پی پی برطرف ملازمین کی بحالی کے بعد ملازمتوں سے پابندی اٹھائے گی

اصولی فیصلہ کرلیا ،پہلے سابقہ ادوارمیں پی پی کے بھرتی شدہ برطرف ملازمین کو بحال کیاجائیگا


عبدالرزاق ابڑو September 20, 2016
کابینہ کے اجلاس میں برطرف ملازمین کی بحالی کابل منظور،جلد سندھ اسمبلی سے منظوری لی جائیگی ۔ فوٹو : فائل

سندھ کابینہ نے پیرکوسرکاری محکموں میں ملازمتوں پر پابندی اٹھانے کا اصولی فیصلہ کیا ہے تاہم اس سلسلے میں باضابطہ اعلان اور نوٹیفکیشن سابقہ ادوار میں پیپلز پارٹی کے بھرتی کیے گئے برطرف ملازمین کو ملازمتوں پر بحال کرنے کے بعد کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق اس ضمن میں سندھ کابینہ کے اجلاس میں برطرف ملازمین کی بحالی کے بل کی منظوری دی گئی، یہ بل جلد ہی سندھ اسمبلی سے منظور کرایا جائے گا۔

اس بل کے تحت 1990 کے پیپلز پارٹی کے دور میں بھرتی کیے گئے وہ ملازمین بھی شامل ہیں جنھیں بعد کی حکومت کے دوران برطرف کردیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق سندھ کابینہ کے اجلاس میں بتایا گیا کہ 2008 کے انتخابات کے بعد قائم ہونے والی پیپلز پارٹی کی حکومت نے مذکورہ برطرف ملازمین کی بحالی کے جائزے کے لیے سابق وزرا ایاز سومرو اورڈاکٹر ذوالفقار مرزا پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی تھی، جس میں بعد ازاں ذوالفقار مرزا کی جگہ پر سید علی نواز شاہ کوشامل کیا گیا تھا۔ مذکورہ کمیٹی کو اس سلسلے میں 1841 برطرف ملازمین کی درخواستیں ملی تھیں۔

مذکورہ کمیٹی نے چھان بین کے بعد 619 ملازمین کو بحال کرنے کی سفارش کی تھی جن میں 500 ملازمین کا تعلق گریڈ ایک سے 15 تک تھا جبکہ باقی ملازمین گریڈ 17 کے تھے، اس وقت کی حکومت نے ان ملازمین کو 1990 کی پوزیشن پر بحال کردیا تھا تاہم بعد ازاں یہ معاملہ عدالت میں چیلنج کردیا گیا۔ ذرائع کے مطابق سندھ کابینہ کے اجلاس میں وزیر اعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ برطرف ملازمین کی بحالی کو قانونی شکل دینے کے لیے ضروری ہے کہ اس سلسلے میں ایک قانونی بل سندھ اسمبلی سے منظور کرایا جائے۔ ذرائع کے مطابق محکمہ قانون کی جانب سے اس سلسلے میں برطرف ملازمین کی بحالی کا بل 2016 کا مسودہ پیش کیا گیا جسے کابینہ منظور کرلیا۔ امکان ہے کہ سندھ اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں اس بل کی منظوری لی جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔