کیا آپ چھٹیوں پر جا رہی ہیں

آپ کا ارادہ چند دنوں یا چند ہفتوں کے لیے گھر کو بند رکھنے کا ہے تو حفاظتی اقدام ضرور کیجیے۔


Munira Adil December 31, 2012
آپ کی غیر موجودگی میں گھر اور تمام اشیا محفوظ رکھنے کے لئے احتیایطی تدابیر بہت ضروری ہیں۔ ۔فوٹو: فائل

بچوں کی چھٹیاں ہوتے ہی بہت سے گھرانوں میں گھومنے پھرنے، سیر و سیاحت کے منصوبے بننے لگتے ہیں۔

کچھ لوگ دوسرے شہر جانا پسند کرتے ہیں، پہاڑی علاقوں یا قدرتی حسن سے مالا مال صحت افزا جگہوں کی سیر کے منصوبے بنتے ہیں، تو کچھ گھرانے بیرون شہر اور بیرون ملک سیر و تفریح کی منصوبہ بندی کرتے ہیں۔ اگر آپ بھی ایسی کوئی منصوبہ بندی کر رہی ہیں اور آپ کا ارادہ چند دنوں یا چند ہفتوں کے لیے گھر کو بند رکھنے کا ہے تو چند حفاظتی اقدام ضرور کیجیے تاکہ آپ کی غیر موجودگی میں آپ کا گھر اور گھر کی تمام اشیا محفوظ رہیں۔

اپنے کسی قابل اعتماد رشتہ دار یا دوست سے درخواست کیجیے کہ وہ اکثر وبیشتر آپ کے گھر کا چکر لگا لیا کرے۔ اگر آپ کے پڑوسیوں سے اچھے تعلقات ہیں اور وہ قابل بھروسا ہیں تو وہ سب سے بہترین انتخاب ہیں کیوں کہ خدانخواستہ کسی ہنگامی صورت حال میںوہ سب سے پہلے مدد کر سکتے ہیں، لہٰذا آپ جس کا بھی انتخاب کریں ان کو اپنے گھر کی چابیوں کا ایک گچھا دے دیجیے۔ اس کے علاوہ شہر یا ملک سے باہر ہونے کی صورت میں آپ کے فون نمبر، پتا یا آپ سے رابطے کے لیے ممکنہ معلومات ان کو فراہم کر دیجیے۔ اس کے علاوہ ان کو ہدایت کیجیے کہ آپ کے میل باکس کو وقتاً فوقتاً دیکھتے رہا کریں۔ کیوں کہ بھرا ہوا میل باکس یا جمع شدہ ڈاک واضح اشارہ ہوتا ہے کہ گھر میں کوئی موجود نہیں۔ اس کے علاوہ اگر آپ کے پاس کوئی پالتو جانور یا پودے ہیں تو ان کو بھی کسی کے سپرد کر کے جائیں، اسی طرح اخبارات کے لیے بھی پڑوسیوں کو کہہ سکتی ہیں۔

کچھ عرصے کے لیے گھر بند کرنے سے پہلے ضروری ہے کہ گھر کی اچھی طرح صفائی کر لیجیے۔ بہ صورت دیگر اتنے دنوں میں صفائی ستھرائی کی صورت حال بہت ابتر ہوجائے گی اور کیڑے مکوڑوں اور جراثیم کی افزائش کا سبب ہو گا۔ اپنے تمام نوکر چاکر، ماسیوں اور ڈرائیور کو اتنے دن کی رخصت دے دیجیے، لیکن اگر کوئی چوکی دار یا سکیورٹی گارڈ ہے تو اس کو چھٹی نہ دیجیے۔

04

گھر میں باغیچہ موجود ہے یا کیاریوں میں پودے لگے ہیں تو مالی کو اس بات پر آمادہ کیجیے کہ آپ کی غیرموجودگی میں وہ روز آکر باغیچے کی دیکھ بھال کرے اور پانی دے، لیکن یہ سب چوکی دار، پڑوسی یا دوست کی نگرانی میں ہو۔ گھر میں موجود نقدی، زیور یا ضروری کاغذات وغیرہ بینک کے لاکر میں رکھوا دیں۔ اپنی تمام الماریاں، درازیں وغیرہ سب اچھی طرح بند کریں۔

فریج اور فریزر کو خالی کر کے اس کی صفائی کریں اور کچھ دیر کھلا چھوڑ دیں۔ تمام بجلی کے پلگ نکال دیں، بٹن بند کر دیں، بجلی اور گیس کے سوئچ بند کر دیں۔ غسل خانے، باورچی خانے وغیرہ میں نالیوں کو جالی لگاکر سیل کردیں اور کوئی کیڑے مار دوا تمام چھوٹے بڑے کمروں میں چھڑک دیں۔ دروازے، کھڑکیوں کو اچھی طرح مقفل کریں، اگر آپ کے گھر میں کوئی سکیورٹی الارم سسٹم موجود ہے تو سکیورٹی کمپنی کو اپنی غیر موجودگی سے آگاہ کردیجیے۔ اس طرح وہ بھرپور اور مستعد ہوکر اپنے فرائض سرانجام دیںگے، گھر کے باہر یا گیٹ پر کوئی لائٹ لگی ہے تو اس کو جلا کر رکھیں۔ حفاظتی اقدام میں یہ سب سے اہم ہے۔ یا آپ اپنے چوکیدار یا پڑوسیوں کو بھی بتی کھلی رکھنے کی ہدایت کر دیں۔ اگر آپ کی گاڑی گھر پر کھڑی ہے تو اس کی بیٹری کو بھی ان پلگ کر دیجیے اور گاڑی کو ڈھک دیجیے تاکہ وہ گرد و غبار اور موسمی اثرات سے محفوظ رہے۔

اگر آپ نے نہایت اطمینان سے ان تمام تدابیر پر عمل کر لیا ہے تو انشااللہ جب آپ تعطیلات سے اچھی طرح لطف اندوز ہونے کے بعد گھر لوٹیں گی تو کسی قسم کے مسائل کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں