سعد رفیق کے استعفے کے لیے پی ٹی آئی نے احتجاج کا فیصلہ کر لیا

عمران خان کی توثیق سے وفاقی وزیر ریلوے کیخلاف ملک بھرکے تمام ریلوے اسٹیشنز پر احتجاج کیاجائے گا۔


News Agencies/Umair Ali Anjum January 23, 2017
سعد رفیق ریلوے کی بجائے پاناما اور کرپشن کے وزیر بن جائیں، تحریک انصاف۔ فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف نے وفاقی وزیرریلوے خواجہ سعدرفیق کے استعفے کیلیے احتجاج کافیصلہ کرلیا ہے۔

پی ٹی آئی آئندہ ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس سے قبل حکمران مسلم لیگ کے سینئر رہنما اور وفاقی وزیرریلوے خواجہ سعدرفیق کیخلاف قراردادجمع کروائے گی اوراگراس پر عملدرآمدنہ کیا گیا تو پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان کی توثیق سے وفاقی وزیر ریلوے کیخلاف ملک بھرکے تمام ریلوے اسٹیشنز پر احتجاج کیاجائے گا۔

ادھر پی ٹی آئی کے ذرائع کے مطابق پارٹی کی کورکمیٹی نے طویل مشاورت کے بعد فیصلہ کیاہے کہ گزشتہ اور رواں سال کراچی، لودھراں اورگزشتہ روزگوجرہ میں پیش آنیوالا حادثہ محکمہ ریلوے کی غفلت ہے۔ پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق وفاقی وزیرریلوے خواجہ سعدرفیق کی کارکردگی کے حوالے سے حکمران مسلم لیگ کی وفاقی حکومت کو متعدد مرتبہ شکایات کی ہیں تاہم اب تک وہ اپنے عہدے پرفائز ہیں۔

دوسری جانب ذرائع نے بتایاکہ تحریک انصاف نے حتمی طور پر اب اس بات کا فیصلہ کیا ہے کہ محکمہ ریلوے پاکستان کااہم ترین ادارہ ہے تاہم اس کوبچانے کیلیے وزیر اعظم نوازشریف سے ہر فورم پرمطالبہ کیا جائے گا کہ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعدرفیق کو فوری طورپر وزارت سے برطرف کرکے کسی ایسے شخص کو عہدہ سونپا جائے جومحکمہ ریلوے کے حوالے سے تجربہ رکھتا ہو۔

علاوہ ازیں تحریک انصاف نے گوجرہ واقعے پر وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی برطرفی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حادثے کے بعد خواجہ سعد رفیق کا منصب پر رہنے کا کوئی جواز نہیں بنتا، سعد رفیق ریلوے کی بجائے پاناما اور کرپشن کے وزیر بن جائیں۔

واضح رہے کہ اتوار کوتحریک انصاف کے ترجمان نعیم الحق نے گوجرہ ٹرین حادثے پرگہرے دکھ اورافسوس کا اظہار کرتے ہوئے رد عمل دیا تھا کہ ریلوے ٹریک کے ارد گرد آبادیاں غیر محفوظ ہو کر رہ گئی ہیں، جہاں سے ٹرین گزرتی ہے وہاں قبرستان آباد ہورہے ہیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں