مسئلہ کشمیر کا پرامن حل ہی خطے میں پائیدار امن کی ضمانت ہے وزیر اعظم

عالمی برادری کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حق خودارادیت تحریک میں ان کا ساتھ دے ،وزیر اعظم


Web Desk October 24, 2016
پاکستان پرامن ملک ہے اور تمام ہمسایہ ممالک سے بہتر تعلقات کے قیام کا خواہاں ہے، نواز شریف : فوٹو : فائل

وزیراعظم نوازشریف کا کہنا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا پرامن حل ہی خطے میں پائیدار امن کی ضمانت ہے اور مسئلہ کشمیر کا حل خطے میں دیرپا امن کا باعث بنے گا.

اسلام آباد میں وزیر اعظم نواز شریف سے برطانوی مشیر قومی سلامتی مارک لائل گرانٹ نے ملاقات کی ۔ اس موقع پر وزیر اعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ گزشتہ 3 ماہ سے بھارتی افواج مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم کے پہاڑ ڈھا رہی ہے، جولائی سے اب تک 100 سے زائد معصوم کشمیری شہید ہوچکے ہیں چھروں والی بندوق کے استعمال سے سیکڑوں کشمیری بینائی سے محروم ہوچکے ہیں جبکہ بھارتی بربریت سے ہزاروں کشمیری زخمی ہوئے اب وقت آگیا ہے عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیتے ہوئےکشمیریوں کی حق خودارادیت تحریک میں ان کا ساتھ دے اور مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرنے میں ان کی مدد کرے۔

نواز شریف نے کہا کہ پاکستان پرامن ملک ہے اور تمام ہمسایہ ممالک سے بہتر تعلقات کے قیام کا خواہاں اور پرامن ہمسائیگی کی پالیسی پر گامزن ہے لیکن پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی اور تعلقات میں بنیادی رکاوٹ کی وجہ مسئلہ کشمیر ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کا پرامن حل ہی خطے میں پائیدار امن کی ضمانت ہے اور مسئلہ کشمیر کا حل خطے میں دیرپا امن کا باعث بنے گا اقوام متحدہ کی قراردادیں کشمیریوں کو ان کے حقوق کی ضمانت دیتی ہیں اور اس مسئلے کو انہیں قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے اور اس کےلئے پاکستان کشمیریوں کی سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔

برطانوی مشیر قومی سلامتی مارک لائل گرانٹ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی پڑوسی مالک سے پرامن تعاون کی کوشش کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں اور اس جنگ میں فورسز کے اہلکاروں اور عوام کی قربانیاں قابل فخر اور لائق تحسین ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں