سندھ مشیروں اور معاونین سے وزیر کا درجہ واپس لینے کی تیاریاں

صوبائی حکومت سندھ ہائی کورٹ کے حکم پر جلد ہی نوٹیفکیشن جاری کر دے گی


عبدالرزاق ابڑو December 07, 2016
متعلقہ محکموں کے سیکریٹریز کو زبانی احکام جاری کیے جاچکے ہیں۔ فوٹو: فائل

حکومت سندھ وزیراعلیٰ سندھ کے مشیروں اورمعاونین خصوصی کے حوالے سے سندھ ہائی کورٹ کے حکم پر جلد ہی تمام مشیروں اور معاونین خصوصی سے صوبائی وزیرکادرجہ واپس لینے کا نوٹیفکیشن جاری کردے گی تاہم موجودہ مشیروں اور معاونین خصوصی کی اکثریت غیرسرکاری طور پر اپنے موجودہ محکموں یا وزارتوں کا انتظام چلاتی رہے گی۔

ذرائع کے مطابق محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن نے اس سلسلے میں چندروزقبل وزیراعلی سندھ کوایک سمری ارسال کی ہے جس میں سندھ ہائی کورٹ کے حکم کی روشنی میں وزیر اعلیٰ کے تمام مشیروں اورمعاونین خصوصی سے وزارتی درجہ اورمحکموں کے قلمدان واپس لینے کی سفارش کی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ مرادعلی شاہ کی منظوری سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے تحت وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر اورمعاونین خصوصی کو سرکاری طور پر وزیر کا درجہ حاصل نہیں ہوگا اوروہ وزیرکی حیثیت میں کابینہ کے اجلاسوں میں بھی شرکت نہیں کرسکیں گے اور نہ ہی اپنے متعلقہ محکموں کی فائلوں پر دستخط کریں گے یاسرکاری طور پراحکام جاری کریں گے لیکن غیر سرکاری طور پر وہ بدستور اپنے متعلقہ محکموں کا انتظام چلاتے رہیں گے۔

حکومت سندھ اس بات پر بھی غور کر رہی ہے کہ کاغذی کارروائی کے طورپر مذکورہ مشیروں اور معاونین خصوصی کے قلمدان موجودہ وزرا کے حوالے کردیے جائیں یا وزیر اعلیٰ سندھ کے پاس ہی رہنے دیے جائیں،اس سلسلے میں بھی جلد ہی کوئی فیصلہ کرلیا جائے گا تاہم دونوں صورتوں میں غیر سرکاری طور پر تمام مشیر اورمعاونین خصوصی اپنے اپنے محکموں کا انتظام چلاتے رہیں گے، متعلقہ محکموں کے سیکریٹریز کو زبانی احکام جاری کیے جاچکے ہیں۔

واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ کے چار مشیر اور 17 معاونین خصوصی ہیں۔ مشیروں میں مرتضیٰ وہاب مشیر قانون، مشیر اطلاعات سندھ مولابخش چانڈیو ،مشیر برائے لیبر سینیٹر سعید غنی ،مشیر برائے مائیز اینڈ منرل اصغر جونیجو شامل ہیں، جبکہ سترہ معاونین خصوصی میںعبدالقیوم سومرو (مذہبی امور، زکوۃ وعشر) غلام مرتضی بلوچ (کچی آبادی) کھٹومل جیون (اقلیتی امور) ارم خالد (وومین ڈویلپمنٹ) غلام شاہ جیلانی (اوقاف) سکندر علی شورو (انفارمیشن ٹیکنالوجی) ریحانہ لغاری (ہیومن رائٹس) عابد بھیو (یوتھ افیئر) تیمور تالپور (بین الصوبائی معاملات) بابر آفندی (آبپاشی) ذوالفقار علی بیہن (اسپیشل ایجوکیشن )شاہد تھیم (سندھ ٹیکنیکل ایجوکیشن)، نادرخواجہ وزیر اعلیٰ انسپیکشن ٹیم سمیت عمر ر حمٰن ملک، اینتھونی نوید ،قاسم نوید اور برہان خان چانڈیو شامل ہیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔