آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا ڈی جی رینجرز

امن وامان کی صورتحال بہتر ہے، ٹارگٹ کلنگ کے واقعات نہ ہونے کے برابر ہیں


Nama Nigar October 30, 2016
صنعتکاروں کے مسائل حل کریں گے، میجر جنرل بلال اکبر کانوری آباد میں خطاب۔ فوٹو: فائل

ڈی جی رینجرزسندھ میجرجنرل بلال اکبرنے کہاہے کہ لااینڈآرڈرکی صورت حال بہترہے، دہشتگردی پر کافی حد تک قابو پایا جاچکا ہے، مزید کارروائیاں جاری ہیں، دہشت گردی ختم کرکے ہی دم لیں گے۔

نوری آباد انڈسٹریل اسٹیٹ کے صنعت کاروں کی جانب سے اپنے اعزازمیں دیے گئے ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ ٹارگٹ کلنگ کیخلاف کارروائیوں کے بعداب ٹارگٹ کلنگ کے واقعات نہ ہونے کے برابرہیں، صنعت کاروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے، انھیں امن وامان کی صورت حال کے حوالے سے جومشکلات درپیش ہیں، ان کے خاتمے کے لیے رینجرزہر ممکن مدد کرے گی، رینجرزکے شہید اہلکاروں کے اہل خانہ کی فلاح وبہبودکے اقدام کیے جارہے ہیں، صنعتیں ہمارے ملک کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں اور ملکی ترقی میں اس کا بہت بڑاہاتھ ہے، سیکڑوں افراد یہاں سے روزگار حاصل کررہے ہیں، جرائم پیشہ عناصرکے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی، چھوٹے جرائم میں ملوث افرادکے خلاف بھی گھیراتنگ کریں گے۔ جب تک آخری دہشت گرد کا خاتمہ نہیں ہوجاتا آپریشن جاری رہے گا۔

صنعت کار ضیاالرحمن نے کہاکہ نوری آبادمیں امن و امان کی صورت حال بہتر ہے، صنعت کار یہاں پرامن طور پر اپنے کاروبار میں مصروف ہیں، رینجرزکی کارکردگی کے سبب سندھ بھرمیں بہتری آئی ہے، اس موقع پررینجرز کے ڈی ایس آرجام شوروکرنل طارق ظفر، سیکریٹری انڈسٹری مختارسومرو، سائٹ انچارج طارق انصاری، کوٹری انڈسٹری زون کے خلیل بلوچ، محمد اشرف اور دیگربھی موجودتھے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں