کراچی کو گرمی سے بچانے کیلئے درخت لگانا ناگزیرقرار

کراچی میں گرمی کی جان لیوا لہر ان علاقوں میں سب سے زیادہ نوٹ کی گئی جہاں درختوں کی تعداد کم ہے، ماہرین ماحولیات


سہیل یوسف September 09, 2016
کراچی میں گرمی کی جان لیوا لہر ان علاقوں میں سب سے زیادہ نوٹ کی گئی جہاں درختوں کی تعداد کم ہے، ماہرین ماحولیات، فوٹو؛ فائل

ماہرینِ ماحولیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں گرمی کی جان لیوا لہر ان علاقوں میں سب سے زیادہ نوٹ کی گئی جہاں درختوں کی تعداد کم پائی جاتی ہے لہٰذا شہر کو گرمی کی جان لیوا لہر سے بچانے کیلئے درختوں کی افزائش ناگزیر ہے۔

صحافیوں کی ایک تنظیم ''گرین میڈیا انیشی ایٹو'' کے تحت منعقد ماحولیاتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے ماہر ماحولیات ڈاکٹر رفیع الحق کا کہنا تھا کہ سیٹلائٹ نقشوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ جن شہری علاقوں میں درختوں کی قلت ہوتی ہے وہاں درجہ حرارت بڑھ جاتا ہے اس کی وجہ یہ ہے کہ درخت مجموعی درجہ حرارت کم کرنے میں مددگار ہوتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کراچی میں نئی بس سروس کے راستے میں آنے والے ہزاروں درختوں کو بے دریغ کاٹا جارہا ہے جو شہر کے لیے انتہائی تشویشناک ہے۔



اس سے قبل سینیئر صحافی عافیہ سلام نے بتایا کہ پوری دنیا میں آب وہوا میں نمایاں تبدیلیاں رونما ہورہی ہیں اور پاکستان ان کی وجہ بننے والی گیسوں کے اخراج کا بہت معمولی ذمے دار ہیں لیکن حیرت انگیز طور پر دنیا کے ان 10 ممالک میں شامل ہے جو آب وہوا میں تبدیلی سے شدید متاثر ہورہے ہیں۔ اس کی وجہ بتاتے ہوئے عافیہ سلام نے کہا کہ پاکستان میں ایک جانب ہزاروں گلیشیئرز ہیں تو دوسری جانب طویل سمندری پٹی ہے، کہیں ریگستان تو کہیں میدان ہیں اور یہ سب مل کر آب و ہوا میں تبدیلی کے محرکات بنتے ہیں ان کی وجہ سے موسمیاتی شدت کے واقعات بہت تیزی سے رونما ہورہے ہیں۔

یہاں قارئین کی دلچسپی کے لیے پاکستان کے ممتاز ماہرِ موسمیات ڈاکٹر غلام رسول کے مرتب کردہ شدید موسمیاتی کیفیات کے غیرمعمولی واقعات کا احول پیش کیا جارہا ہے۔

1: سال 2001، 2003، 2007، 2008، 2009، 2010 اور 2011 میں غیر متوقع طوفانی بارشوں (کلاؤڈ برسٹ) کے واقعات ہوئے۔

2: 1999 سے 2002 تک طویل خشک سالی۔

3: 2010 میں تاریخی اور جان لیوا سیلاب، جس میں پاکستان کا ایک تہائی حصہ پانی میں ڈوب گیا تھا۔

4: 1999، 2007، 2010 اور 2011 میں سمندری طوفان۔

5: 2006، 2007، 2010 اور 2015 میں گرمی اور حدت کی شدید لہر۔

6: 2005، 2007 اور 2010 میں برف پگھلنے سے سیلاب کے واقعات جن میں بارش کا معمولی دخل تھا۔

اس لحاظ سے پاکستان کئی طرح کے ماحولیاتی اور موسمیاتی آفات کا شکار ہوسکتا ہے۔ کراچی کو درپیش مسائل کا ذکر کرتے ہوئے عافیہ سلام نے کہا کہ شہر میں ٹھوس فضلے کو ٹھکانے لگانے کا کوئی واضح نظام موجود نہیں، شور اور فضائی آلودگی، پانی اور نکاسی کے مسائل ، ٹرانسپورٹ اور گورننس کے مسائل ایک چیلنج کی حیثیت رکھتے ہیں۔

ڈاکٹر رفیع الحق نے اپنی ایک پریزینٹیشن میں بتایا کہ سیارہ زمین پر 98 فیصد آکسیجن پودے اور درخت پیدا کرتے ہیں اوریہی وجہ ہے کہ پاکستان میں کراچی جیسے گنجان آبادی والے شہروں کے لیے درخت بہت ضروری ہیں۔ ورکشاپ میں موجود ذرائع ابلاغ کے قریباً تمام جہتوں سے تعلق رکھنے والے صحافیوں نے شرکت کی اور پاکستان میں ماحولیات، جنگلی حیات اور آب و ہوا میں تبدیلی کی رپورٹنگ کے فروغ، مسائل اور امکانات پر سیر حاصل تبادلہ خیال کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں