مہدی حسن نے اپنی تال پر انگلینڈ کو تگنی کا ناچ نچا دیا

دوسرے ٹیسٹ میں مہمان ٹیم144 پر 8 وکٹیں گنوا بیٹھی،ووئکس اور عادل نے کھینچ تان کر اسکور244رنز تک پہنچایا


Sports Desk/AFP October 30, 2016
آف اسپنر کی6 وکٹیں،بنگلہ دیش کے3 وکٹ پر 152 رنز،128کی مجموعی برتری، امرالقیس نے نصف سنچری بنا دی۔ فوٹو: اے ایف پی

بنگلہ دیشی مہدی حسن نے اپنی 'تال' پر انگلینڈ کو تگنی کا ناچ نچا دیا، دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں مہمان ٹیم کا بڑی سبقت حاصل کرنے کا خواب شرمندہ تعبیر نہ ہوسکا، 144 پر 8 وکٹیں گنوانے کے بعد کرس ووئکس اور عادل رشید نے کھینچ تان کر اسکور244 تک پہنچایا، دونوں نے بالترتیب 46 اور44 رنز بنائے، آف اسپنر مہدی نے مسلسل دوسری مرتبہ ایک اننگز میں 6 وکٹوں کا کارنامہ انجام دیا، تیج الاسلام نے 3 وکٹیں لیں۔ جواب میں میزبان ٹیم نے دوسری باری میں3 وکٹ پر 152 رنز بناکر مجموعی برتری128تک پہنچا دی، دوسرے دن کے اختتام پر امرالقیس 59 رنزپر ناٹ آؤٹ رہے، ظفر انصاری نے2 وکٹیں لیں۔

تفصیلات کے مطابق دوسرے دن کا آغاز 50 رنز تین وکٹ سے کرنے والی انگلش ٹیم کیلیے ابتدائی سیشن انتہائی تباہ کن ثابت ہوا، 144 تک پہنچتے پہنچتے 8کھلاڑی پویلین واپس پہنچ گئے، معین علی کومہدی حسن نے 10 کے انفرادی اسکور پر بولڈ کیا، اگلے اوور میں تیج الاسلام نے مومن الحق کی مدد سے نئے آنے والے بیٹسمین بین اسٹوکس کو کھاتہ کھولنے کی مہلت دیے بغیرمیدان بدر کردیا، جونی بیئر اسٹو نے احتیاط سے کھیلنا چاہا مگر 24 رنز بناکروہ بھی مہدی حسن کا شکار بن گئے، ظفر انصاری(13) کو مہدی نے شواگتا ہوم کی مدد سے قابو کیا۔

دوسرے اینڈ پر صبح سے ڈٹے ہوئے جوئے روٹ کو تیج الاسلام نے ایل بی ڈبلیو کیا، وہ 56 رنز بناکر اپنی ٹیم کے ٹاپ اسکورر رہے، وکٹوں کی اس جھڑی کو کرس ووئکس اور عادل رشید نے بمشکل روکا، دونوں نے ٹیم کو مشکل سے نکالتے ہوئے نویں وکٹ کی شراکت میں 99 رنزجوڑکر اسکور243 تک پہنچایا، ووئکس آخر کار 46 رنز پر مہدی حسن کی چھٹی وکٹ بنے، کیچ شواگتا ہوم نے لیا، اگلے اوور میں اسٹون فن کو تیج نے مشفیق کی مدد سے صفر کی خفت سے دوچار کردیا، یوں مہمان ٹیم کی اننگز244 رنز پر تمام ہو گئی، عادل رشید 44 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے،انگلینڈ کو پہلی اننگز میں صرف 24 رنز کی برتری حاصل ہوئی، اسے بنگلہ دیش نے جلد ہی ختم کردیا اور دن کے اختتام تک دوسری باری میں 3 وکٹ پر 152 رنز بنا لیے، یوں مجموعی سبقت 128 تک پہنچ گئی۔

65 کے مجموعے پر اوپننگ جوڑی ٹوٹی جب ظفر نے تمیم کو 40 رنز پر کک کا کیچ بنوایا، مومن الحق ایک رن پر اسٹوکس کی وکٹ ثابت ہوئے، کیچ کک نے ہی تھاما،دن کی اختتامی گیند پر محمود اللہ 47 رنز پر انصاری کی وکٹ بنے، امرالقیس 59 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں