نوازشریف اور آصف زرداری کی جلد ملاقات کا امکان

وزیراعظم نوازشریف نے سالگرہ پرٹیلیفونک گفتگومیں ملنے کی خواہش کی، ذرائع


نوید معراج January 11, 2017
رابطہ اہم ہے،پی پی احتجاج پارلیمنٹ تک رکھناچاہتی ہے،سیاسی پنڈت ۔ فوٹو: فائل

امکان ہے کہ وزیراعظم نوازشریف اور سابق صدر آصف علی زرداری جلد ملاقات کریں گے جس میں ملک کے سیاسی معاملات زیرغور آئیں گے۔

زرداری ہاؤس کے ذرائع نے ایکسپریس کو بتایاکہ اس بات کافیصلہ دونوں رہنماؤں کے درمیان ٹیلی فون پر بات چیت میں اس وقت کیاگیاجب آصف زرداری نے گزشتہ ماہ وزیراعظم نوازشریف کو ان کی سالگرہ پر مبارکباددی۔ ذرائع نے بتایا کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان ٹیلی فون پرہونے والی گفتگو میں ملک کی سیاسی صورتحال پربھی تبادلہ خیال کیاگیااور جمہوری نظام کے مزیداستحکام کیلیے مذاکرات کی ضرورت پرزوردیا گیا۔ ذرائع نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف نے سابق صدرزرداری کواگلی دفعہ اسلام آباد آنے پرملاقات کرنے کی دعوت دی۔

ذرائع نے مزیدکہا کہ موجودہ صورتحال میں جب مسلم لیگ (ن) کی حکومت کوپاناما پیپرزکے حوالے سے تحریک انصاف کی مشکل اپوزیشن کاسامناہے، مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی کی اعلیٰ رہنماؤں کے درمیان ٹیلی فون پر رابطہ اہمیت کاحامل ہے۔

ادھرسیاسی پنڈتوںنے وزیراعظم نوازشریف اور سابق صدرزرداری کے درمیان حالیہ رابطے سے متعلق کہا کہ سابق صدرزرداری کاواپس پاکستان آنا اور پھربلاول بھٹوزرداری کی جانب سے اعلان کردہ پیپلز پارٹی کے4 مطالبات تسلیم نہ کرنے کی صورت میں حکومت کیخلاف احتجاجی مارچ شروع کرنے کے اعلان میں تاخیر ظاہر کرتا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی اپنا احتجاج صرف پارلیمنٹ کے اندرکرنے کی منصوبہ بندی کررہی ہے اور تحریک انصاف کی طرح سخت رویہ نہیں اپنائے گی۔

موجودہ سیاسی صورتحال سے متعلق سیاسی پنڈتوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی پاناما پیپرزکیس میں حکومت کے خلاف احتجاج نہیں کرنا چاہتی، اس کے پیچھے بڑی وجہ یہ ہے کہ مسلم لیگ(ن) کے پاس بھی کچھ شواہدہیں اگو وہ فاش ہوئے توپیپلزپارٹی کی کرپشن بھی سامنے آ جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں