ترک اسکولوں کے ملازمین کا پاکستان چھوڑنے سے انکار

350 ملازمین نے حکم ماننے سے انکارکردیا۔


سہیل چوہدری January 30, 2017
وزارت داخلہ کی جانب سے معاملہ وزیراعظم نوازشریف کے سامنے پیش کرنے کا فیصلہ۔ فوٹو: فائل

لاہور: فتح اللہ گولن کی پاک ترک اسکولز آرگنائزیشن کے ملازمین نے ترکی واپس جانے سے انکار کردیا ہے، ملازمین نے سیاسی پناہ کے لیے یواین ایچ سی آرسے رابطہ کرلیا ہے۔

یواین ایچ سی آرکی طرف سے 350 ملازمین اوران کے اہلخانہ کوپناہ کیلیے وضع کردہ فارم بھی فراہم کردیے گئے ہیں جبکہ وزارت داخلہ نے معاملہ وزیراعظم کی سطح پراٹھانے کا فیصلہ کیاہے اوراس کیلیے جلد وزارت خارجہ سے رابطہ کیا جائے گا تاکہ اس تمام صورتحال سے نمٹنے کیلیے لائحہ عمل بنایا جاسکے۔

یاد رہے کہ حکومت نے نومبرمیں ترک صدرطیب اردوان کے دورہ سے قبل ویزوں کی مدت پوری ہونے پر 3 روز میں ملازمین کوملک چھوڑنے کے احکام جاری کیے تھے جس میں سے اب تک صرف 40ملازمین اوران کے اہلخانہ واپس روانہ ہوئے ہیں جبکہ350 افراد نے واپس جانے کے لیے ملک چھوڑنے سے متعلق احکام پر عملدرآمد کرنے سے انکارکردیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ نے پاک ترک اسکولز آرگنائزیشن کے ملازمین کی طرف سے حکم عدولی کاسخت نوٹس لیتے ہوئے معاملہ کواعلیٰ سطح پراٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پہلے مرحلہ میں سیکریٹری داخلہ صورتحال کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے سیکریٹری خارجہ سے ملاقات کریں گے اور تمام ترصورتحال کا جائزہ لینے کے بعدایک مشترکہ لائحہ عمل تشکیل دیں گے جس کے بعد معاملہ وزیراعظم کے نوٹس میں لایا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے وزیراعظم کی طرف سے احکامات ملنے کے بعد ملازمین کے بارے میں مزید کارروائی کی لائی جائے گی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں