بھارت میں پاکستانی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان کو تیزاب پلادیا گیا

کسی نے جان بوجھ کر حرکت کی، کپتان، معاملہ ختم ہوگیا،سلطان شاہ، سازش نہیں ہوئی، آرگنائزر


Express Report December 09, 2012
بنگلور:بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان ذیشان عباسی طبیعت سنبھل جانے کے بعد اسپتال سے باہر آرہے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان ذیشان عباسی کو بھارت میں مبینہ طور پر تیزاب پلا دیا گیا، کوئی سازش ہوئی یا غلط فہمی؟، متضاد اطلاعات کا سلسلہ صبح سے رات تک جاری رہا۔

واضح رہے پاکستانی ٹیم نابینا کرکٹرز کے عالمی ٹی ٹوئنٹی میں شرکت کے لئے بھارت میں ہے جہاں جمعے کو قومی اسکواڈ نے بھارت کی ٹیم کو شکست دی تھی۔ ہفتہ کو ورلڈکپ کے چھٹے میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کے خلاف میدان میں اترنا تھا،ذیشان عباسی صبح جب ناشتہ کرنے لگے تو میز پر پانی کی بوتلوں کے ساتھ تیزاب کی بوتل بھی رکھ دی گئی۔ ذیشان نے آلودہ پانی پی لیا، طبیعت خراب ہونے پر انھیں فوری طبی امداد کیلئے قریبی ہسپتال لے جایا گیا۔

ٹیم ذرائع کے مطابق ذیشان عباسی کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ادھر بھارت میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر سلمان بشیر نے قومی بلائنڈکرکٹ ٹیم کے کپتان ذیشان عباسی کو مبینہ طورپر تیزاب پلانے کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے بھارتی وزرارت خارجہ کوبذریعہ خط غیرجانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کر دیا۔ انھوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مسلسل ٹیم سے رابطے میں ہیں، ذیشان عباسی کی حالت خطرے سے باہر ہے۔انہوں نے کہاکہ وہ بھارتی بلائنڈ کرکٹ ایسوسی ایشن سے بھی مسلسل رابطے میں ہیں۔

ایس ایم راما ہسپتال کے ڈاکٹر ارونا رمیش نے کہا ہے کہ کرکٹر کی اینڈو سکوپی کی رپورٹ کلیئر آئی ہے، انھیں قے اور گلے میں معمولی تکلیف ہے جو زیادہ پریشانی کی بات نہیں۔ آئی این پی کے مطابق کپتان ذیشان عباسی نے نجی ٹی وی سے ٹیلیفون پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ناشتے کے دوران پانی پیا تو ذائقہ عجیب سا محسوس ہوا جس کے باعث مجھے الٹیاں بھی ہوئیں، تاہم میں بنگلہ دیش کیخلاف میچ کھیلنے کیلئے گراونڈ چلا گیا، لیکن گلے میں تکلیف کے باعث انتظامیہ سے ہسپتال لے جانے کا کہا۔ ذیشان عباسی نے بتایا کہ کل بھارت سے میچ جیتا ہے کسی نے جان بوجھ کر ایسی حرکت کی ہے،تاہم اب میری طبیعت بالکل ٹھیک ہے اور کل سری لنکا کیخلاف میچ کھیلوں گا۔

دوسری جانب پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے صدر سید سلطان شاہ نے کہا ہے کہ ہوٹل انتظامیہ نے پانی کی جگہ تیزاب یا اس سے ملتے جلتے مادے کی بوتل رکھ دی جسے انھوں نے پانی سمجھ کر پی لیا، تین سے چار بار قے ہونے کے بعد ان کی حالت غیر ہوگئی، ہوٹل انتظامیہ نے ان کو ہسپتال پہنچانے میں بھی تاخیر کی۔ برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے سلطان شاہ نے کہا کہ ٹیم کے کھلاڑیوں کو روزانہ اس طرح کی دو سے تین بوتلیں فراہم کی جاتی تھیں، پانی کی بوتل سیلڈ تھی، جیسی بوتلیں بھارت میں ملتی ہیں یہ بھی ان جیسی ہی تھی، اس سے قبل کبھی ایسا واقعہ نہیں ہوا، گزشتہ آٹھ دس روز یہاں وقت اچھا گزرا تھا، کسی پر کوئی شبہ بھی نہیں ہو سکتا تھا۔

09

انھوں نے بتایا کہ ذیشان عباسی کی حالت اب بہتر ہے اور اللہ نے کپتان اور ٹیم کو ایک بڑے نقصان سے بچایا ہے، ٹیم دورہ منسوخ نہیں کر رہی، ہم 12 دسمبر کو سیمی فائنل کھیلیں گے اور اس واقعے کو دونوں ممالک کے تعلقات پر اثر انداز نہیں ہونے دیں گے۔ سلطان شاہ نے کہا کہ معاملے کو دبانے کی بہت کوشش کی گئی، ہوٹل نے بھی تحریری طور پر معافی نامہ دیا ہے جس میں انتظامیہ نے اقرار کیا ہے کہ ان سے غلطی سرزد ہوئی۔ معاملہ ختم کردیا گیا ہے، پولیس کو ہم نے اطلاع نہیں دی کیونکہ ہم پہلے یہ دیکھنا چاہتے تھے کہ یہ واقعہ سازش تھا یا غلطی سے ہوا۔ دوسری جانب ورلڈ بلائنڈ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کپ کے ٹورنامنٹ آرگنائزر مہانتیش نے کہا ہے کہ پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان ذیشان عباسی کے ساتھ کسی قسم کی کوئی سازش نہیں ہوئی۔ واقعہ حادثاتی تھا۔انہوں نے کہاکہ ہوٹل انتظامیہ نے صفائی کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا ہے ۔

دوسری جانب ذیشان عباسی کے والد افتخار عباسی نے کہا ہے کہ ہم کسی ملک کے خلاف نفرت نہیں رکھتے لیکن میرے بیٹے کے ساتھ ہونے والے ناروا سلوک سے پاک بھارت تعلقات متاثر ہو سکتے ہیں۔ ستم ظریفی یہ ہے کہ صبح کا واقعہ ہے اور ابھی تک کسی نے ہم سے رابطہ نہیں کیا، ہمیں صرف میڈیا سے معلومات مل رہی ہیں۔ بھارت میں میرے بیٹے کی جان کو خطرہ ہے لہٰذا اسے علاج کیلئے کسی دوسرے ملک بھیجا جائے۔ انھوں نے کہا کہ میرا بیٹا قومی ٹیم کا کپتان ہے، پی سی بی' بلائنڈ کرکٹ ایسوسی ایشن اور کسی حکومتی نمائندہ نے ہمیں حوصلہ تک نہیں دیا اور نہ ہی کسی قسم کا تعاون کیا۔

بیٹا میرا سرمایہ اور سہارا ہے قوم اس کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کرے تاکہ وہ قوم کو جیت کا تحفہ دے سکے۔ افتخار عباسی نے کہا کہ میری ذیشان عباسی سے ٹیلی فون پر مختصر بات چیت ہوئی ہے وہ پہلے سے بہتر ہے قوم سے اپیل ہے کہ اس کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کرے۔ اس موقع پر ذیشان عباسی کی والدہ کے علاوہ ان کے بھائی عباسی اور ارسلان عباسی بھی موجود تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں