شامی شہر اعزاز میں بم دھماکا 60 افراد ہلاک

ترک سرحد کے قریب باغیوں کے زیرقبضہ شہر میں بارود سے بھرے آئل ٹینکر کو مصروف مارکیٹ میں اڑا دیا گیا۔


/AFP January 08, 2017
دارالحکومت دمشق کے نواحی علاقے وادی برادا میں جنگ بندی کے باوجود جھڑپیں جاری۔ فوٹو: اے ایف پی/گیٹی

شام کے شہر اعزاز میں آئل ٹینکر بم دھماکے میں 60 افراد ہلاک اور 50 زخمی ہو گئے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ترک سرحد کے قریب واقع شامی شہر اعزاز کی ایک مصروف مارکیٹ میں قائم شرعی عدالت کی عمارت کے پاس بارود سے بھرے ہوئے آئل ٹینکر کو دھماکے سے اڑا دیا گیا جہاں پر احرار الشام کے درجنوں جنگجو جمع تھے، دھماکے میں 6 جنگجوؤں سمیت 60 افراد ہلاک اور 50 زخمی بھی ہوگئے جن میں سے بیشتر کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے جس کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ ہلاک ہونے والے زیادہ افراد عام شہری تھے کچھ لاشیں آگ میں بری طرح جھلس گئیں جن کی شناخت کرنا مشکل ہے، دھماکے سے متعدد گاڑیاں بھی تباہ ہوئیں۔

اطلاعات کے مطابق کہا جا رہا ہے کہ دھماکے کی جگہ پر احرار الشام تنظیم کے جنگجو جمع تھے، غیر مصدقہ ذرائع اس دھماکے میں داعش کے ذمے دار ہونے کا اشارہ دیتے ہیں۔ اے ایف پی کے مطابق دمشق کے قریب باغیوں سے جھڑپوں میں 7 شامی فوجیوں سمیت 9 افراد ہلاک ہوگئے، جھڑپوں میں 20 فوجی زخمی بھی ہوئے جن میں سے متعدد کی حالت نازک ہے، دمشق کے نواحی علاقے وادی برادا میں جنگ بندی کے باوجود جھڑپیں جاری ہیں۔

دوسری جانب ترک فوج نے جھڑپوں میں 21 داعش کے جنگجوؤں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے، ترک فوج کی جانب سے داعش کے 12 ٹھکانوں کو جنگی طیاروں کے ذریعے نشانہ بنایا گیا، ترک صدر رجب طیب اردوان نے اعلان کیا کہ ملک میں موجود کئی لاکھ شامی اور عراقی مہاجرین میں سے کئی کو ترک شہریت دی جائے گی، انھوں نے کہا کہ وزارت داخلہ اس سلسلے میں کام کر رہی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں