سائرہ شہروز کی پہلی فلم”چلے تھے ساتھ“ 21 اپریل کو ریلیز ہوگی

یہ نہ صرف رومانوی مزاح فلم ہے بلکہ اس میں ڈرامہ بھی ہے، ہدایتکار عمر عادل


نمرہ ملک February 15, 2017
یہ نہ صرف رومانوی مزاح فلم ہے بلکہ اس میں ڈرامہ بھی ہے، ہدایتکار عمر عادل، فوٹو؛ فلم پوسٹر

خوبرو اداکارہ سائرہ شہروز کی فلم "چلے تھے ساتھ" کی ریلیز کا اعلان کردیا گیا جو 21 اپریل کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔

فلم ''چلے تھے ساتھ'' کی دیگرکاسٹ میں ژالے سرحدی، منشا پاشا، اسامہ طاہر، فارس خالد، شمیم ہلالی، شیرباز کلیم اور بین الاقوامی اداکار وفلم ساز کینٹ ایس لیونگ شامل ہیں۔ اس فلم کی ہدایات عمر عادل نے دی ہیں اور فلم کے پروڈیوسرز بینش عمر اور ایگزیکٹو پروڈیوسر شیخ شیراز مبشر ہیں۔

ہدایت کارعمر عادل نے ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہ نہ صرف رومانوی مزاح فلم ہے بلکہ اس میں ڈرامہ بھی ہے، فلم میں زندگی کے تمام پہلوﺅں کو اجاگر کیا ہے، ہم نے فلم کو حقیقت سے قریب رکھنے کی کوشش کی ہے، فلم بینوں کو اس میں رشتوں کی مٹھاس اور کڑواہٹ دونوں کا عکس نظر آئے گا۔ فلم کی ریلیز سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ فلم کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان سوچ سمجھ کر کیا ہے، ہماری فلم میں شمالی علاقہ جات کے خوبصورت مناظر فلم کی کہانی کا حصہ ہیں اور بہار وہاں کا خاص موسم ہوتا ہے کیونکہ اس موسم میں وہاں کی خوبصورتی بے حد نکھری ہوتی ہے، فلم نہ صرف تفریح کا سامان سمیٹے ہوئے بلکہ یہ فلم یقیناً لوگوں کو حسین سفر کے لیے بھی چاہت پیدا کرے گی۔

فلم کا ٹیسر گزشتہ سال کے اواخر میں ریلیز کیا گیا تھا اور فلم کا ٹریلر اب تک ریلیز نہیں کیا گیا۔ اس سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ٹیسر اور ٹریلر کے فرق کوابھی تک پوری طرح نہیں سمجھا گیا، ہم نے کوشش کی کہ ٹیسر کے معنی اور تعریف پر پورے اتریں اور اسے فلم کی بطور پہلی جھلک کے طور پر ہی لیں، فلم کے ٹریلر میں تاخیر کی دو وجوہات ہیں ایک تو لوگوں میں تجسس برقرار رہتا ہے اور فلم میں ہمارے پارٹنرز کے ساتھ گفت و شنید چل رہی تھی یہ بھی فلم کے ٹریلر میں تاخیر کی ایک وجہ ہے، فلم کا ٹریلر رواں ماہ کے آخر میں ریلیز کریں گے جس کے ساتھ ہم فلم کی تشہیری مہم کا آغاز کردیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں