بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ نے ہٹ دھرمی ترک کردی

پی ایس ایل فائنل میں شرکت کیلیے انعم الحق کو این اوسی جاری کر دیا گیا


Sports Desk March 04, 2017
قومی ٹیم سے نظر انداز اوپنر لاہور میں میگا ایونٹ کا حصہ بننے کے لیے پُرجوش۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

GILGIT: بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ نے ہٹ دھرمی ترک کردی، پی ایس ایل فائنل میں شرکت کیلیے انعم الحق کو این اوسی جاری کردیا گیا۔

شکیب الحسن، تمیم اقبال اور محموداللہ پاکستان سپر لیگ ٹو کے دوران ایکشن میں نظر آئے، بعد ازاں قومی ذمہ داریوں کی وجہ سے انھیں ایونٹ ادھورا چھوڑ کر جانا پڑا، دوسری طرف غیر ملکی کرکٹرز کی اکثریت نے لاہور میں فائنل کھیلنے سے انکار کردیا۔ اس صورتحال میں متبادل کھلاڑیوں کا انتخاب کرنے کیلیے فکر مند پی ایس ایل مینجمنٹ نے جو فہرست مرتب کی ان میں انعم الحق کا نام بھی شامل تھا، بنگلہ دیش کی قومی ٹیم سے نظر انداز اوپنر نے این او سی کیلیے اپنے بورڈ سے درخواست کی لیکن فیصلے میں تاخیر ہورہی تھی۔

واضح رہے کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے کچھ برسوں سے پاکستان سے تعلقات اچھے نہیں ہیں، ایسے میں یہی سمجھا جا رہا تھا کہ شاید انعم کو اجازت نہیں ملے گی۔

دوسری جانب بی سی بی کے چیف ایگزیکٹو نظام الدین چوہدری کا کہنا تھا کہ کلیئرنس دینے سے قبل اس بات پر غور کریں گے کہ کیا دیگر انٹرنیشنل کرکٹرز بھی پاکستان آرہے ہیں، جمعے کو بالآخر انعم الحق کو اجازت نامہ جاری ہوگیا جس کے بعد اوپنر کا کہنا ہے کہ لاہور میں فائنل کیلیے این او سی ملنے پر بہت خوش اور پُرجوش ہوں، انھیں دوسرے ایڈیشن میں شرکت کرنے والے چوتھے بنگلہ دیشی کرکٹرکا اعزاز حاصل ہورہا ہے۔

یاد رہے کہ انعم الحق نے 13ٹوئنٹی 20میچز میں ملک کی نمائندگی کا اعزاز پایا، انھوں نے اپنا آخری میچ نومبر 2015میں زمبابوے کیخلاف کھیلا تھا۔ 24سالہ بیٹسمین 3ٹیسٹ اور 30ون ڈے انٹرنیشنل میں بھی حصہ لے چکے ہیں۔ انعم کے ساتھ بنگلہ دیشی بورڈ آفیشلز بھی پاکستان جائیں گے، انھیں آئی سی سی نے سیکیورٹی کا جائزہ لینے والے اپنے وفد کا حصہ بنایا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں