خوراک کی عالمی قیمتیں 2012 میں7 فیصد گر گئیں

نمایاں کمی چینی کے نرخ میں17.1 فیصد ہوئی، ڈیری پراڈکٹس 14.5، کھانے کا تیل 10.7، سیریلز2.4 اورگوشت1.1 فیصد سستا


Business Desk January 11, 2013
گزشتہ ماہ فوڈ پرائسز 1.1 فیصد نیچے، گندم، چاول ومکئی 2.3، ڈیری کے دام 0.9 فیصد کم، چینی وگوشت نرخ میں معمولی ردوبدل۔ فوٹو : فائل

اشیائے خوراک کی عالمی قیمتیں دسمبرمیں 1.1 فیصد اور سال 2012 میں مجموعی طور پر 7 فیصد گرگئیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ 3 ماہ سے اشیائے خوراک کی عالمی قیمتوں میں کمی کا رجحان برقرار ہے۔ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے خوراک وزراعت (ایف اے او) سے جاری رپورٹ کے مطابق دسمبر میں ایف اے او انڈیکس کی اوسط 209 پوائنٹس رہی، گزشتہ ماہ خوراک سستی ہونے کی وجہ بڑے سیریلز اور تیل کی قیمتوں میں کمی ہے۔

جبکہ 2012 میں انڈیکس کی اوسط 212 رہی جو 2011 کی سطح سے 7 فیصد کم ہے، گزشتہ سال سب سے زیادہ کمی چینی کی قیمتوں میں 17.1 فیصد، ڈیری مصنوعات کے نرخ میں 14.5 فیصد اور کھانے کے تیل کی قیمت میں 10.7 فیصد ہوئی جبکہ چاول، گندم، مکئی سمیت دیگر سیریلز کے نرخ 2.4 فیصد اور گوشت کی قیمتیں 1.1 فیصد نیچے آئیں۔ ایف اے او کے اسٹیٹ ڈائریکٹر جنرل اور انچارج محکمہ اقتصادی وسماجی ترقیات جومو سندارام نے کہا کہ صورتحال جولائی 2012 کے بالکل برعکس ہوچکی ہے۔

اس وقت نرخ میں اضافے سے خوراک کے نئے بحران کا خدشہ تھا تاہم بین الاقوامی سطح پر تعاون اور عالمی معاشی سست روی کے باعث طلب میں کمی کی وجہ سے قیمتوں میں اضافہ عارضی ثابت ہوا اور گزشتہ سال قیمتیں 2011 کی سطح سے بھی نیچے آگئیں۔ ایف اے او کے مطابق سیریل پرائس انڈیکس کی سطح دسمبر میں 250 پوائنٹس رہی جو نومبر سے 2.3 فیصد کم ہے، گزشتہ ماہ مکئی کی قیمتوں میں تیزی سے کمی آئی، چاول بھی سستا ہوا۔

تاہم گندم کی قیمتوں میں معمولی ردوبدل ہوا، اس دوران آئلز پرائس انڈیکس 197 پوائنٹس پر آگیا جو نومبر سے 1.9فیصد کم ہے جبکہ میٹ پرائس انڈیکس 176 پوائنٹس پر رہا جو کم وبیش نومبر کی سطح کے برابر ہے تاہم ڈیڑی پرائس انڈیکس گزشتہ ماہ نومبر سے 0.9 فیصد کے اضافے سے 197 پوائنٹس پر آگیا، شوگرپرائس انڈیکس کی سطح 274 پوائنٹس رہی جو نومبر سے معمولی کم ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں