آئندہ ہفتے سندھ کے چند وزرا کو گھر بھیجنے کا امکان

پی پی چیئرمین وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کے چند وزیروں اورمشیروں کی کارکردگی سے خوش نہیں


عرفان غوری December 11, 2016
بلاول کو قومی اسمبلی کا ضمنی الیکشن لڑانے کا اعلان متوقع ہے۔ فوٹو: فائل

لاہور: پیپلزپارٹی کی قیادت نے سندھ کابینہ میں پھر اکھاڑ پچھاڑ کا فیصلہ کرلیا ہے، آئندہ ہفتے سندھ کے چند وزراکو گھر بھیجے جانے کا امکان ہے، یاد رہے کہ صوبائی کابینہ میں تبدیلیاں کیے ہوئے صرف 5ماہ ہی گذرے ہیں۔

ذرائع نے ایکسپریس ٹریبیون کوبتایاکہ پی پی چیئرمین بلاول بھٹوزرداری وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ کی کابینہ کے کچھ ارکان اورصوبائی مشیروںکی کارکردگی سے خوش نہیں ہیں۔ جولائی میں قائم علی شاہ کو ہٹاکر مرادعلی شاہ کو نیا وزیراعلیٰ مقرر کیا گیا تھا اورصوبائی کابینہ میں نئے اورنوجوان چہرے متعارف کرائے گئے تھے۔

پیپلزپارٹی کے ذرائع کے مطابق بلاول نے حالیہ دنوں میں سندھ حکومت کی کارکردگی کا جائزہ لیاتھا، پارٹی چیئرمین کوقریبی رفقانے بتایاکہ تبدیلی سے عوام میں معمولی حد تک مثبت تاثر تو سامنے آیاہے لیکن اس عمل سے کوئی تحرک پیدانہیں ہوسکا، 2ماہ میں اطمینان بخش نتائج سامنے نہیں آسکے۔ پارٹی چیئرمین صورت حال کا جائزہ لے رہے ہیں، اہم اعلانات متوقع ہیں، چند وزراکو گھربھیجا جاسکتاہے

۔ قوی امکان ہے کہ سندھ کابینہ میں تبدیلیوں کا فیصلہ 27دسمبرسے پہلے سامنے آجائے۔ ایک اورذریعے کا کہناہے کہ یہ سب کچھ آئندہ ہفتے ہوسکتاہے۔ پی پی قیادت 27دسمبر کوبے نظیربھٹوکی برسی کے موقع پر اہم اعلانات کرنے جارہی ہے۔ بلاول کو قومی اسمبلی کا ضمنی الیکشن لڑانے کا اعلان متوقع ہے، دوسرااہم اعلان ن لیگ کے خلاف جنوری سے احتجاجی تحریک چلانے کے بارے میں کیاجاسکتاہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں