قیادت قید ہے مگر تحریک آزادی کو فرق نہیں پڑا مشعال ملک

اللہ اور عوام ہمارے ساتھ ہیں، علی محمد، بہت جلد پاکستان آئیں گے، واسع جلیل


Monitoring Desk October 15, 2016
جاوید میانداد کے الزام کی تحقیقات ہونی چاہیے، عبدالقادر، جی فار غریدہ میں گفتگو۔ فوٹو: فائل

NEW YORK: حریت رہنما مشعال ملک نے کہا ہے کشمیر میں بھارت جتنے مظالم ڈھا رہا ہے کشمیری اتنے ہی جوش و جذبے سے آزادی کا مطالبہ کر رہے ہیں، وزیراعظم پاکستان نے اقوام متحدہ میں اچھی تقریر کی لیکن اب ان کو دنیا کے بڑے ملکوں کے تیزی سے دورے کر کے بھارت کے مظالم سے آگاہ کرنا چاہیے۔

ایکسپریس نیوز کے پروگرام جی فارغریدہ میں میزبان دعا کنول سے گفتگو میں انھوں نے کہا بدقسمتی یہ ہے کہ برہان وانی کی شہادت سے لے کر آج تک حریت کی ساری قیادت نظر بند ہے، سید علی گیلانی بزرگ آدمی ہیں لیکن وہ نظربند ہیں، اسی طرح یاسین ملک کی طبیعت انتہائی خراب ہونے کے باوجود ان کو اسپتال میں نہیں رکھا جا رہا، آسیہ اندرابی، میر واعظ عمرفاروق بھی گرفتار ہیں لیکن زمین پر جو تحریک چل رہی ہے اس کا مومینٹم کم نہیں ہوا، جیلوں سے ہی حریت کے احتجاجی کیلنڈر نکلتے ہیں اور عوام ان کو فالو کرتے ہیں۔

بھارت نے اڑی کا ڈرامہ کیا پھر سرجیکل اسٹرائیک کا کہا گیا، بھارت چاہتا ہے کہ لوگوں کی توجہ کسی اور طرف مڑ جائے، تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان نے کہا کہ حکومت خود فریبی کے عالم میں ہے، لگتا ہے کہ وہ کوئی بات سننے کو تیار نہیں ہے، چیف جسٹس کا پاکستان کی کسی سیاسی جماعت سے کوئی تعلق نہیں ہے لیکن انھوں نے جو بات کی ہے تو وہ سب کیلیے آئینہ ہے، انھوں نے ہر اس فرد کیلیے یہ بات کی ہے کہ اگر یہ جمہوریت ہے تو پھر بادشاہت کیا ہوتی ہے، اس وقت دونوں بڑی جماعتیں کسی کارکن کو آگے نہ آنے دینے کی پالیسی پر ہیں، ن لیگ میں اگلے 40 سال تک شریف فیملی میں ہی قیادت رہے گی۔

پی ٹی آئی تنہا نہیں ہے، اللہ اور پاکستان کے عوام ہمارے ساتھ ہیں جس کے ساتھ اللہ ہو اس کو کسی کی کوئی ضرورت نہیں رہتی، ایم کیو ایم لندن کے رہنما واسع جلیل نے کہا ہے کہ وزیر داخلہ کو عدالتی فیصلے سے ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا ہے جو رقم ہمیں واپس ملے گی وہ پارٹی کے مختلف کاموں میں صرف ہوگی، ایم کیو ایم پر جو الزامات تھے وہ سب میڈیا کی وجہ سے تھے، ہم بہت جلد پاکستان آئیں گے۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر عبدالقادر نے کہا کہ جاوید میانداد اور شاہد آفریدی کے درمیان صلح ہو رہی ہے جو اچھی بات ہے لیکن جو بات میانداد نے کہی ہے اس کی تحقیقات ضروری ہے، جاوید میانداد نے کہا ہے کہ شاہد آفریدی اپنے بچوں کے سر پر ہاتھ رکھ کرکہے کہ اس نے میچ بیچا ہے یا نہیں، وہ کہتے ہیں میں نے خود شاہد آفریدی کو پکڑا ہے تو اس معاملے کی چھان بین ہونی چاہیے، یہ بات کوئی عام آدمی نہیں کر رہا ہے، یہ بات پاکستان کا اسٹار کرکٹر کر رہا ہے، اس بات پر پی سی بی کو نوٹس لینا چاہیے، یہ نہ ہو کہ آئی سی سی نوٹس لے لے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں