پاکستان کی غیریقینی شکست جواریوں کے کروڑوں ڈوب گئے

بکیوں کی چاندی ہوگئی، تیسرے ون ڈے میچ کے آغاز پر دونوں ٹیموںکا ریٹ برابر تھا.


Staff Reporter January 07, 2013
عمر اکمل کے آئوٹ اور محمد حفیظ کا اوپن نہ کرنا مشکوک ہے، جواریوں کا دعویٰ۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD: تیسرے ایک روزہ انٹرنیشنل میچ میں بھارت کے ہاتھوں پاکستان کی غیریقینی شکست نے جواریوں کے کروڑوں روپے ڈبو دیے، بکیوں کی چاندی ہوگئی۔

پاکستان ٹیم نے متعدد مواقع پر انتہائی بری کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ایسا لگتا تھا کہ پاکستان میچ میں جیتنے کا خواہشمند ہی نہیں تھا اتوار کو پاکستان اور بھارت کے مابین ہونے والی کرکٹ سیریز کے تیسرے اور آخری ون ڈے انٹرنیشنل میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی انتہائی غیریقینی شکست نے سٹے بازوں کے کروڑوں روپے ڈبو دیے، میچ کے آغاز پر دونوں ٹیموںکا ریٹ برابر یعنی 95 پیسے تھا یعنی اگر کوئی جواری پاکستان یا بھارت کسی ایک کی جیت پر ایک سو روپے لگاتا تو اسے اپنی ٹیم کی جیت کی صورت میں 95 روپے ملتے۔

میچ کا آغاز ہوا تو پہلے 15 رنز تک بھارت کی وکٹ نہیں گری تو بھارت فیورٹ ہوگیا اور بھارت کا ریٹ 70 پیسے ہوگیا، پہلی اننگز کے اختتام پر پاکستان ہاٹ فیورٹ بن گیا اور پاکستان کا ریٹ 5 پیسے رہ گیا تاہم اس کے بعد پاکستان ٹیم ایک معمولی ہدف کے تعاقب میں ڈھیر ہوگئی، ذرائع کے مطابق پاکستان ٹیم کی یقینی فتح پر پاکستانی پنٹروں (جواریوں) نے دل کھول کر کروڑوں روپے جوئے میں لگائے لیکن ٹیم کی غیرمتوقع کارکردگی نے ہزاروں پنٹروں کو ڈوبنے پر مجبور کردیا۔



پاکستان کی شکست پر 10 لاکھ روپے ہارنے والے ایک شخص نے ایکسپریس کو بتایا کہ متعدد مواقع پر پاکستانی ٹیم کی کارکردگی اور میچ کی حکمت عملی واضح طور پر منفی تھی، خاص طور پر عمر اکمل کا اسٹمپ آئوٹ بظاہر پہلے سے طے شدہ لگتا تھا، انھوں نے کہا کہ محمد حفیظ جب بیٹنگ کیلیے آئے تو کسی بھی طرح وہ انجرڈ نہیں لگ رہے تھے تو پھر آخر کیا وجہ تھی کہ انھوں نے اوپننگ نہیں کی، انھوں نے کہا کہ پاکستان کے میچ ہارنے سے صرف بڑے بکیوں کا فائدہ ہوا جبکہ ہزاروں پنٹر اور چھوٹے بکی ڈوب گئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں