ملکی معیشت آئی ایم ایف کی سربراہ کا اظہار اطمینان

حکومت دہشت گردی، معیشت اور توانائی بحران جیسے مسائل سے کامیابی سے نمٹ رہی ہے


Editorial October 26, 2016
کرسٹین لیگارڈ کا اس امتحانی سیاسی صورتحال میں پاکستان کا دورہ ایک خوش آیند پیش رفت ہے۔ فوٹو: فائل

GILGIT: عالمی مالیاتی ادارہ کی سربراہ کرسٹین لیگارڈ کا دورہ اس اعتبار سے اہم ہے کہ کہ آئی ایم ایف کے کسی سربراہ کا گزشتہ کئی برسوں میں یہ پہلا دورہ ہے جس میں انھوں نے پاکستانی معیشت کے بحران سے نکلنے کی بات کی تاہم ملک کو درپیش دیگر چیلنجز سے نمٹنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کرپشن سے متعلق تصور در اصل پاکستانی معیشت کے لیے ضرر رساں ہے۔

گزشتہ روز اسلام آباد میں وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کے دوران آئی ایم ایف پروگرام کی کامیاب تکمیل پر وزیراعظم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مالیاتی اعتبار سے پاکستان کی پوزیشن پہلے سے بہتر ہے جب کہ وزیراعظم نے پاکستان کی اقتصادی بحالی اور معاشی استحکام کے لیے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی معاونت کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے جامع اصلاحاتی ایجنڈے کی پیروی کرتے ہوئے اقتصادی استحکام حاصل کیا ہے، حکومت دہشت گردی، معیشت اور توانائی بحران جیسے مسائل سے کامیابی سے نمٹ رہی ہے۔

آئی ایم ایف کی مینجنگ ڈائریکٹر کرسٹین لیگارڈ نے جو سابق فراسیسی وزیر خزانہ رہ چکی ہیں وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے بھی تبادلہ خیال کیا۔ یہ بات خوش آیند ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام کی کامیاب تکمیل کے حوالے سے لیگارڈ نے ملکی معاشی ماہرین کی پیش رفت کو ایک شاندار قدم کہا ہے جس کے باعث بقول ان کے موجودہ حکومت نے اپنے دور اقتدار کے دوران قلیل مدت میں بہتر اور ٹھوس اقتصادی پوزیشن حاصل کی ، پاکستان کی اقتصادی نمو بتدریج بڑھی ہے۔

لیگارڈ نے بعض مفید مشورے دیے ، ان کا کہنا صائب ہے کہ ٹیکس نیٹ میں توسیع کی جائے تاکہ قومی اقتصادی ترقی میں سب کا شیئر شامل ہو، وہ ملالہ یوسف زئی سے اپنی ایک گزشتہ ملاقات کے حوالے سے یہ بھی کہہ چکی ہیں کہ تعلیم کی صورتحال پاکستانی بچوں کے لیے مایوس کن ہے جب کہ ترقی کی کلید تعلیم کی بنیادی سہولت ہے، اسی طرح اقتصادی اور تجارتی سرگرمیوں میں خواتین کی شمولیت، صنفی تفاوت کے خاتمے اورآئی ایم ایف کی طرف سے سی پیک پر اٹھنے والے اخراجات اور ان کی بلنگ پر مالیاتی ادارہ کی سربراہ کا انتباہ بھی لائق غور ہے۔

بہر کیف کرسٹین لیگارڈ کا اس امتحانی سیاسی صورتحال میں پاکستان کا دورہ ایک خوش آیند پیش رفت ہے جس کی روشنی میں اس معاشی ٹمپو کو حکومت برقرار رکھے تب بات بنے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں