سرجیکل اسٹرائیک کا ناکام ڈرامہ بھارتی فوج کی تنخواہ میں اضافہ بند

دیوالی پر بونس بھی نہ ملا، حکومت نے دیگر تمام سرکاری ملازمین کی تنخواہ میں اضافہ کر دیا


Online October 11, 2016
بھارتی فوج مودی سرکار پر سیخ پا ، ناکام ڈرامے کی سزا فوج کو دینا زیادتی ہے، ذرائع بھارتی فوج فوٹو: فائل

بھارتی فوج نے پاکستان کے ساتھ حالیہ کشیدگی کے دوران کیسی کارکردگی دکھائی ہے اس کا اندازہ اس انعام سے کیا جا سکتا ہے جو مودی سرکار نے اپنی فوج کی فخریہ کارکردگی کے اعتراف میں اسے دیا ہے، بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی حکومت نے تمام سرکاری ملازمین کی تنخواہ میں اضافہ کر دیا ہے لیکن فوج کی تنخواہ میں اضافہ نہیں کیا بلکہ ہر سال دیوالی پر ملنے والا بونس بھی اس بار کاٹ لیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق بھارتی فوج بظاہر تو پاکستان کیخلاف جنگ لڑرہی ہے لیکن اس کی اصل جنگ اپنی ہی حکومت سے چل رہی ہے جس کا مقصد تنخواہ میں اضافہ کروانا اور وہ بونس حاصل کرنا ہے جو انہیں نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، حکومت کے سویلین ملازمین کو دیوالی کے تہوار پر بونس دیا جارہا ہے لیکن فوج کی اعلی کارکردگی کے اعتراف میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ وہ اس قابل نہیں کہ اسے بونس دیا جائے، رپورٹ کے مطابق بھارتی فوج اس بات پر سیخ پا ہے کہ حکومت نے انھیں نیم فوجی ملازمین کے برابر بھی نہیں سمجھا جنھیں نئے کمیشن پراضافی تنخواہ دی جارہی ہے لیکن باقاعدہ فوج کو اس سے محروم رکھا گیا ہے یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ بھارتی فوج کی تنخواہ کاٹنے کا فیصلہ پاکستان کیخلاف سرجیکل سٹرائیک کے ڈرامے کے فوری بعد سامنے آیا جبکہ بھارتی فوج کے ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کے ناکام ڈرامے کی سزا فوج کو دینا زیادتی ہے ۔

حکومت کی جانب سے صرف حاضر سروس فوجیوں کو ہی نہیں بلکہ ریٹائر ہونے والے فوجیوں کو بھی سزا دی گئی ہے جس کے تحت ان کی پینشن اور بونس پر بھاری زد پڑی ہے، بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سابق فوجیوں کے سوشل گروپس میں ایک پٹیشن گردش کررہی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سرجیکل سٹرائیک کا فلاپ ڈرامہ حکومت کا تیار کردہ تھا، اس میں فوج کا کیا قصور تھا لہذا انہیں اس کی سزا نہیں ملنی چاہیے تھی ، دوسری جانب حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر موجودہ کارکردگی پر حاضر سروس فوجیوں کی تنخواہ کاٹی جاسکتی ہے تو سابقہ کارکردگی کو پیش نظر رکھتے ہوئے ریٹائرڈ فوجیوں کی پینشن بھی کاٹی جاسکتی ہے کیونکہ انھوں نے کونسے سنہری حروف میں لکھے جانے والے کارنامے سرانجام دیئے ہیں۔

مودی سرکار کی جانب سے اپنی فوج کو دی جانے والی اجتماعی سزا کے خلاف فوج میں سخت اشتعال اور غم و غصہ پایا جاتا ہے جس کا اندازہ رٹائرڈ ڈیفنس آفیسرز ایسوسی ایشنز کے ترجمان کرنل دوندر بھیل کے بیان سے کیا جاسکتا ہے، انھوں نے اپنے بیان میں مودی سرکار کو دھمکی دی ہے کہ اگر فیصلہ تبدیل نہ کیا گیا تو حکومت کیخلاف عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا جائے گا، واضح رہے کہ فوج کے اس واویلے کے دوران ہی حکومت کے تمام سویلین ملازمین اضافہ شدہ تنخواہ اور سالانہ بونس وصول کرچکے ہیں اور اب دیوالی منانے کی تیاریاں کر رہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔