قائدِ اعظم محمد علی جناح مشاہیرِعالم کی نظرمیں

قائد اعظم محمد علی جناح نہ صرف پاک وہند بلکہ دنیا بھر کے ایک عظیم مدبر اور رہنما تھے۔


سہیل یوسف December 25, 2016
مشاہیر عالم، جناح کی فہم، تدبر، عظمت اور تدبیر کے نہ صرف قائل تھے بلکہ دل سے ان کے مداح بھی تھے۔

کوہِ وقار اور بطلِ عظیم قائدِاعظم محمد علی جناح نہ صرف پاک وہند بلکہ دنیا بھر کے ایک عظیم مدبر اور رہنما تھے۔ آج ان کی 140ویں برسی پر ہم اُن کے عہد کے مشاہیر عالم کے الفاظ کو دہرائیں گے جو قائدِاعظم محمد علی جناح کی فہم و فراست، تدبر، عظمت اور تدبیر کے نہ صرف قائل تھے بلکہ دل سے ان کے مداح بھی تھے۔

اسٹینلے والپرٹ


'جناح آف پاکستان' کے مصنف ممتاز دانشور اور لکھاری اسٹینلے والپرٹ زندگی بھر ایک جانب تو لارڈ ماؤنٹ بیٹن کے شدید نقاد رہے تو دوسری جانب انہوں نے 'جناح کو آزادی پسند، صاحبِ عزم اور بہادر قائد' قرار دیا۔ تاہم قائدِاعظم کے بارے میں اُن کا یہ قول آبِ زر سے لکھنے کے لائق ہے۔
''کچھ لوگ تاریخ کے دھارے کو تبدیل کردیتے ہیں، جبکہ ان میں سے بھی کچھ دنیا کے نقشے کو بدل دیتے ہیں۔ ان میں بہت کم لوگ ہی نئی قومیت پر ملک تعمیر کرتے ہیں، اور جناح نے یہ تینوں کام کر دکھائے''۔

واضح رہے کہ اسٹینلے والپرٹ جب قائدِاعظم محمد علی جناح پر کتاب لکھ رہے تھے تو اُن کی شخصیت میں اصول پرستی، وقت کی پابندی اور سختی میں اضافہ ہوگیا۔ جب اُن سے اِس کی وجہ پوچھی گئی تو والپرٹ نے کہا کہ یہ باتیں میں نے محمد علی جناح کی زندگی سے سیکھی ہیں۔


وجے لکشمی پنڈت


وجے لکشمی پنڈت جواہر لعل نہرو کی بہن اور سیاستدان گزری ہیں۔ وہ روس میں ہندوستان کی سفیر بھی رہیں۔ قائدِاعظم محمد علی جناح کے بارے میں ان کا ایک قول بہت مشہور ہے۔
''اگر مسلم لیگ کے پاس 100 گاندھی 200 ابولکلام آزاد ہوتے لیکن کانگریس کے پاس ایک جناح ہوتے تو ہندوستان کبھی تقسیم نہ ہوتا''۔


بھارتی صدر فخرالدین علی احمد


''میں قائداعظم محمد علی جناح کو جنگ آزادی کا عظیم سپاہی قرار دیتا ہوں''۔


مہاتما گاندھی


''میں سمجھتا ہوں کہ جناح کو کوئی قوت نہیں خرید سکتی''۔


پنڈت نانک چن


''جناح کے فیصلے کسی چٹان کی طرح ہوتے تھے''۔


جواہر لعل نہرو


''اچھا کردار اور اچھی سیاست ہی جناح کے وہ راز ہیں جس سے انہوں نے کامیابی حاصل کی''

اسی طرح نہرو کا ایک اور قول بہت مقبول ہے،
''جناح تاریخ کے ایک غیرمعمولی کردار ہیں''۔


سر آغا خان سوئم


''میں نے زندگی میں اگر کسی عظیم رہنما سے ملاقات کی ہے تو وہ محمد علی جناح ہی ہیں''۔


سارت چندرا بوس


سبھاش چندرا بوس کے بڑے بھائی اور تحریک آزادی کے ممتاز رہنما اور کانگریسی عہدیدار سارت چندر بوش قائدِاعظم کے بارے میں کہتے ہیں،
''جناح صاحب قانون دان کی حیثیت میں عظیم ہیں، کانگریسی رہنما کی حیثیت سے عظیم تر، اور مسلمانوں کے عظیم ترین لیڈر ہیں۔ وہ عالمی سطح کے لیڈر اور باعمل انسان ہیں۔ اُن کی رحلت سے پاکستان ایک عظیم رہنما سے محروم ہوگیا کیونکہ وہ زندگی دینے والے، فلسفی اور قائد تھے''۔

اِس بات کا ذکر فاطمہ جناح نے اپنی کتاب میرے بھائی میں بھی کیا ہے۔

 

ہیری ایس ٹرومین


امریکی صدر ہیری ایس ٹرومین نے قائدِاعظم محمد علی جناح کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا،
''جناح کو جو وفاداری اور انسیت نصیب ہوئی وہ شاید ہی کسی انسان کے حصے میں آتی ہیں''۔


لارڈ ویول


1943ء سے 1947ء تک ہندوستان کے وائسرائے رہنے والے لارڈ ویول جناح کے بارے میں کہتے ہیں
''جناح ان میں انتہائی خوبرو شخص تھے جن سے میں اب تک ملا ہوں۔ وہ مغربی وضع قطع اور مشرقی عظمت اور تحریک کے حامل تھے''۔


سر ونسٹن چرچل


''میں اپنے دل سے اس عظیم لیڈر کی یاد نہیں مٹا سکتا۔''

 

لارڈ ماؤنٹ بیٹن


''جناح نے کبھی بھی کسی کے سامنے جھک کر معاہدہ نہیں کیا مگر برابری کی بنیاد پر''۔


برٹرینڈ رسل


''ہندوستان کی تاریخ میں کوئی شخص ایسا نہیں گزرا جسے محمد علی جناح جیسی محبت ملی ہو''


عبدالرحمان عظام پاشا


''عالم اسلام کے عظیم ترین رہنماؤں میں سے ایک محمد علی جناح تھے''۔

واضح رہے کہ عبدالرحمان عظام پاشا عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل گزرے ہیں۔


نیلسن منڈیلا


نیلسن منڈیلا بھی قائدِاعظم محمد علی جناح کے ایک بڑے مداح گزرے ہیں اور انہوں نے قائدِاعظم کو کچھ اِس طرح سے خراج تحسین پیش کیا ہے
''محمد علی جناح ہر اُس شخص کے لئے ایک احساس کا درجہ رکھتے ہیں جو نسلی اور گروہی امتیاز کے خلاف برسرِ پیکار ہیں''۔

نوٹ: ایکسپریس نیوز اور اس کی پالیسی کا اس بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

اگر آپ بھی ہمارے لئے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور 500 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹویٹر آئی ڈیز اور اپنے مختصر مگر جامع تعارف کےساتھ [email protected] پر ای میل کریں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں