہ فلم کی موسیقی افضل حسین اور احسن پرویز نے ترتیب دی ہے فلم میں کُل پانچ گیت شامل ہیں۔ فلم کی پوسٹ پروڈکشن خود ہدایت کار جاوید بشیر نے کی ہیں۔



فلم کے ہدایت کارجواد بشیر نے ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پہلی فلم"مایا" کی ناکامیابی کا اثر نئی فلم "تیری میری لو اسٹوری" پر ہر گز نہیں آنے دیا، وہ بلکل مختلف فلم تھی کیونکہ وہ ایک ہارر فلم تھی، تیس دہائیوں میں "مایا" اکیلی ہارر فلم ہے جو کہ بخود ایک کامیابی ہے، فلم کا ریسپانس کم تھا جس کی بنیادی وجہ نامناسب تشہیر تھی کیونکہ میں نے خود پروڈیوس کی تھی تو میرے پاس تشہیری مہم کے لیے ناکافی بجٹ تھا، فلم کی نا مناسب تشہیر کے باعث بہت سے لوگ اس فلم کو دیکھ ہی نہیں سکے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ فلم تیری میری لو اسٹوری ایک کمرشل فلم ہے جس میں انٹرٹینمنٹ کو ملحوظ خاطر رکھا گیا ہے، آج کل فلم کے گیتوں پر خاص توجہ نہیں دی جاتی میری کوشش تھی کہ فلم میں ایسی موسیقی شامل ہو جس میں دم ہو اور وہ ہمیشہ یادرہے۔

جواد بشیر نے کہا کہ ٹی وی پر کامیابی حاصل ہوئی تھی اور فلم کے میڈیم پر بھی کامیابی حاصل کروں گا کیونکہ ٹی وی پر بھی میں تھا اور فلم میں بھی، میری شخصیت کی عکاسی فلم میں بھی دکھائی دے گی، فلم کی ریلیز کو لے کر پر امید ہوں یقیناً لوگ فلم سے بھرپور طور پرمحظوظ ہوسکیں گے۔



پریمیئرکے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے سمٹ انٹرٹینمنٹ کے ڈائریکٹر واسع نبی نے کہا،"پاکستان فلم کے لیے اس جیسے پروجیکٹ ہم سب کے لیے انتہائی خوشی اور فخر کا باعث ہیں، گزشتہ تمام سنگ میل جو ہم نے ایک کمپنی کے طور پر حاصل کیے ہیں ان کے پیش نظر یہ فلم بھی ایک ٹرینڈ سیٹرثابت ہو گی جس کی بنیاد ایکشن کے تسلسل، چھوٹے چھوٹے مزاحیہ ڈائیلاگ اور مضبوط کہانی پر ہے۔ مجھے یقین ہے کہ یہ مووی ناظرین کو بھر پور تفریح فراہم کرے گی اور انہیں سنیما تک کھینچ لائے گی۔"

فلم بین اور ناقدین کی جانب سے فلم کو کوئی خاص تاثرات نہیں ملے تاہم فلم کے پریمیئر کے انتظامات کو سینٹیکس کمیونیکیشن نے بھرپور طور پر ادا کیا۔ فلمی حلقے کے مطابق یہ فلم پنجاب کے سینما گھروں میں مناسب بزنس کرنے میں کامیاب ہوسکتی ہے۔ فلم کی تیاری اور تقسیم سمٹ انٹرٹینمنٹ نے کی ہے۔ فلم 2 ستمبر کو ملک بھر کے سینما گھروں میں پیش کی جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں