ملازمت کا جھانسہ دے کر لوٹنے والوں کیخلاف کارروائی

965 پروموٹرز کے خلاف شکایتیں،30کے لائسنس منسوخ، 1 کروڑ روپے جرمانہ عائد


اظہر جتوئی January 08, 2017
کسی بھی پروموٹر کے خلاف جب کوئی شکایت آتی ہے تو اس کے خلاف فوری کاررروائی کی جاتی ہے۔ فوٹو: فائل

سادہ لوح پاکستانیوں کو ملازمت کا جھانسہ دے کر لوٹنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 30پروموٹرز کے لائسنس منسوخ اور 1 کروڑ روپے جرمانہ عائد کر دیا گیا ہے۔

وزارت سمندر پار پاکستانیز کے ذیلی ادارے اوورسیز پاکستانیز کارپوریشن کی دستاویزات کے مطابق اس وقت ملک بھر میں 4 ہزار پروموٹرز رجسٹرڈ ہیں جن میں بعض پروموٹرز لوگوں سے لوٹ مار میں ملوث پائے گئے ہیں جن کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے، 1سال میں 965پروموٹرز کے خلاف شکایات موصول ہوئیں جس پر فوری کارروائی کی گئی، ان میں سے 220پر موٹرز کے کیسز ایف آئی اے کے حوالے کر دیے گئے، 326کے خلاف کارروائی جاری ہے جبکہ 419شکایات کو نمٹا دیا گیا ہے، سب سے زیادہ شکایات راولپنڈی سے 739موصول ہوئیں، ملتان سے 22،کراچی سے 34، پشاور سے 37، مالاکنڈ 39 اور لاہور سے 94شکایات موصول ہوئیں۔

دستایزات کے مطابق آر ایس انٹرنیشنل، دی پاک کنسلٹنٹ اوورسیز مین پاور، ساگا انٹرنیشنل، اورنگزیب اور فرینڈز، شہباز انٹرپرائزز، فادر لائن انٹر پرائزز، پاک مین پاور انٹرپرائزز، ضیا ٹریول ایجنسی، دلشاد برادرز، پرل اوورسیز ایمپلائمنٹ ایجنسی، الاتحاد ایجنسی، النور کور، مجاہد کارپوریشن، یعقوب اینڈ سنز، بلیو گلف ایجنسی، ڈائمنڈ انٹرپرائززکو بند کر دیا گیا، سیف مین پاور سروسز پاکستان پر 25ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا، توضیف الموتی انٹرنیشنل کو بھی 25 ہزار روپے، شیر آباد اورسیز پر20 ہزار جرمانہ، الزیان مین پاور سپلائی سروسز کو 20ہزار، امپیریل مین پاور 10ہزار، الفہد مین پاور نیورو پر 20 ہزار جرمانہ،تربیلا مین پاور سروسز پر20 ہزار، ٹون سٹی انٹرنیشنل پر 20ہزار،جانباز اوورسیز پرموٹرز پر 20ہزار، جمیل انٹر نیشنل پر30 ہزار، اسٹپ انٹرنیشنل پر 20ہزار، فیصل عثمان پرموٹرز 10ہزار، ای جی انٹرنیشنل ریکروٹنگ ایجنسی پر 10ہزار، سلمی انٹرپرائزز پر 25ہزار، پیرامڈ انٹرنیشنل پر 15ہزار ،سمیت دیگر شامل ہیں۔

''ایکسپریس'' کے رابطہ کرنے پر ڈی جی امیگریش کاشف نور نے بتایا کہ کسی بھی پروموٹر کے خلاف جب کوئی شکایت آتی ہے تو اس کے خلاف فوری کاررروائی کی جاتی ہے، جو اچھی ساکھ کے پروموٹرز ہیں ان میں سے 100 پرو موٹرز کے نام قطر کے لیے بھیجے گئے ہیں تاکہ قطر کو 1لاکھ افرادی قوت بھیجی جا سکے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔