فائنل کھیلنے سے زیادہ پاکستان میں ہونے کی خوشی ہے کامران اکمل

کانٹے کا فائنل ہوگا، زرتاج، عالیہ رشید، عمر سیف، دعا کنول ودیگر، ٹودی پوائنٹ میں گفتگو


Monitoring Desk March 05, 2017
بہترین سیکیورٹی ہوگی، مئیر لاہور، ایکسپریس نیوز نے شاندار کام کیا، گلوکار جواد احمد۔ فوٹو: نیٹ

لاہور: قومی کرکٹ ٹیم اور پشاور زلمی کے معروف کھلاڑی کامران اکمل نے کہا ہے اس بات پر خوش ہیں کہ ہم فائنل کھیل رہے ہیں تاہم اس سے زیادہ خوشی اس بات کی ہے کہ فائنل پاکستان میں ہو رہا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے پروگرام ٹودی پوائنٹ میں میزبان منصورعلی خان سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سے دنیا کو اچھا پیغام جائیگا کہ یہاں کرکٹ ہو سکتی ہے، شاہد آفریدی کی بہت کمی محسوس ہوگی، کوشش کریں گے ایسی کارکردگی دکھائیں کہ ان کی کمی محسوس نہ ہو، کچھ کہا نہیں جا سکتا کون سی ٹیم جیتے گی، دونوں ٹیمیں اچھی ہیں، کوشش ہے اچھا مقابلہ ہو، لوگ آئیں اور انجوائے کریں۔

میئر لاہور (ر) کرنل مبشرجاوید نے کہا پاکستان میں بالعموم اور لاہور میں بالخصوص انٹیلی جنس اورسیکیورٹی بہت اعلیٰ ہے، دہشت گردوں کاکوئی مذہب نہ ایمان، یہ مسلمان ہیں نہ ہی انسان، سوفٹ ٹارگٹ ڈھونڈتے اور معصوم لوگوں کو قتل کرتے ہیں۔ کرکٹ ایونٹ بہترین طریقے سے مکمل ہوگا اورنوجوان خوشیاں مناتے گھروں کو جائیں گے، غیب کاعلم صرف اللہ کے پاس ہے، ہم نے دنیاوی اورانسانی طور پر ہر ممکن اقدامات کیے ہیں، آگے جو میرے اللہ کو منظور۔

گلوکار وموسیقار اور سماجی کارکن جواد احمد نے کہاکہ پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں ہونا پاکستان اور پاکستان کرکٹ کی جیت ہے، کوئی ڈر خوف نہیں۔ انھوں نے ایکسپریس نیوزکی تعریف کی کہ آپ نے بہت دلیرانہ کام کیا، لبرٹی میں اتنے لوگوں کے درمیان بیٹھے ہیں۔

ادھر تحریک انصاف کی رہنما زرتاج نے کہا میں بہت فخر محسوس کر رہی ہوں کہ اتنے لوگ آئے ہیں، عمران خان نے کہا تھاپورا پی ایس ایل پاکستان میں کراتے تو اچھا تھا، وہ لیجنڈ ہیں اور انہوں نے کسی وجہ سے اپنے تحفظات کا اظہار کیا تھا۔

ٹیرو کارڈ ریڈر عالیہ رشید نے کہا میرے حساب سے میچ بہت کانٹے دار ہو گا تاہم جیت پشاور زلمی کی ہوگی۔ سیمی اورحیفظ کھیل کا پانسہ پلٹ سکتے ہیں، کامران اکمل تیس سے زیادہ رنز بنائیں گے، امکانات ہیں کہ سرفراز دھوکہ دے گا۔

دوسری جانب سربراہ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ ڈاکٹر عمر سیف نے سیکیورٹی کنٹرول روم کے حوالے سے بتایا کہ اس کے دو اہم پہلو ہیں ایک تو یہ سیف سٹی پراجیکٹ ہے، پولیس کی تمام تر ڈیجیٹل تفتیش، نگرانی اور ریکارڈ رکھنے کاعمل ایک جگہ اکٹھاکیاجارہا ہے۔ ترقی یافتہ ممالک میں پولیس سامنے نہیں پس پردہ ہوتی ہے، ہمیں بھی ایسا کرنا ہے، لاہور میںآٹھ ہزار کیمرے لگ رہے ہیں۔ ڈائریکٹر سیف سٹی اتھارٹی اکبر ناصر نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے ہمیں تھانہ کلچر ختم کرنے کا ٹارگٹ دیا ہے۔

علاوہ ازیں ایکسپریس نیوزکی اینکر دعا کنول نے کہا میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو سپورٹ کرتی ہوں، یقین ہے سرفراز دھوکہ نہیں دے گا۔ جمیل سکھیرا نے کہا کہ لوگوں نے پاکستان کے ایک بہت بڑے پرچم کیساتھ مارچ کرکے پیغام دیا ہے کہ ہمیں کرکٹ اور پاکستان میں امن سے پیار ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں