فوج دہشت گردوں کیخلاف فیصلہ کن معرکے کا آغاز کرے الطاف حسین

دہشت گردی کیخلاف موثرحکمت عملی کاآغازہوا توکروڑوںامن پسندافرادفوج کیساتھ ہونگے،طاہراشرفی سے فون پرگفتگو


Express Desk December 24, 2012
بشیراحمدبلوشہید کاخون ہرگزرائیگاں نہیں جائے گا،ہم سب مل کر دہشت گردوں کامقابلہ کریں گے، قائد متحدہ،عثمان بلورسے اظہارتعزیت۔ فوٹو: فائل

متحدہ قومی موومنٹ کے قائدالطا ف حسین نے کہاہے کہ مزید وقت ضائع نہ کیاجائے۔

دہشتگردوں کے خلاف فیصلہ کن معرکے کا آغاز کردیا جائے ، مسلح افواج،حکومت اورعوام کودہشت گردی کے خاتمے کیلیے سائنٹفک حکمت عملی ترتیب دینی چاہیے ۔پاکستان علماکونسل کے چیئرمین حافظ طاہراشرفی سے فون پرگفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ مسلح افواج کی قیادت کویقین دلاتاہوںکہ وہ دہشتگردی کے خاتمے کیلیے مؤثرحکمت عملی پر عملدرآمد کا آغاز کریںگے تواس مشکل گھڑی میں پولیس وقانون نافذ کرنے والے ادارے ہی نہیں بلکہ کروڑوں امن پسنداورصلح جوعوام مسلح افواج کے شانہ بشانہ ہوں گے،صحیح وقت پرصحیح فیصلہ کرناچاہیے کیونکہ اس کے ذریعے ملک کودہشتگردی اوردہشتگردوں سے نجات مل سکتی ہے جبکہ اس میں زراسی بھی غفلت نقصان کاسبب بن سکتی ہے۔

حافظ طاہر اشرفی نے الطاف حسین کے خیالات کی تائیدکی اورایم کیوایم کی جانب سے اے این پی کے رہنمابشیربلور کی شہادت کے سانحہ پر تین روز ہ سوگ کے اعلان کوسراہا۔الطاف حسین نے اے این پی کے سینئرترین رہنمابشیربلورکی شہادت پر دلی افسوس کااظہارکیااوران کے لیے دعائے مغفرت بھی کی۔دریں اثناالطاف حسین نے بشیربلورشہیدکے صاحبزادے عثمان بلورسے فون پرتعزیت کی اوران سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ بشیر بلور کا خون رائیگاں نہیں جائے گا،سفاک دہشت گردجس طرح معصوم جانوں سے کھیل رہے ہیں اور خیبرپختونخواکوآگ اورخون میں نہلارہے ہیں وہ ناقابل برداشت ہے،میں اے این پی کے تمام رہنماؤں، کارکنوں اورخیبرپختونخواکے عوام کویقین دلاتا ہوں کہ ہم سب مل کردہشت گردوں کامقابلہ کریںگے۔

06

افواج پاکستان کوچاہیے کہ وہ اب انتظارنہ کریں اورتمام انسانیت دوست محب وطن قوتوں کوساتھ ملاکر خودکش حملوں،بم دھماکوں اوردہشت گردی کے ذریعے معصوم وبے گناہ انسانوںکی جانوں سے کھیلنے والے تمام دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن معرکہ کریں،عثمان بلورنے الطاف حسین سے شکریہ اداکرتے ہوئے کہاکہ ہم بھی آپ کویقین دلاتے ہیں کہ دہشتگردچاہے جتنے حملے کریں مگرہمارے سینے کم نہیں ہوںگے اورہم آخروقت تک ان کامقابلہ کریںگے۔

علاوہ ازیں الطاف حسین نے کہاکہ نظام کی تبدیلی کیلیے طاہرالقادری کا انقلابی پروگرام مثبت اور موثر ہے، ان کیلیے دعاگو ہیں اور نظام کی تبدیلی کیلیے غیرمشروط تعاون جاری رکھیں گے۔ انھوں نے کہا کہ وہ لاہور کی تاریخ کے سب سے بڑے اجتماع کے انعقاد پر طاہرالقادری، تحریک منہاج القرآن کے تمام ذمے داروں اور ایک ایک کارکن اور ہمدرد کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔دریں اثنا متحدہ کے قائد الطاف حسین نے تحریک منہاج القرآن کے سربراہ کو مینار پاکستان لاہور پر کامیاب جلسہ عام منعقد کرنے پر مبارکباد پیش کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں