ناپا کا تھیٹر اور موسیقی فیسٹیول 13 جنوری سے شروع ہوگا

فیسٹیول میں 4 سال کے دوران گریجویٹ طالبعلم تھیٹر پیش کرینگے، ارشد محمود


نمرہ ملک January 10, 2017
فیسٹیول 13 جنوری سے 22 جنوری تک جاری رہے گا۔فوٹو: ایکسپریس

RIYADH, SAUDI ARABIA: نیشنل آکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹ کے تحت دس روزہ نوجوان ہدایتکار تھیٹر اور موسیقی فیسٹیول کا آغاز 13 جنوری سے کیا جارہا ہے، فیسٹیول میں ناپا کے چار سال کے دوران گریجویٹ ہونے والے طالبعلم تھیٹر پیش کریں گے، اس بات کا اعلان ناپا ریپرٹری تھیٹرکے پروگرام ڈائریکٹر اور ایڈمنسٹریٹرارشد محمود نے گذشتہ روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

ناپا ریپرٹری تھیٹرکے پروگرام ڈائریکٹر اور ایڈمنسٹریٹرارشد محمود کے ہمراہ فیسٹیول ڈائریکٹر زین احمد اور ایڈمنسٹریٹر ناپا ریپریٹری تھیٹراکبر اسلام موجود تھے۔ فیسٹیول میں تھیٹر ڈرامہ، اداکاری اور میوزک پرفارمنس پیش کی جائیں گی جو کہ ناپا کے نوجوان ٹیلنٹ اور پرفارمنگ آرٹس کو فروغ دینے کی کوشش ہے۔

ارشد محمود نے کہا کہ تھیٹرکو اگرکچھروز کے لیے پرفارم نہ کیا جائے تو یہ وہ فن ہے جو روٹھ جاتا ہے تھیٹر مسلسل مشق کرتے رہنے سے مضبوط ہوتا ہے، اس فیسٹیول کے ذریعہ ہم مستقبل کے راحت کاظمی اور طلعت حسین کو پلیٹ فارم مہیا کررہے ہیں اور ان نوجوان ہدایتکاروں کو فن کے مظاہرے کا موقع دے رہے ہیں۔

فیسٹیول ڈائریکٹر زین احمد نے کہا کہ یہ فیسٹیول 2012 میں منعقد ہونے والے پہلے فیسٹیول کی کڑی ہے جس میں چھ کھیل پیش کیے گئے تھے، اس سال 12 نئے ڈرامہ پیش کیے جارہے ہیں، یہ تمام نوجوان پہلی بار ہدایت کاری کررہے ہیں، اس فیسٹیول کے ساتھ ہی ہم زیر زمین تھیٹر اسٹیج کا بھی آغاز کررہے ہیں جہاں شام 6 کھیل پیش کیا جائے گا۔

زین نے بتایا کہ تھیٹر ڈراموں کے ساتھ ساتھ دو روز موسیقی فیسٹیول بھی منعقد ہوگا جس میں نہ صرف ناپا کے طالبعلم بلکہ مختلف گھرانوں سے تعلق رکھنے والے موسیقار بھی پرفارم کریں گے، موسیقی فیسٹیول میں کلاسیکل اور جدید ہر طرز کی موسیقی پیش کی جائے گی۔

ایڈمنسٹریٹر ناپا ریپریٹری تھیٹراکبر اسلام نے کہا کہ ناپا ہمیشہ سے پرفارمنگ آرٹس کے شعبہ میں نئے ٹیلنٹ کو پروموٹ کرتا آیا ہے اور آگے بھی کرتا رہے گا۔ فیسٹیول میں کھیل پیش کرنے والے ہدایت کاروں میں وجدان شاہ، سیدہ ماہا علی، مسعود الرحمان، کلیم غوری، عبید اقبال، شمائلہ تاج،مقبول،زرقا ناز، عقیل احمد، طحہ خان، فراز چوٹانی اورذکی اﷲ خان شامل ہیں۔ فیسٹیول 13 جنوری سے 22 جنوری تک جاری رہے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں