امریکی ڈالر ایک بار پھر 108 روپے کا ہوگیا

روپے کی قدر میں0.19 فیصد کمی، بھارتی کرنسی کا آفیشل لین دین شروع نہ ہوسکا


Business Desk December 18, 2016
سعودی ریال28.75، یواے ای درہم 29.4، یورو 114 اور پاؤنڈ کی قدر 135.5 روپے رہی۔ فوٹو : فائل

KARACHI: امریکی ڈالر ایک بار پھر 108 روپے کا ہوگیا۔ فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطابق ہفتہ کو اوپن مارکیٹ میں روپے کی قدر 0.19 فیصد گر گئی جس کے نتیجے میں امریکی ڈالر کی قیمت 107 روپے 80 پیسے سے بڑھ کر 108 روپے ہو گئی یعنی امریکی ڈالر کی قدر میں 20 پیسے کا اضافہ ہوا۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں امریکی ڈالر کی قدر 108 روپے سے تجاوز کر گئی تھی جس کے بعد حکومت نے مداخلت کی اور ڈالر کی اسمگلنگ کی اطلاعات پر ایئرپورٹس اور دیگر پوائنٹس پر نگرانی سخت کر دی گئی، اگرچہ ڈالر کی قدر نمایاں کمی کے بعد 107 روپے ہو گئی تھی تاہم گزشتہ ہفتے ڈالر کی قدر میں اضافے کا عمل پھر شروع ہوا جو ہفتے کے آخری روز ہفتہ کو 108 روپے ہو گئی۔

دوسری طرف بھارتی کرنسی کا آفیشل لین دین اب بھی بند ہے اور کوئی ریٹس جاری نہیں کیے جا رہے۔ علاوہ ازیں ہفتہ کو سعودی ریال کی قیمت 28روپے 75پیسے، یواے ای درہم کی 29 روپے 40پیسے، یورو کی 114 روپے، برطانوی پاؤنڈ کی 135 روپے50 پیسے، جاپانی ین کی 91پیسے، آسٹریلین ڈالر کی 78 روپے 74 پیسے، کینیڈین ڈالر کی 81 روپے، کویتی دینار کی 348 روپے73 پیسے، قطری ریال کی 29 روپے34 پیسے، عمانی ریال کی278 روپے 15 پیسے، بحرینی دینار کی 282 روپے 67 پیسے اورعراقی دینار کی 8 پیسے ریکارڈ کی گئی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں