196ممالک کے سفر پر گامزن خاتون کیسینڈرا پاکستان پہنچ گئیں

مئیر کراچی سے ملاقات، درخت لگایا، پاکستان میں 13 سے 17 دسمبر تک قیام کریں گی


نمرہ ملک December 15, 2016
آئی بی اے اور دیگر تعلیمی اداروں میں نوجوانوں سے ملاقات کروں گی، کیسینڈرا ڈی پیکول۔ فوٹو: فائل

امریکی خاتون کیسینڈرا ڈی پیکول 196 ممالک کے متاثرکن سفر کے ذریعے گینزبک ورلڈ ریکارڈ قائم کرنے کے سلسلے میں 5 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئی ہیں جن کی میزبانی پیسفیک ایشیا ٹریول ایسوسی ایشن (پاٹا) کے پاکستان چیپٹر کی جانب سے کی جا رہی ہے۔ وہ 196 خودمختار ممالک کا انتہائی تیزرفتاری کے ساتھ سفر کرنے والی دنیا کی پہلی خاتون ہوں گی جن کا تعلق واشنگٹن کے علاقے کنیکٹی کٹ سے ہے جہاں سے انھوں نے گزشتہ سال جولائی میں سفر کا آغاز کیا اور رواں ماہ وہ اپنا مشن مکمل کرلیں گی۔

کیسنڈرا ڈی پیکول انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ آف پیس تھرو ٹورزم اینڈ اسکال انٹرنیشنل کی جانب سے امن کی سفیر ہیں، صحافیوں سے گفتگو میں کیسینڈرا ڈی پیکول کا کہنا تھا کہ ان کے دورے کا ایک مقصد یونیورسٹی ٹورازم کے طالب علموں سے ملاقات کرکے ذمے دارانہ صحافت اور معاشیات پر اظہار خیال کرنا ہے، رواں سال کے اوائل میں خطے میں افغانستان، بنگلہ دیش، بھارت، نیپال اور سری لنکا کا دورہ کرچکی ہوں لیکن پاٹا اور اسکے چیئرمین اکبر اے شریف کی ذاتی کاوشوں بشمول ویزا وغیرہ کے معاملات نمٹانے کی بدولت میرا کراچی، لاہور اور اسلام آباد کا دورہ ممکن ہو پایا ہے۔

پاکستان کے دورے سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ پاکستان آکرمجھے بے حد مسرت محسوس ہو رہی ہے یہاں کے لوگ بہت مہمان نواز ہیں اور سب سے مزے کی بات یہاں سب انگلش بولتے اور سمجھتے ہیں جس کی وجہ سے مجھے یہاں اپنائیت محسوس ہورہی ہے اور زبان کا مسئلہ نہیں ہو رہا، انھوں نے کہا کہ انسان کو سفر کرنا چاہیے اس سے آپ کا ذہن روشن ہوتا ہے میں جن بھی ممالک میں گئی ہوں بہت اچھا استقبال کیا گیا، کیسنڈرا پاکستان میں 13 دسمبر سے 17 تک قیام کریں گی جس میں وہ پاکستان کی صف اول کی یونیورسٹیوں جیسے آئی بی اے (کراچی)، بی این یو (لاہور) اور کامسیٹس (اسلام آباد) میں نوجوانوں سے ملاقات کریں گی، اسکے علاوہ روٹری کلب پاکستان بھی جائیں گی۔ وہ متعلقہ ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشنز کے تعاون سے کراچی اور لاہور میں خوبصورت مقامات کے نظارے بھی کریں گی۔

پاکستان میں کیسنڈرا کے پروگرام میں پاٹا پاکستان چیپٹر کیساتھ ملک کی صف اول کی تعلقات عامہ کی ادارے ایشیاٹک پبلک ریلیشنز نیٹ ورک کی جانب سے تعاون کیا جارہا ہے ،ان تقریبات میں سب سے اہم پاٹا پاکستان چیپٹر کی جانب سے استقبالیہ تقریب ہے جس میں پاکستانی ٹورزم انڈسٹری اور ایڈمنسٹریشن کے تمام شعبہ جات شریک ہونگے، اپنے پاکستان دورے کے دوران انھوں نے میئر کراچی وسیم اختر سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ درخت لگانے کی تقریب میں بھی شریک ہوئیں،واضح رہے کہ پاٹا پاکستان چیپٹر بین الاقوامی ٹورزم کا واحد ادارہ ہے جو 1982 میں قائم ہوا اور اپنے اراکین و اسٹیک ہولڈرز کو مختلف اقسام کی متاثرکن خدمات فراہم کرتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں