مائیکرو کمپیوٹر کا انتخاب

ایسی کمپنی کے ساتھ کام کریں جو انڈسٹری میں نئی جدتیں پیدا کرنے میں صف اول کی کمپنی کی حیثیت رکھتی ہو۔


Khurram Mansoor Qazi December 31, 2012
آپ کو اپنے کمپیوٹر کے ساتھ چند اضافی کمپونینٹ بھی منسلک کرنے کی ضرورت پڑے۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD: آج کل کمپیوٹر ہر ادارے اور گھر کی ضرورت بن گیا ہے، خاص کر نوجوان طبقہ چاہے وہ طلباء و طالبات ہوں یا بزنس سے وابستہ ہوں یا کسی ادارے میں نوکری پیشہ ہوں،کیلئے کمپیوٹر روز مرہ زندگی کا ایک جزوِ لا ینفک بن گیا ہے ۔

آج کل کمپیوٹر کی خرید وفروخت کی دکانیں کھمبیوں کی طرح اگ چکی ہیں۔ ہر علاقے اور مارکیٹ میں یہ دکانیں موجود ہیں جہاں نئے اور پرانے کمپیوٹر وافر تعداد میں دستیاب ہیں۔ مگر مشاہدے میں یہ بات آئی ہے کہ بے شمار نوجوان جو کمپیوٹر ہارڈ ویئر سے واقف نہیں ہوتے یا تو دکانداروں کے ہاتھوں لُٹ جاتے ہیں یا پھر مہنگے داموں ایسا کمپیوٹر سسٹم خرید بیٹھتے ہیں، جو ان کی ضروریات کو پورا نہیں کر پاتا۔ بعد ازاں پتا چلنے پر یا تو ان کی دکاندار کے ساتھ لڑائی مار کٹائی کی نوبت آ جاتی ہے، یا پھر انھیں کسی ماہر سے مشورہ کر کے اور مزید پیسے لگا کر نیا کمپیوٹر خریدنا پڑتا ہے۔

آپ اپنا پہلا پی سی خرید رہے ہوں یا اپنے آفس کے لئے پورا نیٹ ورک بنا رہے ہوں، اس کی آپ کی ذاتی یا ادارے کی ضروریات سے مطابقت ہونا ضروری ہے۔ ہم درج ذیل میں کچھ اہم نکات کا ذکر کریں گے۔ اگر آپ پی سی خریدتے وقت ان کو مد نظررکھیں گے تو آپ کے وقت اور پیسے کا زیاں بھی نہ ہو گا، جبکہ احتیاط سے خریدا گیا کمپیوٹر سسٹم بہتر کام کے ماحول کے لئے مدد گار ثابت ہو گا۔

آپ کو کمپیوٹر کی ضرورت کیوں ہے؟

آپ کو اور کمپنی کے کارکنوں کو واضح طور پر اہمیت کی ترجیح کے ساتھ، ان تمام کاموں کی فہرست بنانی چاہیے جن کو آپ کمپیوٹر پر کرنا چاہتے ہوں، اس کے بعد درج ذیل باتوں کا خیال رکھیں:۔

مرمت کئے ہوئے یا پزرے تبدیل کر کے چمکائے ہوئے کمپیوٹروں سے ہوشیار رہیں۔ کمپیوٹر ٹیکنالوجی پر ہونے والے بہت سے اخراجات ہارڈ ویئر کے نہیں ہوتے، بلکہ اس کے دیگر عوامل ہوتے ہیں جیسے لیبر اور وقت وغیرہ ہو سکتا ہے۔ ٹیکنالوجی کا شوق رکھنے والے کارکنان بار بار آپ کو ترغیب دیں گئے کہ کچھ پرزوں کو اپ گریڈ کر کے کمپیوٹر کی زندگی میں اضافہ کر لیں، یا ٹوٹے پھوٹے کمپیوٹروں سے نئے کمپیوٹر بنا کر اخراجات بچا لیں۔

ممکن ہے اس طرح سے بنائی جانے والی پروڈکٹ کسی نئے کمپیوٹر کے مقابلے میں سستی ہو، لیکن کیا یہ چلے گی یا کتنے دن بعد اس کو پھر سے بنانا پڑے گا؟اس کے بارے میں یقین سے کچھ نہیں کہا جا سکتا اور اس کے نتیجے میں ہونے والی روز روز کی الجھنیں آپ کے ان ہی مشورہ دینے والے کارکنان کی توجہ اپنی دوسری اہم ذمے داریوں سے ہٹا کر غیر اہم مسائل میں الجھائے رکھیں گی کیونکہ آپ نے کمپیوٹر خریدتے وقت غلط طور پر پیسے بچانے کا فیصلہ کیا تھا، یہ پیسے بچانا نہیں ہوا بلکہ اخراجات اور الجھنوں کو بلاوجہ بڑھانا ہوا۔

اس بات کا فیصلہ بھی اہم ہے کہ آپ کو لیپ ٹاپ یا ڈیسک ٹاپ میں سے کس قسم کے کمپیوٹر کی ضرورت ہے۔ اگر آپ کے کارکنان کے فرائض اس قسم کے ہیں کہ وہ اپنا زیادہ وقت دفتر کے باہر گزارتے ہیں اور ان کو کمپنی کے ڈیٹا کی کہیں بھی ضرورت پڑ سکتی ہے تو پھر آپ کے لئے لیپ ٹاپ خریدنا بہتر ہے۔ وائرلیس ٹیکنالوجی جیسے کہ انٹیل کی سینترینو ٹیکنالوجی ہے، یہ تقریباً تمام انٹرنیشنل ایئرپورٹس،کیفے یا وائر لیس آفس سے کہیں بھی رابطہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ لیپ ٹاپ ڈیسک ٹاپ کے مقابلے میں مہنگے تو ضرور ہوتے ہیں لیکن یہ ڈیسک ٹاپ کے مقابلے میں کہیں زیادہ تیز رفتاری سے کام سر انجام دیتے ہیں۔

سب سے پہلے آپ کو آپریٹنگ سسٹم کا انتخاب کرنا ہے۔ OS, Macinatosh, linuxLynx, Windows میں اپنی اپنی خوبیاں ہیں، ہر چند کہ Windows اس وقت دنیا بھر میں تقریباً 85 فیصد کمپیوٹروں میں استعمال ہو رہا ہے، تاہم Lynx کا استعمال بھی گزرتے وقت کے ساتھ ساتھ بڑھتا جا رہا ہے۔ آپ کو جس سسٹم میں آسانی ہو اور جو سسٹم آپ کے کام کی ضرورتوں پر پورا اتر سکے، آپ اسی سسٹم کا انتخاب کریں۔ زیادہ تر کمپنیاں کمپیوٹر سے ورڈ پروسیسنگ اور اکائونٹنگ کے کام لیتی ہیں، ان کاموں کے لئے مائیکرو سافٹ آفس سب سے زیادہ مقبول سافٹ وئیر ہے۔ پھر آپ کو انڈسٹری کے لئے مخصوص سافٹ وئیر کی ضرورت ہو سکتی ہے، تقریباً تمام سافٹ وئیر اپنے پیکج پر واضح طور پر یہ لکھتے ہیں کہ ان کو چلانے کے لئے کس قسم کے ہارڈوئیر اور آپریٹنگ سسٹم کی ضرورت ہے، اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ وہ پی سی خریدیں جو آپ کی ضرورت کے سافٹ وئیر کو چلانے کی پوری صلاحیت رکھتا ہو۔

اگر آپ پروفیشنل پروگرام چلانے یا اسپیشلائزڈ کام کرنے کا ارادہ رکھتے ہوں تو عین ممکن ہے کہ آپ کو اپنے کمپیوٹر کے ساتھ چند اضافی کمپونینٹ (Component) بھی منسلک کرنے کی ضرورت پڑے۔ اگر آپ زیادہ مقدار میں وڈیو یاگرافک کا کام کر رہے ہیں تو پھر ضروری ہے کہ آپ اپنے کمپیوٹر میں ایسا وڈیو کارڈ لگائیں جس میں گرافک ایکسیلیریٹر شامل ہو۔ جتنے بہتر معیار کا وڈیو کارڈ آپ لگائیں گے، آپ کے مانیٹر اسکرین پر اتنی ہی بہتر وڈیو یا تصویر آئے گی۔ اپنے کارکنان اور کمپنی کی تصاویر ویب سائٹ پر دینے کے لئے ڈیجیٹل کیمرے بہترین رزلٹ دیتے ہیں۔ ویب کیم کی مدد سے آپ کے کارکنان ملک کے کسی بھی کونے سے فیس ٹو فیس میٹنگیں کر سکتے ہیں۔ بہت سی کمپنیاں آپ کے کمپیوٹر کے ساتھ یہ اضافی ڈیوائسز مفت فراہم کرتی ہیں، لیکن اگر ان کو بازار سے بھی خریدا جائے تو ان کی قیمت چند ہزار روپے سے زیادہ نہیں ہو گی۔

ایک اندازے کے مطابق ایشیا میں کمپیوٹر استعمال کرنے والوں کی ہر دس میں سے ایک ٹرانزیکشن میں انٹرنیٹ فراڈ ہو رہا ہے۔ اسی قسم کی صورت حال بزنس اور گورنمنٹ ٹرانزیکشنز میں پائی جاتی ہے۔ اگر آپ کی ٹرانزیکشن محفوظ بھی ہو تب بھی وائرس کا خطرہ تو بہر حال موجود رہتا ہے جو آپ کے سسٹم کو کسی بھی دن سست رفتار یا مستقل طور پر بند کر سکتا ہے ۔ ہر سال وائرس اور وارمز کی وجہ سے بزنس کو بلین ڈالرز کے نقصانات برداشت کرنا پڑتے ہیں۔ ایسے میں آپ اپنے بزنس کے ڈیٹا کے سلسلے میں کسی قسم کا رسک نہیں لے سکتے۔ اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ کا کمپیوٹر اتنا پاور فل ہو کہ وہ کسی دوسرے پروگرام کو متاثر کئے بغیر اینٹی وائرس پروگرام چلا سکے۔ ملٹی ٹاسکنگ کے لئے اس وقت ہائپر تھریڈنگ ٹیکنالوجی سپورٹ کرنے والے سسٹم بیک وقت دو الگ الگ تھریڈز یا انفارمیشن پر کام کر سکتے ہیں۔

کمپیوٹرٹیکنالوجی روزانہ اپ گریڈ ہوتی رہتی ہے۔ رینڈم ایکسس میموری آپ کے کمپیوٹر کی وہ میموری ہے جو ہر وقت استعمال میں رہتی ہے، یعنی وہ میموری جو آپ کا کمپیوٹر پروگرام چلاتے وقت استعمال کرتا ہے۔ سسٹم پر کام کے دوران یہ وہ جگہ ہے جہاں آپ کا کمپیوٹر معلومات محفوظ کرتا ہے، بیسک ایپلیکیشنز کے لیے آپ کے کمپیوٹر میں کم از کم 256 Megabytes MB کی RAMہونی چاہیے۔ اگر آپ گرافکس پروگرام یا دوسرے بڑے پروگرام چلا رہے ہیں تو آپ کے کمپیوٹر میں کم از کم 512 MB کی ریم ہونی چاہیے۔ آپ کے کمپیوٹر کی ہارڈ ڈسک وہ جگہ ہے جہاں آپ کا کمپیوٹر لمبے عرصے کے لیے ڈیٹا محفوظ کرتا ہے۔ بنیادی ورڈ پروسینگ یا دوسری چھوٹی فائلوں کے لئے 40 گیگا بائٹس گنجا ئش کی ہارڈ ڈسک کافی ہو گی لیکن اگر آپ بہت ساری امیچز میوزک یا دوسری بڑی فائلوں پر کام کر رہے ہیں تو بہتر ہے کہ آپ کم از کم 80 GB کی ہارڈ ڈسک استعمال کریں۔

پاور فل کمپیوٹر کو ریسنگ کار کی طرح پرکھا جاتا رہا ہے۔ جتنی تیزی سے کمپیوٹر کام کرے گا، اتنا ہی اس کو بہتر سمجھا جائے گا، لیکن پچھلے چند برسوں میں بہت سے کمپیوٹر خریدنے والے اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ کمپیوٹر خریدتے وقت اس کی پاور ہی سب کچھ نہیں ہے۔ مثال کے طور پر اب جب کہ زیادہ سے زیادہ لوگ لیپ ٹاپ خریدنے کی طرف جا رہے ہیں وہ یہ بھی سوچتے ہیں کہ اس میں استعمال ہونے والا پروسیسر بیٹری لائف ،کمپیوٹر کے وزن اور اس کی وائر لیس صلاحیت پر کس طرح اثر انداز ہو رہا ہے۔ اصل بات ذہن میں رکھنی چاہیے کہ آپ کمپیوٹر کو کس مقصد کے لئے استعمال کر رہے ہیں۔ اگر آپ ایسے پروگرام استعمال کر رہے ہیں جس میں بہت زیادہ کمپیوٹنگ کی ضرورت پڑتی ہے یا بہت زیادہ ملٹی ٹاسکنگ کا استعمال ہوتا ہے تو پھر زیادہ پاور فل کمپیوٹر خرید لیں۔ رفتار سے قطع نظر سکیورٹی کے اعتبار سے ہائپر تھریڈنگ ٹیکنالوجی سپورٹ کرنے والا پینٹیم 4 پروسیسر استعمال کرنے والا کمپیوٹر بہتر سمجھا جاتا ہے اور اگر آپ ایک ہلکے پھلکے وزن کے کمپیوٹر کی تلاش میں ہیں تو سینترینو موبائل ٹیکنالوجی کا پروسیسر رکھنے والا کمپیوٹر بہترین ہے۔

کمپیوٹر ایک ایسی انویسٹمنٹ ہے جس کو ڈیسک ٹاپ کے لئے تین سال اور نوٹ بک کے لئے دو سال تک بہترین پرفارمنس دینی چاہیے، بہترین پرفارمنس سے مراد ہے کہ آج جو کام کر رہے ہیں وہ نئے سافٹ وئیر کے لئے کافی گنجائش والا ہو اور اگر اس عرصے میں آپ کے کام میں مزید اضافہ ہوتا ہے تو وہ بھی آسانی سے اپنے کمپیوٹر سے انجام دے سکیں۔ اس وقت چند ہزار روپے بچا کر آئندہ کے لئے پریشانی مول لینے کی غلطی نہ کریں۔

کسی ایسی قابل اعتبار کمپیوٹر کمپنی کے ساتھ کام کریں جو کم سے کم آپ کے خریدے ہوئے کمپیوٹر کی لائف تک تو مارکیٹ میں خود بھی رہے، ایسی کمپنی کے ساتھ کام کریں جو انڈسٹری میں نئی جدتیں پیدا کرنے میں صف اول کی کمپنی کی حیثیت رکھتی ہو۔ ہو سکتا ہے کہ جو کمپیوٹر آپ خرید رہے ہیں اس کی اسپیڈ بھی وہی ہو اور اس کی قیمت بھی کم ہو لیکن ایسے سسٹم وہ کوالٹی فراہم نہیں کر سکتے جو کہ ایک معروف کمپنی ہزاروں گھنٹوں کی تحقیق اور تجربے کے بعد آپ کو فراہم کر رہی ہے۔ اگر آپ مندرجہ بالا باتوں کا خیال رکھیں گے تو آپ ساری اشتہاری اور سیلز کی غلط بیانی سے بچتے بچاتے صحیح فیصلے تک پہنچ سکتے ہیں۔اس طرح آپ کے قیمتی وقت اور پیسے کی بچت کے ساتھ ساتھ آپ کا منتخب شدہ کمپیوٹر یا کمپیوٹر سسٹم بھی آپ کا بہترین پارٹنر ثبت ہو گا، جو آپ کو ٹیکنالوجی کے سقم سے ممکنہ حد تک محفوظ رکھے گا ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں