ریلوے نے تجاوزات سے خاتمے کیلیے سندھ رینجرزسے مدد مانگ لی

کراچی سے ٹنڈو آدم تک ٹریک پر تجاوزات کے خاتمے میں معاونت طلب کی گئی ہے


Muhammad Yaseen December 12, 2016
کراچی سے ٹنڈو آدم تک ٹریک پر تجاوزات کے خاتمے یں معاونت طلب کی گئی ہے فوٹو: فائل

پاکستان ریلوے نے کراچی سے ٹنڈو آدم تک ریلوے ٹریک کے اطراف میں قائم تجاوزات کے خاتمے کیلیے حکومت سندھ اور پاکستان رینجرز سے سیکیورٹی فراہم کرنے کے لیے مدد طلب کر لی ہے ، اس تجاوزات کے خاتمے کے لیے کیے جانے والے آپریشن کا مقصد پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے لیے ریلوے ٹریک کو محفوظ بنانا ہے تاکہ کارگو ترسیل کی بحفاظت منتقلی کو یقینی بنایا جا سکے ۔

ریلوے ذرائع کے مطابق پاکستان ریلوے نے اس حوالے سے محکمہ داخلہ سندھ اور پاکستان رینجرز سندھ سے رابط کیا ہے اور سیکیورٹی کی فراہمی کی درخواست کی ہے، ٹریک کے اطراف میں قائم تجاوزات کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ مرتب کر لی گئی ہے، محکمہ داخلہ سندھ اس حوالے سے ریلوے حکام انسداد تجاوزات سیل اور سیکیورٹی اداروں کے ساتھ مل کر پلان مرتب کرے گا، تجاوزات کیخلاف آپریشن محکمہ ریلوے کرے گا، اس حوالے سے جلد باضابطہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ریلوے کی جانب سے رینجرز سے مدد طلب کیے جانے کی اطلاع پر کیماڑی، سٹی، کینٹ ، کوٹری ، حیدر آباد اور ٹنڈو آدم تک دیگر ریلوے کالونیوں میں غیر قانونی طور پر قائم مکانات میں رہائش پذیر افراد خوف کا شکار ہیں جنھوں نے کرایے پر مکانات حاصل کرنے کے لیے کوششیں شروع کر دی ہیں۔ ریلوے ذرائع کاکہنا ہے کہ تجاوزات کرنے والوں کو حتمی وارننگ دی جا چکی ہے،اب جن افراد نے ازخود تجاوزات ختم نہیں کیں ان کے خلاف آپریشن کیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں