حکومت سندھ کے تمام مشیر اور معاونین کو ہٹانے کی تیاری

بعض وزراکو فارغ کیے جانے کا امکان، وزیر اعلیٰ سندھ،مرتضیٰ وہاب دبئی چلے گئے


عبدالرزاق ابڑو November 25, 2016
آصف زرداری سے مشاورت کرینگے، عدالتی فیصلے کے خلاف اپیل کا بھی امکانَ فوٹو؛ فائل

سندھ حکومت نے وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر مرتضیٰ وہاب کے خلاف سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے تو دوسری طرف سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں وزیر اعلیٰ سندھ کے تمام مشیروں اور معاون خصوصی کو بھی ان کے عہدوں سے ہٹانے کی تیاری بھی مکمل کرلی ہے۔

ذرائع کے مطابق محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن نے اس سلسلے میں تمام مشیروں اور معاون خصوصی کی تقرری کا نوٹیفکیشن منسوخ کرنے کے حوالے سے ایک سمری وزیر اعلیٰ ہاؤس ارسال کردی ہے۔ دریں اثنا پیپلز پارٹی پارلیمینٹرین کے سربراہ آصف علی زرداری نے اس صورتحال پر مشاورت کے لیے جمعرات کو وزیر اعلٰیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور مرتضیٰ وہاب کو دبئی کرلیا جو جمعرات کی شام دبئی چلے گئے۔ ذرائع کے مطابق آصف زرداری سے ملاقات میں متبادل حکمت عملی کے طور پر سندھ کابینہ میں تبدیلیوں پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ سندھ آصف زرداری کو بتائیں گے کہ سندھ ہائی کورٹ کی روشنی میں ان کے چار مشیر اور 16 معاون خصوصی متاثر ہورہے ہیں، اگر سپریم کورٹ سے حکم امتناع نہیں ملتا تو ان کی تقرری کو منسوخ کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں یہ فیصلہ بھی کیا جائے گا کہ موجودہ وزراء میں سے کن لوگوں کو کابینہ سے فارغ کیا جائے اور ان کی جگہ دیگر لوگوں کو لایا جائے۔وزیر اعلیٰ ہاؤس کے ترجمان کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ آج جمعہ کو دبئی سے واپس پہنچ جائیںگے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔