حج کوٹا مختص ہونے تک بکنگ پر پابندی عائد

نئی کمپنیوں کو حج کوٹا دینے پر غور، سعودی عرب سے 20 فیصد کوٹا بحال ہونے کے بعد تقسیم کیلیے نئی پالیسی مرتب کی جائے گی


Nasiruddin November 19, 2016
کوٹا حج پالیسی کی منظوری کے بعد دیا جائے گا، پرانی اور نئی حج کمپنیوں نے تحریری تجاویز وزارت مذہبی امور کے حوالے کر دیں۔ فوٹو: فائل

FAISALABAD: وزارت مذہبی امور نے حج کمپنیوں کوحج کوٹا مختص کیے جانے تک حج کی بکنگ سے روک دیا، حج کمپنیوں کوہدایت کی گئی ہے کہ وہ پاکستان اور سعودی عرب میں کسی ادارے کے ساتھ ایگریمنٹ نہ کریں،کمپنیوں کوحج کوٹا حج پالیسی 2017 کی منظوری کے بعد دیا جائے گا۔

وزارت مذہبی امور نے حج کمپنیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس وقت تک سعودی عرب میں رہائش گاہیں اور ہوٹلز بک نہ کرائیں جب تک حج گروپ آرگنائزرز کا حج کوٹا کا مسئلہ حل نہیں ہو جاتا، اس سال وزارت مذہبی امور نئی کمپنیوں کوحج کوٹا دینے کے سلسلے میں غوروخوص کر رہی ہے۔

وفاقی وزارت مذہبی امور نے حج پالیسی 2017 جلد سے جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے پرانی اور نئی رجسٹرڈ ہونے والی حج کمپنیوں سے تجاویزطلب کی تھیں جوان کمپنیوں نے تحریری طور پر وزارت مذہبی امور کے سپرد کر دی ہیں حج پالیسی 2016 میں وفاقی وزیرمذہبی اموراعلان کیا تھاکہ 2017 میں نئی انرولڈ کمپنیوں کوحج کوٹا الاٹ کیا جائے گا،سعودی عرب کی جانب سے کاٹا گیا 20 فیصد کوٹا بھی اس سال بحال ہوجائے گا جس کے بعد حج کوٹا تقسیم کرنے کے لیے نئی حکمت عملی مرتب کی جائے گی۔

نئی رجسٹرڈ ہونے والی کمپنیوں نے وزارت مذہبی امورسے مطالبہ کیا ہے کہ جن کمپنیوں کوپہلے رجسٹرڈ کیا گیا ہے ان کوپہلے حج کوٹا دیا جائے تاکہ نئی کمپنیوں کے ساتھ انصاف ہوسکے۔واضح رہے کہ اس وقت 750 سے زائد حج کمپنیاں عازمین حج کو سہولتیں فراہم کر رہی ہیں جبکہ نئی رجسٹرڈ ہونے والی کمپنیوں کی تعداد 22 سو کے لگ بھگ ہے وزارت مذہبی امور نے نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن کا عمل 2005 میں شروع کیا تھا اور 2 ہزار سے زائد کمپنیوں کو 2012 میں رجسٹرڈ کیا گیا ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔