سری لنکا میں دوسری پاکستان سنگل کنٹری نمائش شروع

156کمپنیاں شریک،پاکستانی ہائی کمشنر،ٹی ڈیپ چیف اور سری لنکن وزرا نے افتتاح کیا۔


Business Desk January 14, 2017
نمائش اتوارتک جاری رہے گی جس میں 156پاکستانی کمپنیاں اپنی مصنوعات پیش کررہی ہیں۔ فوٹو: اے پی پی

MANSEHRA: پاکستان کی سری لنکا میں دوسری سنگل کنٹری نمائش شروع ہوگئی جو ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان سری لنکا میں پاکستانی ہائی کمیشن کے تعاون سے منعقد کر رہی ہے، یہ سری لنکا میں پاکستان کی اب تک کی سب سے بڑی نمائش ہے۔

رپورٹس کے مطابق پاکستانی ہائی کمشنر میجر جنرل ریٹائرڈ سید شکیل حسین نے مہمان خصوصی سری لنکن وزیر کھیل دیاسیری جایاسیکرا، وزیر پارلیمانی اصلاحات و ماس میڈیا گیانتھا کروناتھیلاکا، وزیر لا اینڈ آرڈر ساگالا رتنائیکے، وزیر مسلم مذہبی امور ایم ایچ اے حلیم، وزیر مملکت قومی ہم آہنگی اے ایچ ایم فوزی اور ٹی ڈی اے پی چیف ایگزیکٹو ایس ایم منیر نے باضابطہ طور پر پاکستان سنگل کنٹری نمائش 2017کا افتتاح کیا، نمائش میں انجینئرنگ مصنوعات، آٹو پارٹس، ایگرو پروڈکٹس، ٹیکسٹائل اینڈ کلاتھنگ، ڈیزائنر ویئر، دستکاری و روایتی ٹیکسٹائل، فارماسیوٹیکلز، کٹلری، فرنیچر، قالین، ماربل و خدمات سے متعلق بڑی پاکستانی کمپنیاں اور مینوفیکچررز شرکت کر رہے ہیں۔

پاکستانی ہائی کمشنر شکیل حسین نے نمائش کاافتتاح کرتے ہوئے کہاکہ اس سال نمائش اس حوالے سے بھی منفرد ہے کہ یہ پاکستان کے اندر یا بیرون ملک منعقد ہونے والی سب سے بڑی نمائش ہے جس میں 156 کمپنیاں شریک ہیں جو پاکستانی اور سری لنکن کاروبار کی جانب سے مثبت ردعمل کی عکاسی ہے، ایسے ایونٹس سری لنکن کاروباری برادری کیلیے پاکستانی کاروباری اداروں کے ساتھ بی ٹو بی میٹنگز کے ذریعے رابطے کرنے کا بہترین موقع ہیں۔ انھوں نے امید ظاہر کی کہ سی پیک منصوبوں کے تحت سرمایہ کاری کے ساتھ پاکستانی معاشی ترقی کی رفتار 2سال کے اندر 5 فیصد سے بڑھ کر7فیصد تک پہنچ جائیگی، سری لنکن حکومت کو اپنی مصنوعات اور خدمات پاکستان میں پیش کرنے کیلیے مواقع ڈھونڈنے چاہئیں۔

زرعی صنعتوں کے سری لنکن وزیر نوین ڈیسنائی کے نے کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات ہر گزرتے دن کے ساتھ مضبوط سے مضبوط تر ہوتے جا رہے ہیں، سری لنکن حکومت مشکل کے وقت پاکستان کی مدد کو کبھی نہیں بھولے گی۔ایس ایم منیر نے کہاکہ پاکستان تیزی سے ابھرتی معیشت ہے جہاں حکومتی پالیسیوںسے کاروبار دوست ماحول پیدا ہوا، بلومبرگ نے پاکستان اسٹاک ایکس چینج کو بہترین کارکردگی کے حوالے سے دنیا میں 5واں درجہ دیا ہے، سی پیک حقیقی گیم چینجز ہے جو پورے خطے کیلیے فائدے مند ہوگا۔

افتتاح کے بعد مذکورہ شخصیات نے اسٹالز کا دورہ کیا اور پاکستانی مصنوعات کے معیار اور تنوع کو سراہا، ایونٹ میں سری لنکن بزنس کمیونٹی کی متعدد اہم شخصیات، سفارتکاروں اور عوام نے بھرپور شرکت کی، نمائش 15 جنوری تک جاری رہے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں