ٹریڈ باڈیز کو دسمبر تک آڈٹ رپورٹس جمع کرانے کی ہدایت

ڈی جی ٹی او کاووٹرزلسٹ جاری نہ کرنے پراسلام آبادچیمبرکیخلاف کارروائی کا فیصلہ


اظہر جتوئی October 28, 2016
جہاں تک گزشتہ سال کی آڈٹ رپورٹس اور حسابات کا تعلق ہے وہ معاملات ختم ہوگئے ہیں۔۔ فوٹو: فائل

وزارت تجارت کے ذیلی ادارہ ڈی جی ٹی او نے ایف پی سی سی آئی سمیت ملک بھر کے تمام چیمبرزآف کامرس اینڈ انڈسٹری اور ایسوسی ایشنز کو دسمبر تک اپنی آڈٹ رپورٹس اور مالی حسابات کی تفصیلات جمع کرانے کا حکم دے دیا جبکہ اسلام آباد چیمبر کی طرف سے ووٹرز لسٹ جاری نہ کرنے پر کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ڈی جی ٹی او کی دستاویزکے مطابق اس وقت ملک بھر میں 50چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری ہیں، 11ویمن چیمبرز، 8 اسمال چیمبرز،7 جوائنٹ چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری، 122آل پاکستان ٹریڈ آرگنائزیشن اور 8 ٹاؤن ایسوسی ایشنز ہیں،رولز کے تحت ہر ٹریڈ آرگنائزیشن قیام کے 1سال کے اندر ویب سائٹ قائم کرکے عہدیداروں، ایگزیکٹو کمیٹی ممبرز، مینجمنٹ اور ممبرز آف جنرل باڈی کی لسٹ اور رابطہ نمبر، آئندہ کے منصوبے، ویژن، ایگزیکٹو کمیٹیوں کے اجلاس و منٹس، الیکشن کا شیڈول، ووٹرز لسٹ اور الیکشن نتائج کی تفصیلات جاری کرنے کی پابند ہے.

ڈی جی ٹی او نے ایف پی سی سی آئی سمیت ملک بھر کے تمام چیمبرزآف کامرس اینڈ انڈسٹری اور ایسوسی ایشنز کو دسمبر تک اپنی آڈٹ رپورٹس اور مالی حسابات کی تفصیلات جمع کرانے کا حکم دے دیا اور اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی طرف سے ووٹرز لسٹ جاری نہ کرنے پر کارروائی کا فیصلہ کیا ہے، آڈٹ رپورٹس اور مالی حسابات جمع نہ کرانے والی تنظیموں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی ہوگی، اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی ویب سائٹ پر کوئی ووٹر لسٹ اور منٹس آف میٹنگ ابھی تک جاری نہیں کیے گئے جس کے خلاف اپوزیشن نے احتجاج کیا ہے۔

اس حوالے سے جب اپوزیشن کے رہنما شاہد زمان شنواری سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ الیکشن کے دوران بھی ان کو ووٹر لسٹ فراہم نہیں کی گئی اور ابھی تک میرے بار بار مطالبے کے باوجود لسٹ نہیں مل سکی، ووٹر لسٹ فراہم نہ کرنے کی بڑی وجہ اس میں بوگس ووٹ ہیں، ایسے افراد کو ممبرشپ دی گئی ہے جن کا اپنا کاروبار نہیں، ڈی جی ٹی او نوٹس لے۔

اسلام آباد چیمبر کے صدر اور سینئر نائب صدر سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے فون اٹینڈ نہیں کیا تاہم نائب صدر طاہر ایوب نے رابطہ کرنے پر کہا کہ الیکشن شفاف ہوئے ہیں، ووٹر لسٹوں کو آویزاں کیا گیا تھا،اگر اپوزیشن کو کوئی اعتراض ہے تو اس کے تحفطات دور کرنے کو تیار ہیں۔

اس حوالے سے ڈی جی ٹی او کے ڈائریکٹر محمد نصیر نے رابطہ کرنے پر تصدیق کی کہ ملک بھر کے تمام چیمبرز اور تاجر تنظیموں کو دسمبر تک اپنی آڈٹ رپورٹس جمع کرانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں، اگر اسلام آباد چیمبر نے ویب سائٹ پر ووٹر لسٹ اور منٹس آف میٹنگ جاری نہیں کیے تو یہ خلاف قانون ہے جس پر کارروائی کریں گے، جہاں تک گزشتہ سال کی آڈٹ رپورٹس اور حسابات کا تعلق ہے وہ معاملات ختم ہوگئے ہیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں